پاکستان کے خوبصورت علاقے گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے کم عمر مگر بے حد مقبول ڈیجیٹل کریئیٹرز محمد شیراز اور ان کی بہن مسکان کی والدہ نے پہلی بار سوشل میڈیا پر سامنے آکر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ یہ دونوں بہن بھائی سوشل میڈیا پر اپنی سادہ اور دلکش ویڈیوز کی بدولت تیزی سے شہرت حاصل کر چکے ہیں۔ شیراز نے اپنی معصومانہ باتوں اور گاؤں کی زندگی زندگی پر مبنی وی لاگز کے ذریعے لوگوں کے دل جیتے، جبکہ بعد میں مسکان بھی آہستہ آہستہ مداحوں کی پسندیدہ بن گئیں۔ حال ہی میں شیراز کے والد، محمد تقی، نے اپنی اہلیہ کے ساتھ پہلی مرتبہ یوٹیوب وی لاگ ریکارڈ کیا، جس میں انہوں نے اپنی بیوی کا مختصر تعارف کروایا اور ان سے چند سوالات بھی کیے۔ ویڈیو میں محمد تقی کا کہنا تھا کہ ان کی شادی کو تقریباً آٹھ سال ہو چکے ہیں۔ ان کی اہلیہ عمر میں ان سے کم ہیں اور ایک دوسرے گاؤں سے تعلق رکھتی ہیں۔ اس موقع پر شیراز اور مسکان کی والدہ نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کی شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کے بچوں کو کامیابی عطا کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے شوہر پہلے ویلاگ بناتے تھے اور بجوں نے بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ویلاگنگ شروع کردی اور اللہ نے انہیں بہت کامیابی عطا کی ہے جس پر وہ اپنے رب کا شکر ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے اپنے شوہر کی محنت کو بچوں کی کامیابی کا اصل سبب قرار دیا اور کہا کہ وہ اپنے خاندان کی بھرپور حمایت کرتی ہیں کیونکہ ان کے شوہر نہایت محبت کرنے والے، خیال رکھنے والے اور سماجی طور پر فعال انسان ہیں۔ انہوں نے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اسی طرح اپنی دعاوں میں ان کے بچوں کو یاد رکھیں اور سپورٹ کرتے رہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی تعلیم آٹھویں جماعت تک ہے، کیونکہ ان کی بہت چھوٹی عمر میں شادی ہوگئی تھی۔ جبکہ بچوں کی بہترین تربیت کا سہرا بھی انہوں نے اپنے شوہر کے سر باندھا۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ ان کے بچے آج ان کے گاؤں کی ترقی کا ذریعہ بن رہے ہیں اور دعا کی کہ اللہ ہر لڑکی کو ایسا ہی شریکِ حیات عطا کرے۔ اس موقع پر محمد تقی نے انکشاف کیا کہ ان کی اہلیہ اب اس پوزیشن میں ہیں کہ اپنے والدین کو بھی سپورٹ کرتی ہیں اور دعا کی کہ اللہ ہر ایک کو اسی طرح اپنے والدین کا خیال رکھنے کی توفیق دے۔ یاد رہے کہ محمد شیراز کے یوٹیوب چینل ”شیرازی ولیج ولاگز“ نے انتہائی مختصر عرصے میں لاکھوں سبسکرائبرز حاصل کر لیے ہیں، جبکہ انسٹاگرام، فیس بک اور ٹک ٹاک پر بھی ان کی بڑی فین فالوونگ موجود ہے۔ صرف ویلاگنگ ہی نہیں، بلکہ یہ ننھے یوٹیوبرز اور ان کے والد اپنی کمائی اور شہرت کو فلاحی کاموں کے لیے بھی استعمال کر رہے ہیں۔ وہ اپنے علاقے میں مختلف چیریٹی کاموں کے ذریعے مقامی لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ نئی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور مداحوں کی جانب سے اس سادہ خاندان اور ان کے بیانات کو خوب سراہا جا رہا ہے۔
ننھے یوٹیوبرز شیراز اور مسکان کی والدہ کی پہلی یوٹیوب ویڈیو
RELATED ARTICLES



