75.3 F
Pakistan
Sunday, September 13, 2026
HomePoliticsمودی سے ملاقات کے بعد چینی صدر کی برکس ڈنر میں عدم...

مودی سے ملاقات کے بعد چینی صدر کی برکس ڈنر میں عدم شرکت، وجہ کیا تھی؟

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والے برکس سربراہی اجلاس کے دوران چین کے صدر شی جن پنگ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے اہم دوطرفہ ملاقات تو کی، تاہم اسی روز مودی کی جانب سے برکس رہنماؤں کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں انہوں نے شرکت نہیں کی۔ شی جن پنگ کی عشائیے سے غیر حاضری نے اس وقت توجہ حاصل کی جب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سمیت دیگر برکس رہنما اور متعدد بھارتی اعلیٰ حکام تقریب میں موجود تھے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق شی جن پنگ کی غیر حاضری کی سرکاری طور پر کوئی وجہ نہیں بتائی گئی، تاہم معاملے سے واقف ایک ذرائع نے بتایا کہ چینی صدر مصروف دن کے بعد آرام کے لیے اپنے ہوٹل واپس چلے گئے تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ شی جن پنگ نے نئی دہلی پہنچنے کے بعد برکس اجلاس میں شرکت کی اور وزیراعظم مودی سے بھی ملاقات کی۔ یہ ان کا 2019 کے بعد بھارت کا پہلا دورہ ہے، یعنی تقریباً سات سال بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سفارتی رابطہ ہوا۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق ایسے میں چند گھنٹے بعد ہونے والے عشائیے میں شی جن پنگ کی عدم شرکت نے قیاس آرائیوں کو ضرور جنم دیا، تاہم دستیاب معلومات کی بنیاد پر اسے کسی سفارتی احتجاج یا مودی کے ساتھ ملاقات میں اختلاف کا نتیجہ قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔ خود بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں بھی ان کی غیر حاضری کی حتمی وجہ سامنے نہیں آئی۔ دی انڈین ایکسپریس کے مطابق شی جن پنگ کے علاوہ ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان بھی عشائیے میں شریک نہیں ہوئے۔ تاہم ان کی غیر موجودگی کی وجہ نسبتاً واضح تھی، کیونکہ وہ دن کے دوران برکس اجلاس میں شرکت کے بعد متحدہ عرب امارات واپس روانہ ہو چکے تھے۔ عشائیے میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سمیت دیگر برکس رہنماؤں نے شرکت کی۔ بھارتی جانب سے وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر خزانہ نرملا سیتارمن، وزیر تجارت پیوش گوئل، وزیر ریلوے اشونی ویشنو اور دیگر وزرا موجود تھے۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کے علاوہ مختلف بھارتی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور دیگر اہم شخصیات بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔ بھارت میں 12 اور 13 ستمبر کو ہونے والے برکس سربراہ اجلاس میں 11 رکن ممالک اور 10 شراکت دار ممالک کے رہنما اور نمائندے شریک ہیں۔

Read full story on Aaj

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments