73.7 F
Pakistan
Friday, September 18, 2026
HomeBusinessپیٹرول سستا اور ڈیزل مہنگا: حکومت نے نئی قیمتوں کا اعلان کردیا

پیٹرول سستا اور ڈیزل مہنگا: حکومت نے نئی قیمتوں کا اعلان کردیا

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں معمولی کمی کردی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے سے زائد کا اضافہ کردیا ہے۔ وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے 18 ستمبر کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے حکومتی پیٹرولیم پرائسنگ میکنزم کے تحت 18 ستمبر 2026 کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی ایکس ڈپو قیمتوں میں رد و بدل کیا ہے۔ نوٹیکفیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 43 پیسے کی معمولی کمی ہی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 391 روپے 22 پیسے سے کم ہو کر 390 روپے 79 فی لیٹر قیمت مقرر ہوگئی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 47 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، اس اضافے کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 421 روپے 45 پیسے بڑھ کر ہوکر 424 روپے 92 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگیا جب کہ نوٹیفکیشن ایک دن 18 ستمبر کے لیے جاری کیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ عالمی تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر بھی مرتب ہو رہے ہیں، آج اعلان کردہ اضافہ بنیادی طور پر عالمی منڈی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے منسلک ہے۔ رواں ماہ ستمبر کے 17 روز کے دوران پیٹرول کی قیمت 48 روپے 43 پیسے بڑھائی گئی ہے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل اب تک 59 روپے 93 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا جاچکا ہے۔ واضح رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 14 مرتبہ کمی اور 27 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے وہی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 10 مرتبہ کمی ہوئی جب کہ 31 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز 16 ستمبر کو بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہوا تھا، پیٹرول 6 روپے 88 پیسے مہنگا ہوا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 391 روپے 22 فی لیٹر ہوگئی تھی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی 5 روپے 62 پیسے مہنگا ہوا تھا، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 421 روپے 45 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔ حکومت نے 15 ستمبر کو پیٹرول 4 روپے 10 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 6 روپے 41 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا تھا، اس اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 384 روپے 34 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 415 روپے 83 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی۔ اس کے بعد 14 ستمبر کو بھی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کردی تھیں، پیٹرول کی قیمت 4 روپے 42 پیسے اضافے کے بعد 380 روپے 24 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی 6 روپے 10 پیسے اضافے کے بعد 409 روپے 42 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔ اس سے قبل 11 ستمبر کو حکومت کی جانب سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے 02 پیسے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 28 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 375 روپے 82 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 403 روپے 32 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی۔ یاد رہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے تبدیلیاں آرہی ہیں، جس کے اثرات ملکی پیٹرولیم قیمتوں پر پڑ رہے ہیں، اس حوالے سے حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ کی بنیاد پر تعین کا فیصلہ کیا ہے تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاتی اور قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔

Read full story on Aaj

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments