اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت گرد و نواح میں رات گئے موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، جبکہ شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، راولپنڈی اور خطہ پوٹھوہار میں 5 ستمبر تک گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مسلسل اور تیز بارشوں کے باعث جڑواں شہروں کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ صرف اسلام آباد اور راولپنڈی تک محدود نہیں رہے گا۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 6 ستمبر تک جبکہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 5 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جن میں راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، اٹک، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، قصور اور اوکاڑہ شامل ہیں۔ ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ متعلقہ اداروں کو نشیبی علاقوں کی نگرانی، نالوں کی صفائی اور بارش کے پانی کی فوری نکاسی یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ پہاڑی اور سیاحتی علاقوں کا رخ کرنے والے شہریوں کو بھی موسم کی صورتحال مدنظر رکھتے ہوئے سفر کی منصوبہ بندی کرنے اور احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات گئے موسلا دھار بارش: مختلف شہروں میں بھی برسات کی پیش گوئی
RELATED ARTICLES



