51 F
Pakistan
Friday, November 20, 2026
HomeLifestyleمیں فیضی ہوں: شاعری، محبت اور انقلاب کا ایک مسافر

میں فیضی ہوں: شاعری، محبت اور انقلاب کا ایک مسافر

سیالکوٹ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس کی مٹی نے اردو ادب کو دو ایسے عظیم المرتبت شاعر عطا کیے، جنہوں نے اپنے اپنے عہد میں فکر و فن کی نئی دنیائیں آباد کیں۔ ایک علامہ محمد اقبال ہیں جن کی شاعری نے خودی، خود شناسی، عشق، عمل اور ملت کے تصورات کو نئے معنی عطا کیے اور دوسرے فیض احمد فیضؔ ہیں جنہوں نے محبت، انسان دوستی، سماجی انصاف، آزادی اور انقلاب کو اپنی شاعری کا موضوع بنایا۔ اقبال کے چاہنے والے خود کو اقبالیہ کہلوانا پسند کرتے ہیں اور میں، جو فیضؔ کی شاعری کا ایک ادنیٰ مداح ہوں، اپنے لیے بڑے فخر سے لفظ ’فیضی‘ استعمال کرتا ہوں۔ میرے نزدیک فیضی ہونا محض کسی شاعر کو پسند کرنے کا نام نہیں بلکہ محبت، احساس، انسان دوستی اور نا انصافی کے خلاف ایک زندہ فکری وابستگی کا اظہار ہے۔ آج 20 نومبر ہے۔ اردو ادب کے اس عظیم شاعر کی برسی کا دن، جس نے اپنی شاعری سے محبت کرنے والوں کو ایک ایسی فکری اور جذباتی میراث عطا کی جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید توانا ہوتی جا رہی ہے۔ فیض احمد فیضؔ 13 فروری 1911 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے اور 20 نومبر 1984 کو لاہور میں اس جہانِ فانی سے رخصت ہوئے۔ مگر بعض شخصیات جسمانی طور پر دنیا سے رخصت ہونے کے باوجود اپنے خیالات، لفظوں اور احساسات کے ذریعے ہمیشہ زندہ رہتی ہیں۔ فیضؔ بھی ان ہی لوگوں میں شامل ہیں۔ دل ناامید تو نہیں ناکام ہی تو ہے لمبی ہے غم کی شام مگر شام ہی تو ہے فیضؔ کی شاعری کا سب سے دلکش پہلو یہ ہے کہ انہوں نے محبت کو محض محبوب کے حسن، زلف، آنکھوں اور لبوں تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے انسان اور انسانیت کے وسیع تر تناظر میں دیکھا۔ ان کے ہاں محبوب بھی ہے، اس کی جدائی کا دکھ بھی، وصل کی آرزو بھی اور محبت کی لطافت بھی، لیکن اس کے ساتھ ساتھ بھوک، افلاس، محرومی، جبر، استحصال اور انسانی وقار کی پامالی کا دکھ بھی موجود ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں فیضؔ کی رومانوی شاعری ایک وسیع انسانی کینوس میں تبدیل ہو جاتی ہے۔ اردو غزل کی روایت میں محبت ایک قدیم اور محبوب موضوع رہا ہے۔ میر و غالب سے لے کر دیگر بڑے شعرا تک ہر ایک نے اپنے اپنے انداز میں اس موضوع کو برتا، لیکن فیضؔ کا کمال یہ ہے کہ انہوں نے روایتی رومانوی علامتوں کو نئے سماجی اور سیاسی معانی عطا کیے۔ ان کے ہاں محبوب کی بے وفائی کا دکھ کبھی مظلوم انسان کی محرومی کا استعارہ بن جاتا ہے اور محبوب کی گلیوں سے نکلنے والا شاعر کبھی معاشرے کے دکھوں کی طرف متوجہ ہو جاتا ہے۔ ان کی نظم ’مجھ سے پہلی سی محبت مرے محبوب نہ مانگ‘ اسی فکری تبدیلی کی ایک غیر معمولی مثال ہے۔ اس میں محبت سے انکار نہیں بلکہ محبت کے دائرے کو وسیع کرنے کا ایک کرب ناک احساس موجود ہے۔ شاعر اپنے محبوب سے مخاطب ہوتے ہوئے اسے بتاتا ہے کہ دنیا میں ایسے دکھ بھی ہیں، جنہیں نظر انداز کر کے صرف اپنی محبت میں محو رہنا ممکن نہیں۔ فیضؔ ترقی پسند ادب کی تحریک کے اہم معماروں میں شمار ہوتے ہیں۔ 1936 میں ترقی پسند مصنفین کی تحریک نے اردو ادب میں ایک نئی فکری بیداری پیدا کی۔ اس تحریک کا بنیادی مقصد ادب کو محض حسن و عشق کی داستانوں سے آگے لے جا کر عام انسان کے مسائل، طبقاتی تفاوت، معاشرتی نا انصافی اور استحصالی نظام کے خلاف آواز بلند کرنے کا ذریعہ بنانا تھا۔ فیضؔ نے اس تحریک کے نظریات کو اپنی شاعری میں اس خوب صورتی سے سمویا کہ ان کا کلام محض نظریاتی نعرہ بننے کی بجائے اعلیٰ ادبی جمالیات کا نمونہ بن گیا۔ ان کی شاعری میں انقلاب کا تصور بھی محض سیاسی اقتدار کی تبدیلی تک محدود نہیں۔ وہ ایک ایسے معاشرے کا خواب دیکھتے ہیں جہاں انسان کو اس کی محنت کا صلہ ملے، جہاں کسی کی محرومی کسی دوسرے کی آسودگی کا سبب نہ بنے، جہاں محبت اور آزادی ہر انسان کا حق ہوں اور جہاں خوف، جبر اور استحصال کی جگہ امن، مساوات اور انسانی احترام کو حاصل ہو۔ ان کا انقلابی لہجہ بھی عجیب دلکشی رکھتا ہے۔ وہ بلند آہنگ نعروں کی بجائے نرم، دھیمے اور موسیقی سے بھرپور الفاظ میں ایسی بات کہہ جاتے ہیں جو سننے اور پڑھنے والے کے دل میں دیر تک گونجتی رہتی ہے۔ مزید پڑھ اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field) فیضؔ کی زندگی خود بھی آزمائشوں سے عبارت تھی۔ انہوں نے صحافت کے میدان میں کام کیا، مزدوروں کے حقوق کے لیے آواز بلند کی اور آمریت و سیاسی جبر کے خلاف اپنے نظریات پر قائم رہے۔ 1951 میں راولپنڈی سازش کیس کے سلسلے میں انہیں گرفتار کیا گیا اور کئی برس قید میں گزارنے پڑے۔ تاہم قید و بند کی صعوبتیں بھی ان کے قلم کو خاموش نہ کر سکیں۔ ان کے شعری مجموعے ’دستِ صبا‘ اور ’زندان نامہ‘ اس دور کی یادگار ہیں۔ ان کی زندگی کا یہ پہلو ہمیں بتاتا ہے کہ فیضؔ صرف انقلاب اور آزادی کے بارے میں لکھنے والے شاعر نہیں تھے بلکہ اپنے نظریات کی قیمت بھی ادا کرتے رہے۔ فیضؔ کے شعری سفر میں ’نقشِ فریادی‘، ’دستِ صبا‘، ’زنداں نامہ‘، ’دستِ تہِ سنگ‘، ’سرِ وادیِ سینا‘، ’شامِ شہرِ یاراں‘ اور ’میرے دل، میرے مسافر‘ جیسے مجموعے اردو ادب کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کی شاعری کی ایک بڑی خوبی یہ بھی ہے کہ اس میں کلاسیکی اردو غزل کی لطافت، فارسی روایت کی خوش بو اور جدید عہد کے سیاسی و سماجی شعور کا حسین امتزاج ملتا ہے۔ ان کے الفاظ میں ایسی موسیقیت ہے کہ بڑے بڑے گلوکاروں نے ان کے کلام کو اپنی آواز دی اور اسے دنیا بھر میں پہنچایا۔ اقبال بانو کی آواز میں ’ہم دیکھیں گے‘ کی گونج ہو یا دیگر گلوکاروں کی آواز میں ان کی غزلیں، فیضؔ کا کلام ہر دور میں نئے سامعین اور نئے معنی تلاش کرتا رہا ہے۔ ان کی ادبی عظمت کا اعتراف صرف برصغیر تک محدود نہیں رہا۔ 1962 میں انہیں لینن امن انعام سے نوازا گیا، جو ان کی بین الاقوامی مقبولیت اور ادبی و فکری خدمات کا اعتراف تھا۔ ان کی شاعری کے تراجم دنیا کی مختلف زبانوں میں ہوئے اور وہ اردو زبان کے ان معدودے چند شعرا میں شامل ہوئے، جنہوں نے زبان، سرحد اور جغرافیے کی حدود سے آگے بڑھ کر عالمی سطح پر اپنی شناخت قائم کی۔ میرے لیے فیضؔ کی اہمیت صرف اس وجہ سے نہیں کہ وہ ایک عظیم شاعر تھے بلکہ اس لیے بھی ہے کہ ان کی شاعری انسان کو اپنے ارد گرد کی دنیا کے بارے میں سوچنے پر مجبور کرتی ہے۔ وہ ہمیں سکھاتے ہیں کہ محبت صرف کسی ایک شخص سے وابستگی کا نام نہیں بلکہ پوری انسانیت کے دکھ درد کو محسوس کرنے کا نام بھی ہے۔ ان کے ہاں امید مایوسی کے مقابل کھڑی نظر آتی ہے اور تاریک ترین حالات میں بھی ایک روشن صبح کا تصور زندہ رہتا ہے۔ آج جب ہم اپنے معاشرے میں ناانصافی، عدم مساوات، عدم برداشت، محرومی اور انسانی دکھوں کو دیکھتے ہیں تو فیض کی شاعری پہلے سے کہیں زیادہ متعلق محسوس ہوتی ہے۔ ان کے لفظ ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ قلم کی طاقت محض خوب صورت جملے تخلیق کرنے میں نہیں بلکہ انسانی ضمیر کو بیدار کرنے میں بھی ہے۔ ایک سچا شاعر اپنے عہد کا صرف تماشائی نہیں ہوتا بلکہ اس کے دکھوں، خوابوں اور آرزوؤں کا ترجمان بھی ہوتا ہے۔ 20 نومبر ہمیں ایک ایسے شاعر کی یاد دلاتا ہے جس نے محبت کو انقلاب سے اور انقلاب کو انسانیت سے جوڑ دیا۔ فیضؔ چلے گئے، لیکن ان کے لفظ آج بھی ہمارے درمیان موجود ہیں۔ ان کی شاعری میں محبوب کی آنکھوں کی چمک بھی ہے اور مظلوم کے چہرے کی اداسی بھی، قید خانے کی تنہائی بھی ہے اور آزادی کے خواب کی روشنی بھی۔ فیضؔ کی شاعری نے ہمیں سکھایا کہ محبت کا دائرہ صرف اپنی ذات اور اپنے محبوب تک محدود نہیں ہونا چاہیے، بلکہ اس میں پوری انسانیت کے لیے گنجائش ہونی چاہیے۔ فیضؔ کی برسی پر انہیں ہمارا خراج عقیدت یہی ہو سکتا ہے کہ ہم ان کے لفظوں کو صرف پڑھیں نہیں بلکہ ان کے پیغام کو اپنی زندگیوں میں بھی جگہ دیں، کیونکہ فیضؔ کی شاعری کا اصل حسن صرف اس کے الفاظ میں نہیں، بلکہ اس احساس میں پوشیدہ ہے جو ایک انسان کو دوسرے انسان کے دکھ سے جوڑ دیتا ہے۔ تمہاری یاد کے جب زخم بھرنے لگتے ہیں کسی بہانے تمہیں یاد کرنے لگتے ہیں مصنف ماہرِ تعلیم، محقق اور کالم نگار ہیں۔ وہ گذشتہ دو دہائیوں سے شعبۂ تعلیم سے وابستہ ہیں اور اس وقت آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ، کراچی سے منسلک ہیں۔ فیض احمد فیض شاعر شاعری انقلاب آج 20 نومبر ہے۔ اردو ادب کے اس عظیم شاعر کی برسی کا دن، جس نے اپنی شاعری سے محبت کرنے والوں کو ایک ایسی فکری اور جذباتی میراث عطا کی جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید توانا ہوتی جا رہی ہے۔ زین الملوک جمعہ, نومبر 20, 2026 – 08: 30 Main image: سوشل jw id: yL37WUxE type: video related nodes: جب سری نگر میں فیض احمد فیض کا ‘ایلس جارج’ سے نکاح ہوا آپ کا شعر سنا تو جرائم سے توبہ کر لی، شاعر پولیس افسر کی کامیابی مصنوعی ذہانت کی شاعری انسانوں کے برابر پہنچ گئی؟ کیا اردو شاعری اپنا جوہر کھوچکی؟ SEO Title: میں فیضی ہوں: شاعری، محبت اور انقلاب کا ایک مسافر copyright: show related homepage: Hide from Homepage

Read full story on Independent Urdu

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments