پاکستان میں کاروباری ہفتے کے آخری روز سونے کے دام بڑھ گئے ہیں، جہاں فی تولہ سونا 400 روپے اور 10 گرام سونا 343 روپے مہنگا ہوگیا ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کے اثرات مقامی سطح پر بھی نمایاں ہورہے ہیں تاہم پاکستان میں مسلسل 2 روز کمی کے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ہفتے کے روز ملک میں فی تولہ سونا 400 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 57 ہزار 136 روپے ہوگیا جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 343 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 91 ہزار 920 روپے مقرر ہوگئی۔ مقامی صرافہ بازار میں سونے کی قیمتوں میں اس اضافے کی بنیادی وجہ عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کا مہنگا ہونا ہے، جہاں فی اونس سونے کی قیمت 4 ڈالر کے اضافے کے بعد 4, 346 ڈالر پر پہنچ گئی۔ دوسری جانب چاندی کی فی تولہ قیمت میں بھی 53 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 6, 924 روپے فی تولہ ہو گئی۔ انٹرنیشنل مارکیٹ میں چاندی کی قیمت میں 53 سینٹ کا اضافہ ہوا، جس کے بعد قیمت 64. 45 ڈالر پر پہنچ گئی۔ جیولرزایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی قیمتوں میں ردوبدل کی بڑی وجوہات میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، امریکی ڈالرکی قدرمیں تبدیلی، عالمی معاشی صورتحال میں غیریقینی اورجغرافیائی کشیدگی شامل ہیں۔ عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی صورتحال کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر ترجیح دیتے ہیں۔ غیر یقینی میں اضافے کے باعث سونے کی طلب بڑھتی ہے، جس کا براہ راست اثرعالمی اورمقامی مارکیٹ میں اس کی قیمت پر پڑتا ہے۔ عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں، ڈالر کی قدر اور بین الاقوامی حالات میں آنے والی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری رہنے کا امکان ہے۔ خیال رہے گزشتہ روز ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 5600 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت میں 4801 روپے کی کمی ہوئی تھی۔



