انٹربینک مارکیٹ میں بدھ کو ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 278. 96 روپے پر بند ہوا۔ یاد رہے کہ منگل کو مقامی کرنسی 278. 97 روپے پر بند ہوئی تھی۔ مزید برآں بدھ کو امریکی ڈالر چھ ہفتوں کی کم ترین سطح کے قریب رہا اور اس نے ان تمام فوائد کو کھو دیا جو اسے مشرقِ وسطیٰ کی جنگ شروع ہونے کے بعد حاصل ہوئے تھے۔ یورو کی قیمت 1. 1793 ڈالر رہی جو 2 مارچ کے بعد سے اس کی بلند ترین سطح کے قریب ہے۔ برطانوی پاؤنڈ کی قدر 1. 3574 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ ڈالر انڈیکس، جو چھ بڑی عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی قدر کی پیمائش کرتا ہے، 98. 109 پر رہا، جو چھ ہفتوں سے زائد عرصے میں اس کی کم ترین سطح کے قریب ہے۔ دریں اثنا، بدھ کو تیل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے دن کمی دیکھی گئی جس کی وجہ امریکہ اور ایران کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی کی توقعات ہیں۔ برینٹ کروڈ کے سودے 16 سینٹس یا 0. 2 فیصد کی کمی کے ساتھ 94. 63 ڈالر فی بیرل پر آگئے جبکہ گزشتہ سیشن کے دوران اس کی قیمت میں 4. 6 فیصد کی بڑی گراوٹ دیکھی گئی تھی۔ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 70 سینٹس یا 0. 8 فیصد کمی کے ساتھ 90. 58 ڈالر پر آگئی۔ گزشتہ سیشن میں اس کے سودوں میں 7. 9 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ جنگ کی وجہ سے آبنائے ہرمز تقریباً بند ہوچکا ہے جو خلیجی ممالک سے عالمی خریداروں، خاص طور پر ایشیا اور یورپ کو خام تیل اور ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کے لیے ایک انتہائی اہم آبی گزرگاہ ہے۔
ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں مزید اضافہ
RELATED ARTICLES



