81 F
Pakistan
Tuesday, July 7, 2026
HomeEnvironmentسندھ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے جل تھل ایک...

سندھ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا

ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، سندھ، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں ہونے والی بارشوں سے جہاں گرمی کا زور ٹوٹ گیا، وہیں کئی شہروں میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے، ندی نالوں میں طغیانی، بجلی کی فراہمی میں تعطل اور حادثات کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سندھ کے ضلع تھرپارکر میں مون سون کی پہلی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ ننگرپارکر، اسلام کوٹ، تھرکول، مٹھی، عمرکوٹ اور ڈانو دھاندل سمیت مختلف علاقوں میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا جبکہ خشک سالی سے متاثرہ علاقے میں بارش کے بعد لوگوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ ادھر خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں جی ٹی روڈ سمیت مختلف علاقوں کو جانے والی رابطہ سڑکیں دریا کا منظر پیش کرنے لگیں۔ نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پشاور میں تیز آندھی اور موسلادھار بارش سے معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے۔ ریسکیو ترجمان کے مطابق مختلف مقامات پر دیواریں اور چھتیں گرنے کے واقعات میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ بارش سے پشاور کے مضافاتی علاقے فقیر کلے، پخہ غلام، چغلپورہ، شاہ عالم پل اور یوسف آباد زیادہ متاثر ہوئے۔ دوسری جانب تیز ہواؤں اور بارش کے باعث متعدد گرڈ اسٹیشنز سے بجلی کی ترسیل بھی معطل ہوگئی۔ حکام کے مطابق پشاور کے 12 گرڈز سے منسلک 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے، جس سے شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ ۔ اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں بھی تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت میں آج رات اور منگل کے روز مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ اور کرک میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ ہونے والی موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا اور شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں بھی تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی، جس کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ محکمہ موسمیات نے پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالا، لاہور اور فیصل آباد کے نشیبی علاقوں میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Read full story on Aaj

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments