67.6 F
Pakistan
Friday, May 8, 2026
HomeSportsڈیوڈ وارنر کا نشے میں ڈرائیونگ کا اعتراف، کیا آئندہ سماعت پر...

ڈیوڈ وارنر کا نشے میں ڈرائیونگ کا اعتراف، کیا آئندہ سماعت پر جرم قبول کریں گے؟

آسٹریلیا کے سابق اسٹار کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرنے کے کیس میں اعتراف کیا ہے کہ نشے میں ڈرائیونگ کرنا غیر ذمہ دارانہ اور احمقانہ فیصلہ تھا جب کہ ان کے وکیل نے عندیہ دیا ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر جرم قبول کر سکتے ہیں۔ پولیس کے مطابق 39 سالہ ڈیوڈ وارنر کو 5 اپریل کو سڈنی کے مشرقی علاقے میں روکا گیا جہاں ابتدائی ٹیسٹ کے بعد انہیں مزید جانچ کے لیے ماروبرا پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ وہاں کیے گئے دوسرے بریتھ اینالائزر ٹیسٹ میں ان کا الکوحل لیول 0. 104 ریکارڈ کیا گیا، جو قانونی حد سے دوگنا سے بھی زیادہ تھا۔ ڈیوڈ وارنر کے وکیل بوبی ہل نے ویورلے لوکل کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹر نے ایسٹر کے روز دوستوں کے ساتھ شراب نوشی کے بعد گاڑی چلا کر ’احمقانہ‘ اور ’غیر ذمہ دارانہ‘ فیصلہ کیا، ان کے مؤکل جانتے ہیں کہ انہوں نے غلط کیا۔ وکیل نے عندیہ دیا ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر جرم قبول کر سکتے ہیں۔ وکیل کے مطابق ڈیوڈ وارنر کو دوست کے اپارٹمنٹ میں تین گلاس وائن پینے کے بعد گاڑی چلانے کے بجائے ٹیکسی یا اوبر استعمال کرنی چاہیے تھی۔ وکیل نے بتایا کہ وارنر کا آخری ڈرنک پولیس کی جانب سے روکے جانے سے صرف 11 منٹ قبل تھا جب کہ دوسرے ٹیسٹ میں تقریباً 52 منٹ کی تاخیر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوڈ وارنر اپنے عمل پر نادم ہیں اور عدالت سے نرمی کی درخواست کریں گے تاہم وہ بھی نیو ساؤتھ ویلز کے کسی عام شہری کی طرح قانون کے مطابق سزا کا سامنا کریں گے۔ کیس کی پہلی سماعت جمعرات کو ہوئی جہاں وارنر کو عدالت میں پیش ہونے کی ضرورت نہیں پڑی اور معاملہ مختصر کارروائی کے بعد 24 جون تک ملتوی کر دیا گیا۔ دوسری جانب کرکٹ نیو ساؤتھ ویلز کے چیف ایگزیکٹو لی جرمون نے کہا کہ الزامات تشویشناک ہیں اور ادارہ محفوظ ڈرائیونگ کا حامی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شراب پی کر گاڑی چلانے کو سنجیدگی سے لیا جاتا ہے۔ آسٹریلوی پولیس کے مطابق وارنر پر مڈ رینج ڈرنک ڈرائیونگ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ ڈیوڈ وارنر کی سڈنی تھنڈر کی قیادت پر بھی سوالات کھڑے کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ ڈیوڈ وارنر حال ہی میں پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کی قیادت کر کے آسٹریلیا واپس گئے تھے۔ بعد ازاں وہ دوبارہ پاکستان آئے اور ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 51. 2 کی اوسط سے رنز اسکور کیے۔ ڈیوڈ وارنر 2024 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوئے تھے، وہ اس سے قبل 2018 کے جنوبی افریقا بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے باعث بھی خبروں میں رہے تھے، جس پر انہیں ایک سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Read full story on Aaj

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments