ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ہاکی ٹیم کی شرکت کے معاملے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کا ایشین ہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف) سے بڑا مطالبہ سامنے آگیا ہے، پاکستان نے بھارت میں اپنے میچز کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے مقابلے نیوٹرل وینیو پر کرانے کا کہہ دیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک صدر محی الدین احمد وانی نے کہا ہے کہ ایشین ہاکی فیڈریشن سے مینز ایشین چیمپئنز ٹرافی 2026 کے ٹورنامنٹ یا پاکستان کے تمام میچز کسی غیر جانب دار مقام پر منتقل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ محی الدین احمد وانی کے مطابق یہ درخواست موجودہ پاک بھارت دوطرفہ حساس صورت حال اور سیکیورٹی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے تاکہ پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے محفوظ، باوقار اور سازگار ماحول یقینی بنایا جاسکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایشین ہاکی فیڈریشن موجودہ حالات کے پیش نظر پاکستان کے میچز بھارت سے کسی نیوٹرل وینیو پر منتقل کرے، جس سے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے بہتر ماحول فراہم ہوسکے۔ پی ایچ ایف صدر نے واضح کیا کہ پاکستان ایشین چیمپئنز ٹرافی اور عالمی ہاکی میں شرکت کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ پاکستان بھارت سمیت تمام انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے رکن ممالک کے خلاف کھیلنے کے لیے تیار ہے اور کھیل کو سیاست سے پاک رکھنے کے اصول پر قائم ہے۔ محی الدین احمد وانی نے امید ظاہر کی کہ ایشین ہاکی فیڈریشن پاکستان کی تجویز پر مثبت فیصلہ کرے گی اور قومی ٹیم کی ایشین چیمپئنز ٹرافی میں مکمل اور بلا تعطل شرکت یقینی بنانے کے لیے میچز غیر جانب دار مقام پر منتقل کرنے کی درخواست کو منظور کرے گی۔ خیال رہے کہ مینز ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2026 بھارت میں 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک شیڈول ہے۔ ایونٹ میں پاکستان، بھارت، چین، جاپان، ملائیشیا اور کوریا کی ٹیمیں شرکت کریں گی، جبکہ ٹورنامنٹ کے میچز جالندھر اور موہالی میں کھیلے جانے ہیں۔



