ویمن ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان ویمن کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ شوال ذوالفقار نے 14 اور منیبہ علی نے 13 رنز بنائے، تاہم اس کے بعد پاکستان کی 9 بیٹرز مجموعی اسکور میں مزید 28 رنز کا اضافہ کرسکیں اور پوری ٹیم 18. 1 اوورز میں 55 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ یہ ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان ویمن کا کم ترین اسکور ہے۔ بھارت کی جانب سے شری چرنانی اور پریما راوت نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستانی بیٹنگ لائن کو بڑا اسکور بنانے کا موقع نہیں دیا۔ 56 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کو بھی ابتدا میں تین وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔ فاطمہ ثنا نے بھارت کی تینوں وکٹیں حاصل کیں، تاہم بھارتی کپتان ہرمن پریت کور اور دیپتی شرما نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچا دیا۔ بھارت نے 56 رنز کا ہدف 8. 4 اوورز میں حاصل کرکے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ ہرمن پریت کور 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں، جب کہ فاطمہ ثنا پاکستان کی جانب سے نمایاں باؤلر رہیں۔ اس کامیابی کے ساتھ بھارت نے گروپ اے میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرکے 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔



