کراچی میں بلوچ کالونی ایکسپریس وے کے قریب واقع کے الیکٹرک کے گرڈ اسٹیشن کے ایک محدود حصے میں علی الصبح اچانک آگ بھڑک اٹھی جس پر کے الیکٹرک اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مکمل طور پر قابو پا لیا ہے۔ آتشزدگی کے اس واقعے کے باعث احتیاطی تدابیر کے طور پر متعدد ملحقہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع کر دی گئی تھی تاہم اب آگ بجھنے کے بعد بیک فیڈنگ سے بجلی کی عارضی سپلائی کی جا رہی ہے۔ فائر فائٹرز کی جانب سے آگ بجھانے کے بعد متاثرہ جگہ پر کولنگ کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے اور واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ واقعے کی تفصیلات اور ریسکیو آپریشن کے حوالے سے چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچ کالونی گرڈ اسٹیشن کے تین پینلز میں آگ لگی تھی اور ان پینلز کے اوپر فیول کے ٹینک موجود تھے، جس کی وجہ سے جب وہ وہاں پہنچے تو شعلے تیس سے چالیس فٹ اونچے اٹھ رہے تھے۔ چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے مزید بتایا کہ آگ پر آٹھ فائر ٹینڈرز اور دو واٹر باؤزر کی مدد سے قابو پایا گیا ہے اور اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ کولنگ کا عمل جاری ہے۔ حادثے کے بعد مقامی انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر فیروز آباد جویریہ اقبال نے بلوچ کالونی گرڈ اسٹیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک گرڈ اسٹیشن میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھا دی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ آتشزدگی کے اس واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے اور احتیاطی طور پر علاقے کی بجلی منقطع کی گئی ہے۔ آتشزدگی کی وجہ سے شہر کے کئی متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو بجلی کی عدم فراہمی کا سامنا کرنا پڑا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق آگ لگنے کے باعث منظور کالونی، بلوچ کالونی، محمود آباد اور پی ای سی ایچ ایس میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔ اس صورتحال پر کے الیکٹرک کے ترجمان عمران رانا نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچ گرڈ اسٹیشن کے ایک محدود حصے میں علی الصبح لگنے والی آگ پر کے الیکٹرک اور فائر بریگیڈ عملے کی بروقت کارروائی سے مکمل قابو پا لیا گیا ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک نے مزید کہا کہ جہاں ممکن ہو رہا ہے، ان علاقوں کو بیک فیڈنگ کے ذریعے عارضی طور پر بجلی کی سپلائی دی جا رہی ہے۔



