69.7 F
Pakistan
Saturday, October 3, 2026
HomePoliticsعباس عراقچی نے پابندیوں میں نرمی کے بدلے ایرانی ایٹمی تنصیبات کے...

عباس عراقچی نے پابندیوں میں نرمی کے بدلے ایرانی ایٹمی تنصیبات کے معائنے کی تجویز دی: امریکی میڈیا کا دعویٰ

ایران نے جوہری پروگرام پر جاری تعطل ختم کرنے کے لیے پابندیوں میں نرمی کے بدلے جنگ کے دوران بمباری کا نشانہ بننے والی جوہری تنصیبات کے معائنے کی پیشکش کی ہے۔ امریکی خبر رساں ادارے بلومبرگ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے نیویارک میں یورپی اور مشرق وسطیٰ کے سفارت کاروں سے ملاقاتوں کے دوران بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے انسپکٹرز کو ان تنصیبات تک رسائی دینے کی تجویز پیش کی۔ رپورٹ کے مطابق عراقچی کی یہ تجویز تہران کو درپیش معاشی دباؤ کی عکاسی کر سکتی ہے، تاہم ملاقاتوں کے دوران ایرانی وزیر خارجہ نے ملک کی معاشی صورتحال سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم نہیں کیں۔ بلومبرگ کے مطابق مجوزہ پیشکش کا مقصد امریکا اور ایران کے درمیان تعطل کا شکار مذاکرات میں پیش رفت کی راہ ہموار کرنا بھی ہو سکتا ہے۔ تاہم ایران نے اس رپورٹ کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراقچی نے جوہری معائنے بحال کرنے کے معاملے پر ایسی پیشکش نہیں کی۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مستقبل میں ایران کے ساتھ کسی بھی ممکنہ معاہدے پر عمل درآمد کے حوالے سے شکوک کا اظہار کیا ہے۔ ٹرمپ نے ایرانی قیادت پر زور دیا کہ وہ آئندہ فیصلوں میں محتاط رویہ اختیار کرے۔ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی بحریہ نے آبنائے میں ناکہ بندی کر رکھی ہے اور ایران کئی ماہ سے وہاں سے کوئی جہاز نہیں گزار سکا۔ امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ جنگ کا اختتام کسی نہ کسی مرحلے پر ہوگا اور اس کے بعد ایرانی قیادت کو مناسب اور دانش مندانہ اقدام کرنا ہوگا۔ اُدھر خطے میں جاری کشیدگی کے دوران امریکا کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں مزید فوجی وسائل بھیجنے کی اطلاعات ہیں۔ وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق امریکا ایک اضافی طیارہ بردار بحری جہاز اور مزید 9 ہزار سے 10 ہزار فوجی خطے میں بھیج رہا ہے، جن کی آمد نومبر کے آخر تک متوقع ہے۔ بلومبرگ کے مطابق ٹرمپ نے نومبر میں ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران کے خلاف فوجی کارروائی میں اضافے کے امکان کا بھی ذکر کیا ہے۔ یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان آبنائے ہرمز کھولنے، پابندیوں اور جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات میں اختلافات برقرار ہیں۔ ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے سے متعلق بعض شرائط پیش کی ہیں، جبکہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ان شرائط کو قبول نہیں کیا گیا۔

Read full story on Aaj

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments