سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے پاک و ہند کے کروڑوں لوگوں کے دل چھو لیے ہیں۔ ایک پاکستانی ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئیٹر اور معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر سمیل عاطف نے بولی ووڈ کے شہرہ آفاق اداکار سنجے دت کے خاندان کا وہ تاریخی اور آبائی مکان ڈھونڈ نکالا ہے، جہاں ان کا خاندان تقسیم ہند سے پہلے آباد تھا۔ یہ تاریخی حویلی ضلع جہلم کے ایک پرسکون گاؤں ’خورد‘ میں واقع ہے، جہاں سنجے دت کے والد اور برصغیر کے نامور اداکار سنیل دت (اصل نام بلراج دت) پیدا ہوئے تھے۔ سنیل دت نے اپنے بچپن کی حسین یادیں اسی گاؤں کی فضاؤں میں گزاریں، لیکن 1947 میں تقسیم ہند کے بعد ان کا خاندان پاکستان چھوڑ کر بھارت منتقل ہوگیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنی منفرد پہچان بنائی اور کئی یادگار فلموں میں اداکاری کی۔ وہ بعد میں سیاست سے بھی وابستہ رہے اور بھارتی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے۔ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ سنجے دت کی والدہ اور ہندی سنیما کی عظیم اداکارہ نرگس دت کا تعلق بھی راولپنڈی سے تھا، جس کی بنا پر سنجے دت کا دوہرا ناطہ اس دھرتی سے جڑا ہوا ہے۔ سمیل عاطف نے جب اس قدیم مکان کی ویڈیو ریکارڈ کر کے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی تو لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے سنجے دت (سنجو بابا) کو ٹیگ کرنا شروع کر دیا تاکہ وہ اس ویڈیو کے ذریعے اپنے والد کی جائے پیدائش کی ایک جھلک دیکھ سکیں۔ سمیل نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ”جہلم کے اس چھوٹے سے گاؤں میں سنیل دت کا وہ گھر موجود ہے جہاں ان کا بچپن گزرا۔ تقسیم نے ان کا وطن بدل دیا، لیکن دہائیوں بعد جب وہ یہاں واپس آئے تو انہوں نے موجودہ مالکان سے درخواست کی کہ اس گھر کو اسی حال میں قائم رکھا جائے تاکہ آنے والی نسلیں اس مشترکہ تاریخ کو یاد رکھ سکیں“۔ View this post on Instagram ویڈیو میں سنجے دت کا ایک پرانا بیان بھی شامل کیا گیا ہے جس میں وہ اپنے والد کے اپنے آبائی گھر سے گہرے جذباتی لگاؤ کا ذکر کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ”میرے والد جب بھی اداس ہوتے تھے تو کہتے تھے کہ میں اپنے گھر جانا چاہتا ہوں۔ میں ان سے کہتا کہ بابا یہ ممبئی والا گھر ہی تو آپ کا گھر ہے، تو وہ نفی میں سر ہلا کر کہتے کہ نہیں، یہ میرا گھر نہیں ہے، میرا اصل گھر تو سرحد پار جہلم میں ہے۔“ سنجے دت نے اپنی دلی تمنا کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ”میری زندگی کی بس ایک ہی خواہش ہے کہ میں کسی دن اکیلا پاکستان جاؤں، اپنے والد کے اس گاؤں کو دیکھوں اور ان کی یادوں کو محسوس کر سکوں۔ میں وہاں خاموشی سے جانا چاہتا ہوں۔“ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آنجہانی سنیل دت نے تقسیم کے کئی برس بعد اپنے آبائی گاؤں کا دورہ بھی کیا تھا اس وقت گاؤں کے بزرگوں اور موجودہ رہائشیوں نے ان کا اپنوں کی طرح استقبال کیا تھا۔ یہ وائرل ویڈیو نہ صرف سرحد کے دونوں پار جذباتی لہر دوڑا رہی ہے بلکہ یہ امید بھی دلا رہی ہے کہ شاید کسی دن سنجے دت اپنے والد کی اس ادھوری خواہش کو پورا کرنے پاکستان آ سکیں گے جبکہ بعض صارفین نے اس ویڈیو کو دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور انسانی روابط کی خوبصورت مثال قرار دیا ہے۔
سوشل میڈیا انفلوئنسر نے سنجے دت کا پاکستان میں آبائی گھر ڈھونڈ نکالا
RELATED ARTICLES



