پاکستان میں سونے کی قیمت میں گزشتہ روز بڑے کمی کے بعد آج کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں فی تولہ سونا 800 روپے اور 10 گرام سونا 686 روپے سستا ہوا ہے۔ منگل کے روز عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی آج سونے اور چاندی کے نرخ کم ہوگئے ہیں۔ آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں 800 روپے کمی ہوئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 37 ہزار 336 روپے ہو گئی۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 686 روپے کی کمی کے ساتھ 3 لاکھ 74 ہزار 945 روپے ہو گئی جب کہ 22 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت 628 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 43 ہزار 712 روپے ریکارڈ کی گئی۔ سونے کی قیمتوں کے ساتھ ہی مقامی مارکیٹ میں چاندی کی فی تولہ قیمت 20 روپے کمی کے بعد 6 ہزار 558 روپے جب کہ 10 گرام چاندی کی قیمت 17 روپے کمی کے بعد 5 ہزار 622 روپے مقرر کی گئی۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 8 ڈالر کمی کے بعد 4 ہزار 148 ڈالر ہو گئی جب کہ چاندی کی فی اونس قیمت بھی 0. 20 ڈالر کمی کے بعد 60. 80 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی فی تولہ سونے کی قیمت میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی تھی، پیر کو فی تولہ سونے کی قیمت 12 ہزار 800 روپے سستا ہوا تھا جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت کم ہو کر 4 لاکھ 38 ہزار 136 روپے پر آ گئی تھی۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 10 ہزار 973 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 75 ہزار 631 روپے کا ہو گیا تھا۔ ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتیں ڈیمانڈ اور سپلائی کے سادہ اصول پر چلتی ہیں۔ عالمی سطح پر جب سونا بیچنے والے زیادہ ہو جائیں تو قیمتیں گر جاتی ہیں اور جب خریدار بڑھیں تو دوبارہ چڑھ جاتی ہیں۔ پاکستان میں بھی یہی سلسلہ جاری رہتا ہے، جہاں عالمی مارکیٹ کے جھٹکے مقامی صرافہ بازار میں راتوں رات نظر آ جاتے ہیں۔ خریداروں کے لیے یہ کمی ریلیف کا باعث بنی ہے تاہم ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ سونے کی قیمتیں انتہائی اتار چڑھاؤ والی ہیں اور عالمی حالات کے مطابق کسی بھی وقت تبدیل ہو سکتی ہیں۔



