72.5 F
Pakistan
Friday, July 24, 2026
HomeEnvironmentپنجاب میں مون سون اسپیل برقرار، آئندہ چند روز مزید بارشوں کی...

پنجاب میں مون سون اسپیل برقرار، آئندہ چند روز مزید بارشوں کی پیشگوئی

پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ گزشتہ روز ہونے والی موسلادھار اور ریکارڈ بارش کے باعث لاہور سمیت متعدد شہروں کے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے، سڑکوں، انڈر پاسز اور شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں 263 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ گوجرانوالہ میں 286 ملی میٹر، سیالکوٹ میں 278 ملی میٹر اور نارووال میں 235 ملی میٹر بارش ہوئی۔ شدید بارش کے باعث کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، متعدد انڈر پاسز اور اہم شاہراہیں زیرِ آب آگئیں۔ لاہور کے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے بعض علاقوں میں سڑکوں پر پانی اس قدر جمع ہوگیا کہ کشتی چلانے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ مسلسل بارشوں کے باعث دریائے راوی کے ہیڈ بلوکی کے مقام پر بھی سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ محکمہ آبپاشی کے مطابق ہیڈ بلوکی پر پانی کی آمد 84 ہزار 515 کیوسک جبکہ اخراج 61 ہزار 315 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 27 اور زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوا کی رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد رہا۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج جمعہ کے روز پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں پر اثرانداز ہیں، جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ بھی موسم کو متاثر کر رہا ہے، جس کے باعث بالائی اور وسطی علاقوں میں آئندہ چند روز تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ پیشگوئی کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، فیصل آباد، سرگودھا، مری، گلیات، جہلم، اٹک اور چکوال سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات، دیر، چترال، کوہستان اور دیگر بالائی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے، جبکہ شمال مشرقی بلوچستان کے کوئٹہ، زیارت، ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان اور ملحقہ علاقوں میں کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے۔ سندھ کے بالائی اور جنوب مشرقی علاقوں میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے، تاہم صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران شدید بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، برساتی ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے، مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ دوسری جانب قومی و صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں نے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ شہریوں، بالخصوص سیاحوں اور پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے والوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، تیز بارش اور گرج چمک کے دوران احتیاط برتنے اور موسم سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Read full story on Aaj

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments