انڈین فلم انڈسٹری کے دبنگ اداکار سلمان خان کے بعد اب ایک اور سپر اسٹار عامر خان کو بھی لارنس بشنوئی گینگ کی طرف سے جان سے مارنے اور سبق سکھانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ بشنوئی گینگ نے عامر خان کی گوری اسپرٹ سے شادی کو لو جہاد کا نام دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اس طرح کے کاموں کو اپنے ملک اور ثقافت کے خلاف سمجھتے ہیں اور اسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی ہے جو ”ٹائسن بشنوئی اور آرجو بشنوئی“ نامی اکاؤنٹ سے جاری کی گئی۔ اس اکاؤنٹ سے منسلک افراد نے خود کو جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی کا بھائی ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ مبینہ پوسٹ میں عامر خان اور ان کی اہلیہ گوری اسپرٹ کی شادی پر اعتراض اٹھایا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ جو لوگ ہمارے ملک میں ہماری ثقافت کے خلاف لو جہاد کے نام پر ایسی چیزوں کو بڑھاوا دے رہے ہیں، ہم اسے ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ جو لوگ اسٹار ہونے کے نام پر اس چیز کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، ہم انہیں خاموش کر دیں گے۔ مبینہ پیغام میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہم اپنے ملک کے لوگوں سے وعدہ کرتے ہیں کہ جو بھی ایسی چیزوں کو فروغ دے گا، ہم اسے اپنے ہی طریقے سے جواب دیں گے۔ یہ دھمکی آمیز پیغام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عامر خان اور گوری اسپرٹ نے چند روز قبل ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر ایک نجی تقریب میں شادی کی تھی۔ اس شادی میں قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی تھی۔ یاد رہے کہ لارنس بشنوئی گینگ اس سے پہلے بھی بولی ووڈ کی نامور شخصیات کو نشانہ بناتا رہا ہے، جن میں سب سے بڑا نام اداکار سلمان خان کا ہے۔ سلمان خان کو ماضی میں کالے ہرن کے شکار کے معاملے پر اسی گینگ کی طرف سے کئی بار جان سے مارنے کی دھمکیاں مل چکی ہیں اور ان کے گھر پر فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آ چکا ہے۔ اس کے علاوہ یہ گینگ کئی نامور گلوکاروں اور تاجروں کو بھی بھتے اور دشمنی کی وجہ سے نشانہ بنا چکا ہے، جس کے بعد اب عامر خان کا نام بھی ان کے نشانے پر آ گیا ہے۔
گوری سے شادی پر لارنس بشنوئی گینگ کی عامر خان کو دھمکی
RELATED ARTICLES



