بولی ووڈ کی چاہت بھری دوستی کی فلم ’دل چاہتا ہے‘ کو ریلیز ہوئے 25 سال مکمل ہوچکے ہیں۔ اس موقع پر فلم کی کاسٹ اور ٹیم ایک بار پھر اکٹھی ہوئی، جہاں فلم کی شوٹنگ سے جڑی کئی پرانی اور دلچسپ یادیں تازہ کی گئیں۔ اسی دوران فلم کے ہیرو عامر خان نے انکشاف کیا کہ فلم کے ایک خاص سین کی شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکار اکشے کھنہ نے انہیں ایک یا دو نہیں بلکہ 17 مرتبہ تھپڑ مارے تھے۔ فلم ’دل چاہتا ہے‘ دوستی، محبت اور رشتوں کے موضوع پر بنائی گئی تھی اور آج بھی اسے نئی نسل سمیت فلم شائقین میں خاصی مقبولیت حاصل ہے۔ فلم کی 25ویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والی گفتگو میں اس مشہور تھپڑ والے منظر کا بھی ذکر ہوا۔ اداکار سیف علی خان نے عامر خان سے سوال کیا کہ کیا فلم میں دکھایا گیا تھپڑ واقعی مارا گیا تھا؟ اس پر فلم کے ہدایت کار فرحان اختر نے جواب دیا، ”ہاں، یہ اصلی تھپڑ تھا۔“ فرحان اختر نے بتایا کہ انہوں نے عامر خان کو پہلے ہی بتا دیا تھا کہ اکشے کھنہ انہیں واقعی تھپڑ ماریں گے، جس پر عامر نے رضامندی ظاہر کردی۔ تاہم فرحان نے اکشے کو یہ ہدایت دی کہ عامر کو اس وقت تھپڑ مارنا جب وہ اپنے ڈائیلاگ بول رہے ہوں، تاکہ عامر کا چونکنے والا ردعمل کیمرے میں اصلی لگ سکے۔ فرحان کے مطابق عامر خان نے بعد میں خود بھی کہا کہ تھپڑ مارنے دیا جائے کیونکہ اس سے وہ کردار اور سین کی کیفیت میں زیادہ بہتر انداز میں داخل ہو رہے ہیں۔ عامر بار بار اس سین کو دوبارہ کرنے پر اصرار کرتے رہے۔ عامر خان نے اس بارے میں کہا، ’یہ کام کرتا ہے، آپ جانتے ہیں۔ جب آپ کسی کو حقیقت میں تھپڑ مارتے ہیں تو سین زیادہ جاندار لگتا ہے۔‘ فرحان اختر نے شوٹنگ کی حالت یاد کرتے ہوئے بتایا کہ سین مکمل ہونے تک عامر خان کا گال واقعی سوج گیا تھا اور چہرے پر تھپڑ کا پورا نشان پڑ گیا تھا لیکن اس محنت کا فائدہ یہ ہوا کہ سین بالکل اصلی اور جاندار لگا۔ اسی گفتگو میں فلم کی ایک اور اداکارہ سوچترا پلئی نے بھی اپنے ایک تھپڑ والے سین کی یاد تازہ کی۔ انہوں نے فلم میں سیف علی خان کی آن اسکرین گرل فرینڈ کا کردار ادا کیا تھا۔ سوچترا نے بتایا کہ آج بھی بعض لوگ انہیں ’دل چاہتا ہے‘ کی ”تھپڑ گرل“ کے نام سے یاد کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے بھی فلم میں سیف علی خان کو تین تھپڑ مارے تھے۔ سیف علی خان کو تھپڑ مارنے والے منظر کے بارے میں سوچترا نے بتایا کہ وہ کافی ہچکچائی تھیں۔ انہوں نے فرحان اختر سے پوچھا تھا، ”یہ سیف علی خان ہیں، میں یہ کیسے کروں؟ کیا مجھے تھیٹر کی طرح تھپڑ مارنا ہے؟“ سوچترا کے مطابق فرحان اختر نے انہیں واضح جواب دیا، ”نہیں، آگے بڑھیں اور اسے تھپڑ ماریں۔“ اس کے بعد سوچترا نے سیف علی خان کو اس منظر کے لیے تین مرتبہ تھپڑ مارا۔ سوچترا نے ایک اور دلچسپ واقعہ بھی سنایا۔ انہوں نے بتایا کہ بعد میں جب ان کی ملاقات سیف علی خان کی والدہ اور سینئر اداکارہ شرمیلا ٹیگور سے ہوئی تو انہوں نے انہیں بتایا کہ فلم میں انہوں نے ان کے بیٹے کو تھپڑ مارا تھا۔ اس پر شرمیلا ٹیگور نے مزاحیہ انداز میں کہا، ’انہیں امید ہے کہ وہ تھپڑ زور دار لگا ہوگا‘۔ یاد رہے کہ ’دل چاہتا ہے‘ فرحان اختر کی ہدایت کاری میں بننے والی پہلی فلم تھی۔ عامر خان، سیف علی خان اور اکشے کھنہ کے علاوہ فلم میں پریتی زنٹا، ایوب خان اور رجت کپور سمیت کئی اداکار شامل تھے۔ فلم نے ہندی زبان کی بہترین فیچر فلم کا نیشنل ایوارڈ بھی حاصل کیا تھا۔
‘اکشے کھنہ نے مجھے 17 تھپڑ مارے تھے’، عامر خان
RELATED ARTICLES



