قومی کرکٹ ٹیم، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی اور ٹیم آفیشلز نے برطانوی بادشاہ شاہ چارلس سے ملاقات کی، اس موقع پر کرکٹ سمیت مختلف امور پر خوشگوار گفتگو ہوئی۔ قومی ٹیم اور شاہ چارلس کی ملاقات برطانوی شاہی خاندان کی تاریخی رہائش گاہ کلیرنس ہاؤس میں ہوئی، جہاں برطانوی بادشاہ نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز سے ملاقات کی اور ان سے مصافحہ کیا۔ ملاقات کے دوران شاہ چارلس نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے کرکٹ کے حوالے سے گفتگو کی اور کھیل سے متعلق دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ٹیم کے دیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے شاہ چارلس کو کھلاڑیوں کے آٹو گراف والا خصوصی بیٹ بطور یادگار پیش کیا، جسے برطانوی بادشاہ نے خوشگوار انداز میں وصول کیا۔ ملاقات کے دوران ماحول انتہائی خوشگوار رہا اور قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے برطانوی شاہی خاندان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا۔



