محکمہ موسمیات نے کراچی میں مرطوب موسم کے ساتھ ہلکی بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں ان دنوں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری جانب ناران اور بالائی علاقوں میں مزید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے خدشے کے پیش نظر انتظامیہ نے الرٹ جاری کردیا ہے، جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں دن کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے، جبکہ مطلع جزوی ابر آلود، موسم گرم اور مرطوب رہے گا اور بعض علاقوں میں ہلکی بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔ اس سے قبل محکمہ موسمیات نے آج 31 جولائی سے 2 اگست کے دوران اندرونِ سندھ کے بیشتر علاقوں میں شدید اور موسلا دھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ کراچی میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ درمیانی شدت کی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی تھی۔ اُدھر خیبرپختونخوا میں محکمہ موسمیات نے صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ پشاور سمیت میدانی اور بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ پشاور، ہزارہ، ملاکنڈ، مردان اور کوہاٹ ڈویژن کے مختلف علاقوں میں بادل خوب برسے۔ ڈی آئی خان اور بنوں میں بھی مطلع ابر آلود ہے اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پشاور میں درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر علاقوں میں چترال کا درجہ حرارت 17، دیر میں 19، مالم جبہ میں 20، سیدو شریف میں 23، ایبٹ آباد میں 23، بنوں میں 28 اور ڈی آئی خان میں 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ وہیں محکمہ موسمیات نے ناران اور گردونواح میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے کلاؤڈ برسٹ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے ممکنہ خطرے کے پیش نظر جھیل سیف الملوک جانے والی سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے اور سیاحوں و مقامی افراد کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے وسطی اور جنوبی اضلاع میں شدید گرمی برقرار رہے گی۔ تاہم ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، نصیرآباد، جھل مگسی، سبی، لورالائی، خضدار اور گردونواح میں بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ، قلات میں 33، زیارت میں 27، ژوب میں 35، چمن میں 39، نوکنڈی میں 42، سبی میں 45، تربت میں 49، گوادر میں 35 اور جیوانی میں 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو شدید گرمی اور ممکنہ بارشوں کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
کراچی: موسم گرم رہنے کا امکان، بعض علاقوں میں بوندا باندی متوقع
RELATED ARTICLES



