گلگت: گلگت بلتستان میں انتخابی دنگل عروج پر ہے۔ چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے انتخابی عمل کو شفاف اور پرامن بنانے کے لیے خود میدان میں اتر کر مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران صوبائی الیکشن کمشنر عابد رضا، ڈپٹی کمشنر عارف احمد اور متعلقہ ایس پی سمیت دیگر اہم افسران بھی چیف الیکشن کمشنر کے ہمراہ سیکیورٹی اور پولنگ کے عمل کی نگرانی کر رہے تھے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ شہباز خان نے بتایا کہ صوبے بھر میں پولنگ کا عمل بغیر کسی تاخیر کے بروقت شروع ہو گیا تھا اور انتظامیہ صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے پولنگ اسٹیشنز پر عوام کے رش، بالخصوص خواتین ووٹرز کی لمبی قطاروں پر گہری خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا اتنی بڑی تعداد میں باہر نکلنا خوش آئند ہے۔راجہ شہباز خان نے ووٹرز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام خطے کے امن، خوشحالی اور مستقل ترقی کے لیے گھروں سے نکلیں اور اپنے قیمتی ووٹ کا استعمال کریں۔



