اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے کے مبینہ معاملے میں رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں درج کیا گیا ہے، جو اداکارہ کی مدعیت میں دائر کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزم ثاقب چدھڑ، ان کی اہلیہ سمیرا خان اور دیگر ساتھیوں پر سائبر ہراسانی، بلیک میلنگ اور غیر قانونی نگرانی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان پر الزام ہے کہ وہ مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر اداکارہ کی نگرانی کرتے رہے اور انہیں اور ان کے اہل خانہ کو دھمکیاں بھی دی گئیں۔ مقدمے میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا کہ ثاقب چدھڑ کی پہلی شادی سے متعلق معلومات سامنے آنے پر مومنہ اقبال نے شادی سے انکار کیا، جس کے بعد مبینہ طور پر انہیں پرائیویٹ ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق 2023 میں بھی ملزم کی جانب سے مبینہ طور پر جھوٹے الزامات لگا کر اداکارہ کا رشتہ ختم کروانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ پولیس اور متعلقہ اداروں کی جانب سے مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ فریقین کی جانب سے اس حوالے سے مزید مؤقف سامنے آنا باقی ہے۔ خیال رہے کہ اداکارہ مومنہ اقبال حال ہی میں حمزہ حبیب کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں جس کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔



