فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں اسپین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پرتگال کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ اس شکست کے ساتھ ہی پرتگال کے مایہ ناز اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈ کپ کیریئر بھی اختتام کو پہنچ گیا۔ امریکا کے شہر آرلنگٹن میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا اور مقررہ 90 منٹ تک کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی۔ تاہم دوسرے ہاف کے انجری ٹائم کے پہلے ہی منٹ میں متبادل کھلاڑی میکال میرینو نے فیران ٹوریس کے شاندار پاس پر گیند جال میں پہنچا کر اسپین کو ایک صفر کی فیصلہ کن برتری دلا دی۔ میرینو کو میچ کے آخری لمحات میں میدان میں اتارا گیا تھا اور انہوں نے اپنی ٹیم کا اعتماد درست ثابت کرتے ہوئے اہم ترین موقع پر گول اسکور کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ اسپین نے 2010 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ اسپین نے مسلسل 35 واں میچ بھی بغیر شکست کے مکمل کیا۔ دوسری جانب 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو کا فٹبال ورلڈ کپ جیتنے کا خواب پورا نہ ہوسکا اور وہ اپنے کیریئر کے آخری ورلڈ کپ میں پرتگال کو کامیابی دلانے میں ناکام رہے۔ اسپین کے ہاتھوں پرتگال کی شکست کے بعد کرسٹیانو رونالڈو جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے، بعد ازاں انہوں نے ڈلاس اسٹیڈیم میں موجود شائقین کی جانب بڑھ کر تالیاں بجائیں اور ان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ میچ کے بعد رونالڈو نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے ملک کے لیے بھرپور کوشش کی اور انہیں اس بات پر فخر ہے کہ وہ پرتگال کے ساتھ تین بڑے ٹائٹل جیت چکے ہیں۔ یہ ان کے ورلڈ کپ کیریئر کا آخری میچ بھی ثابت ہوا۔ دوسری طرف امریکا کے شہر سیئٹل میں کھیلے گئے ایک اور پری کوارٹر فائنل میں بیلجیئم نے میزبان امریکا کو 1-4 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ بیلجیئم کی کامیابی میں چارلس ڈی کیٹیلیئرے نے نمایاں کردار ادا کیا، جنہوں نے دو گول اسکور کیے اور ایک گول میں معاونت بھی فراہم کی۔ ہانس واناکن اور متبادل کھلاڑی رومیلو لوکاکو نے بھی ایک، ایک گول کیا، جبکہ امریکا کی جانب سے واحد گول مالک ٹل مین نے فری کک پر اسکور کیا۔ میچ کے دوران امریکی ٹیم کی دفاعی غلطیاں اور گول کیپر میٹ فریس کی ایک بڑی غلطی بیلجیئم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوئی۔ اس کے علاوہ امریکا کے اسٹار کھلاڑی کرسچین پولیشچ انجری کے باعث دوسرے ہاف میں میدان چھوڑنے پر مجبور ہوگئے، جس سے ٹیم کی مشکلات مزید بڑھ گئیں۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی بیلجیئم کی مسلسل 18 میچوں کی ناقابل شکست کارکردگی برقرار رہی، جبکہ امریکا ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا۔ کوارٹر فائنل میں اب اسپین اور بیلجیئم کی مضبوط ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، جہاں دونوں سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے مقابلہ کریں گی۔



