58 F
Pakistan
Wednesday, November 11, 2026
HomeBreaking Newsایک غلط فیصلہ، کاروبار تباہ، عوام پریشان!

ایک غلط فیصلہ، کاروبار تباہ، عوام پریشان!

نومبر شادیوں کا مہینہ ہے۔ اس لیے شاپنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ایسے میں ایک شخص ہے جو چھ بجے دفتر سے نکل کر بھاری ٹریفک سے گزرنے کے بعد گھر پہنچتاہے اور بیوی بچوں کو ساتھ لے کر شاپنگ کے لیے نکلتا ہے۔ لاہور کی کسی مارکیٹ میں رات کے پونے نو بجے اس شخص کی موٹر سائیکل جوتوں کی دکان کے سامنے رکتی ہے۔ سیلز مین مسکرا کر استقبال کرتا ہے، مگر اس کی نظر بار بار گھڑی پر جاتی ہے۔ابھی کچھ خرید بھی نہیں پاتے کہ نو بج جاتے ہیں۔ شٹر گرتا ہے، خاندان خالی ہاتھ لوٹتا ہے۔ خاندان بھی پریشان کہ ضروری شاپنگ نہیں کرسکا جبکہ سیلز مین اورمینیجر بھی سوچتا ہے کہ آج پھر سیلز کم ہوئیں۔ کہنے کو یہ ایک کہانی ہے لیکن دراصل یہ حقائق سے بہت قریب ہے۔ یہ پریشانی ایک عام کسٹمر سے شروع ہوکر، سیلز سٹاف اور بالاآخر مالکان تک پہنچتی ہے۔ اس کے حوالے سے اب اعدادوشمار اور تحقیق بھی سامنے آگئی ہے۔ایف پی سی سی آئی کے لاہور ریجنل دفتر میں عالمی ریسرچ ادارے اِپسوس (Ipsos) نے جو تحقیق پیش کی، اس نے اس منظر کو اعداد میں ڈھال دیا۔ یہ تحقیق کوئی سرسری سروے نہیں تھی۔ چاروں صوبوں اور اسلام آباد کے ایک ہزار چھیالیس صارفین، دس شہروں کی ترپن مارکیٹوں اور مالز کے تین سو دکانداروں، اور چیمبرز، برانڈز اور سرکاری افسران سمیت پچیس ماہرین سے بات کی گئی، جبکہ پندرہ ممالک کے قوانین کو بھی مدنظر رکھا گیا۔اس سٹڈی کا بغور جائزہ لیں تو نظر آتا ہے کہ سب سے پہلے دکانوں کے اوقات کم ہوئے، پھر گاہکوں کی آمد کم ہوئی اور اس کے ساتھ سیلزبھی متاثر ہونے لگیں۔ مثلاً پہلے دکانیں روزانہ اوسطاً 11. 2 گھنٹے کھلی رہتی تھیں، اب یہ وقت کم ہو کر 9. 6 گھنٹے رہ گیا ہے۔ سروے کے مطابق سب سے زیادہ تشویش کی بات یہ ہے کہ پہلے ایک دکان پر روزانہ اوسطاً 86 ٹرانزیکشنز ہوتی تھیں،اب یہ کم ہوکر 50 رہ گئی ہیں۔ مسئلہ صرف گاہکوں کے کم آنے کا نہیں، بلکہ جو گاہک آ رہے ہیں، وہ بھی پہلے کے مقابلے میں کم خریداری کر رہے ہیں۔ پہلے 62 فیصد دکاندار کہتے تھے کہ ان کی روزانہ کی سیلزاچھی رہتی ہے، اب یہ تعداد صرف 19 فیصد رہ گئی ہے۔ منافع کی صورت حال بھی خراب ہوئی ہے۔ پہلے 67 فیصد دکاندار اچھے منافع کی بات کرتے تھے، اب یہ تعداد کم ہو کر 26 فیصد رہ گئی ہے۔ اب ذرا دوسری طرف بھی دیکھیے۔ کاروبار کے اوقات کم ہونے کے باوجود صرف 41 فیصد دکانداروں نے بتایا کہ ان کے بجلی اور دوسرے یوٹیلیٹی بلوں میں کمی آئی ہے۔ یعنی دکانیں جلد بند کرنے کا نقصان تو کاروبار کو اٹھانا پڑ رہا ہے، لیکن بجلی کے بلوں میں اس کے مطابق کمی نہیں ہو رہی۔ یہی وہ بات ہے جس پر حکومت کو سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔ حکومتی فیصلے کے بعد 73 فیصد ریٹیلرز نے دکانیں صبح پہلے کھولنا شروع کر دی ہیں، 34 فیصد نے آن لائن کاروبار شروع کیا ہے یا پہلے سے موجود کاروبار کو بڑھانے کی کوشش کی ہے، جبکہ 12 فیصد دکانداروں کو اپنے ملازمین کم کرنا پڑے ہیں۔ یہ سب اس بات کا ثبوت ہے کہ کاروباری لوگ ان پابندیوں کے ساتھ چلنے کے لیے اپنے طور پر راستے نکال رہے ہیں، لیکن پھر بھی اس کی قیمت بھی انہیں ادا کرنا پڑ رہی ہے۔اس پالیسی کا اثر صرف دکان داروں تک محدود نہیں رہا۔ عام خریدار بھی اس سے متاثر ہوئے ہیں۔ ہمارے ہاں بازار جانا صرف سودا سلف یا کپڑے جوتے خریدنے کا نام نہیں، بلکہ اکثر خاندان شام کو اکٹھے نکلتے ہیں، بچوں کو ساتھ لے جاتے ہیں اور خریداری کے ساتھ کچھ وقت بھی گزار لیتے ہیں۔ لیکن اب یہ معمول بھی بدل رہا ہے۔ پہلے 62 فیصد لوگ ایسے تھے جو شاذ و نادر ہی یا کبھی اپنے خاندان کے ساتھ خریداری کے لیے نہیں جاتے تھے، اب یہ تعداد بڑھ کر 71 فیصد ہو گئی ہے۔ اسی طرح تفریح کے لیے بازار جانے والوں کی تعداد بھی کم ہوئی ہے۔ پہلے 74 فیصد لوگ شاذ و نادر ہی یا کبھی تفریح کے لیے خریداری نہیں کرتے تھے، اب یہ تعداد بڑھ کر 87 فیصد ہو گئی ہے۔تحقیق میں ایک اور اہم بات سامنے آئی ہے۔ 56 فیصد صارفین سمجھتے ہیں کہ دکانیں جلد بند کرنے سے دکانداروں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ 53 فیصد لوگوں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے بعد خریداری کرنا پہلے سے زیادہ مشکل ہو گیا ہے۔ 37 فیصد صارفین نے بتایا کہ بازاروں میں خریداری کا ان کا تجربہ پہلے سے خراب ہوا ہے، جبکہ صرف 23 فیصد ایسے ہیں جنہیں لگتا ہے کہ ان کا تجربہ بہتر ہوا ہے۔ 40 فیصد لوگوں کے مطابق ان کے تجربے میں کوئی فرق نہیں پڑا۔اب ریاست کا اپنا نقصان دیکھیے، جو اس صورتحال کا سب سے تلخ موڑ ہے۔ شاپنگ مال سے خریداری کو ترجیح دینے والے آٹھ سے چھ فیصد پر آ گئے جبکہ محلے کی دکان کو ترجیح دینے والے ستائیس سے اکتیس فیصد ہو گئے۔ یعنی کاروبار ختم نہیں ہوا، رسید والی معیشت سے بے رسید معیشت کی طرف کھسک گیا۔ مال اور چین اسٹورز وہ ہیں جن کی ہر رسید پوائنٹ آف سیل کے ذریعے سیدھی ایف بی آر کے نظام میں جاتی ہے، جو پورا سیلز ٹیکس وصول کر کے جمع کراتے ہیں اور جن کا ہر ملازم کاغذوں پر موجود ہے۔ ان کی فروخت گرتی ہے تو خزانے کی وصولی بھی ساتھ گرتی ہے۔ اسی حکومت نے چند برس پہلے تاجر دوست اسکیم کے ذریعے پینتیس لاکھ ریٹیلرز میں سے ٹیکس سے باہر بیٹھے بتیس لاکھ کو نیٹ میں لانے کی کوشش کی۔ ایپ بنی، رعایتیں دی گئیں، مہمات چلیں، مگر دس ارب روپے کے سہ ماہی ہدف کے مقابلے میں اکتوبر کے وسط تک صرف پانچ سو پچھتر تاجروں نے تیرہ لاکھ روپے سے بھی کم جمع کرائے۔ منطق کا تقاضا تھا کہ جو پہلے سے پورا ٹیکس دے رہے ہیں، انہیں سہارا دیا جاتا تاکہ دوسرے بھی دستاویزی ہونے کا فائدہ دیکھیں۔ ہوا الٹ۔ جو ٹیکس نہیں دیتے انہیں منانے کے لیے اسکیمیں بنیں، اور جو دیتے ہیں ان سے کاروبار چھینا جارہا ہے۔ اس وقت حالات یہ ہیں کہ ایک ہی ملک میں دو قانون چل رہے ہیں۔ سندھ اور خیبر پختونخوا نے سولہ مئی کو پابندی اٹھا لی، جبکہ پنجاب، اسلام آباد اور بلوچستان میں پابندی برقرار ہے۔ ایک اہم ترین اور معتبر ریسرچ پلیٹ فارم سے شواہد سامنے آنے کے بعد اب حکومت کے پاس لاعلمی کا عذر باقی نہیں رہا۔ راستہ واضح ہے۔ کم از کم دس بجے کے اوقات بحال ہوں اور تجارتی مراکز کو گیارہ بجے تک کی گنجائش ملے۔اس کیساتھ فیصلے تاجروں سے مشاورت کے ساتھ ہوں اور کم از کم ایک سال تک نہ بدلیں۔ اسی طریقے سے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان سے بچایا جاسکتا ہے۔

Read full story on Nai Baat

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments