60.2 F
Pakistan
Monday, November 9, 2026
HomePoliticsملتان میں گیلانیوں کا پروٹوکول؟

ملتان میں گیلانیوں کا پروٹوکول؟

سوشل میڈیا پر ایک دلچسپ پوسٹ نظر سے گزری۔ خوبصورت ڈیزائن اور گیلانی خاندان کی تصویروں کے ساتھ بنائی گئی پوسٹ، جس میں سید یوسف رضا گیلانی، عبدالقادر گیلانی، علی موسیٰ گیلانی، علی حیدر گیلانی اور علی قاسم گیلانی کی مسکراتی تصویریں موجود تھیں، اہلِ ملتان کی طرف سے استدعا کی گئی تھی کہ پروٹوکول کے نام پر ان کا جینا حرام نہ کریں۔ ہر وقت کسی نہ کسی کا پروٹوکول لگا ہوتا ہے اور عام آدمی کے لئے ٹریفک روک دی جاتی ہے۔ عوا م کہاں جائیں کیا کریں۔براہ کرم گیلانی صاحبان یا تو اپنا پروٹوکول ختم کر دیں یا پھر گھر سے کم کم نکلا کریں، تاکہ عوام کی زندگی اجیرن نہ ہو کیونکہ ملتان صرف گیلانیوں کا نہیں لاکھوں ملتانی عوام کا ہے، سچی بات پہلے تو یہ پوسٹ دیکھ کر مجھے ہنسی آئی۔ لوگ بھی کتنے ظالم ہیں گیلانی خاندان کی اتنی سی خوشی برداشت نہیں کر سکتے۔ اب والد گرامی چیئرمین سینیٹ ہوں، جنہیں آصف علی زرداری کے بار بار بیرون ملک جانے کی وجہ سے قائم مقام صدارت بھی مل جاتی ہو، تین بیٹے ایم این اے اور ایک ایم پی اے ہو، کیا ان کا اتنا بھی حق نہیں کہ ملتان کی سڑکوں پر ان کے پروٹوکول میں لپٹے قافلے گھوم سکیں۔ عام کار میں گھومنا تو بے سواد سا لگتا ہے، جب آگے پیچھے ہوٹر بجاتی گاڑیاں، پولیس کے ڈالے اور فراٹے بھرتے ویگو ڈالے ہوتے ہیں تو وکھری ٹور کے ساتھ شاہانہ سواری کا مزا آتا ہے۔ پھر راستے میں چوکوں اور سڑکوں پر رکی ہوئی ٹریفک اور اس میں موجودگی بے چارگی سے دیکھتے عوام ایک عجیب نظارہ دے رہے ہوتے ہیں، اب جس کے نصیب میں یہ دل خوش کن مناظر نہیں وہ تو جلے گا ہی، احتجاج ہی کرے گا، مگر گیلانی خاندان کا کیا قصور ہے اگر اللہ نے اسے یہ سب کچھ دے دیا ہے۔ پھر شہر اولیاء بھی ا نکا ہے اور یہاں کی روحانی گدی بھی ان کے پاس ہے ،مگر نہیں صاحب لوگ کہاں ماننے والے ہیں اس دلیل کو، وہ تو یہ دیکھتے ہیں یہی گیلانی خاندان کے افراد اسی شہر کی سڑکوں پر آزادانہ بغیر پروٹوکول کے گھومتے تھے، کہیں ٹریفک رش میں پھنستے، کہیں ٹریفک سگنل پر رکتے۔ خود یوسف رضا گیلانی ہاؤس میں ایک دو گاڑیوں میں نکلتے اور شہر میں کسی تقریب کے لئے جاتے اور بغیر ہٹو بچو کی فضا کے واپس گیلانی ہاؤس آ جاتے مگر اب گیلانی ہاؤس سے قافلہ نکلتا ہے تو دور دور تک سڑکیں بند کر دی جاتی ہیں۔ اب یہ کوئی ریڈزون تو ہے نہیں کہ جہاں عام آدمی نہ رہتا ہو نہ جا سکتا ہو۔ گیلانی ہاؤس تو شہر کے وسط میں ہے، جس کے اردگرد عوا م کے غریب و سادہ علاقے ہیں یہاں جب ریڈزون جیسی صورتِ حال پیدا ہوتی ہے تو عوام کے لئے وہ مشکل تو پیدا ہوتی ہے، جس کا سوشل میڈیا کی پوسٹ میں ذکر کیا گیا۔لیکن صاحبو! بات اتنی سادہ تو ہے۔ اس وقت گیلانیوں پر موسم بہار آیا ہوا ہے۔ ہر طرف سبزہ ہی سبزہ ہے۔ صرف اقتدار کا موسم ہی نہیں بلکہ ملتان میں تنہا سیاست کا ایک ہما بھی ان کے کاندھے پر بیٹھا ہوا ہے۔ملتان میں سیاست کے تین گدی نشین خاندان ہیں۔ قریشی، ہاشمی اور گیلانی۔ قریشی خاندان کے اس وقت سربراہ مخدوم شاہ محمود قریشی ہیں، پابندِ سلاسل ہیں اور پیچھے ان کا بیٹا زین قریشی نام کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔ ہاشمی خاندان کے سرخیل مخدوم جاوید ہاشمی ہیں۔ ایک مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔ ایک زمانہ تھا ان کا بھی پروٹوکول تھا، مگر اب تو یہ حال ہے کہ انہیں مخدوم رشید سے کوئی نکلنے نہیں دیتا کہ گھر کے گرد گھیرا تنگ رہتا ہے۔ وہ اپنی آواز بلند کرتے رہتے ہیں مگر نقارخانے میں طوطی کی آواز کون سنتا ہے۔ وہ پکار پکار کر کہتے ہیں مجھے گرفتار کرلو لیکن یہ فرمائش پوری نہیں ہوتی، البتہ ان کے نواسے کو گرفتار کر لیا گیا جواب پیشیاں بھگت رہا ہے۔ مخدوم جاوید ہاشمی اس پیشی پر کچہری چلے جاتے ہیں۔ اب رہ گیا تیسرا سیاسی خاندان تو وہ گیلانی ہے اور جس کی واقعتا آج کل پانچوں گھی میں ہیں کہ اس خاندان کے تمام مرد جن کی تعداد پانچ ہے، اقتدار میں ہیں۔اب یہاں یہ محاورہ تو صادق آتا ہے سنجیاں ہوجان گلیاں تے وچ مرزا یار پھرے۔ مگرمسئلہ یہ ہے ملتان کی گلیاں سنجیاں یعنی ویران نہیں ہیں، ان میں لاکھوں عوام رہتے ہیں اور انہیں اپنی روزمرہ ضرورتوں کے لئے باہر آنا پڑتا ہے، اگر ایسے میں کوئی وی وی آئی پی قافلہ گزر رہا ہے تو ان کی حالت اس پرندے جیسی ہو جاتی ہے، جسے پنجرے میں بند کر دیا گیا ہو۔ایک ستم ظریف دوست نے پوچھا یہ سید یوسف رضا گیلانی زیادہ تروقت ملتان میں کیوں گزارتے ہیں، اسلام آباد میں ان کی موجودگی ضروری ہے۔ ملتان میں ہوتے ہیں تو ہر کوئی انہیں شادی غمی کا دعوت نامہ دینے پہنچ جاتا ہے، پھر انہیں خود بھی خیال آتا ہے کہ اپنے حلقے کے لوگوں سے ملیں، اس لئے وہ گیلانی ہاؤس سے نکلتے ہیں تو بلحاظِ عہدہ انہیں سکیورٹی اور پروٹوکول دینا پڑتا ہے، جس سے ٹریفک بند ہو جاتی ہے۔ میں نے کہا بھائی اقتدار میں رہ کرہی تو اپنے آبائی شہر میں گھومنے اور رہنے کا مزہ آتا ہے۔ اسلام آباد شہر ِ اقتدار ضرور ہے مگر وہاں وہ جی حضوری نہیں ملتی جو ملتان میں ملتی ہے اس لئے جو مزا چھجوکے چوبار ے وہ بلخ نہ بخارے۔ زبانیں کہاں بند ہوتی ہیں لوگ پوچھتے ہیں، سید یوسف رضا گیلانی چار بیٹوں کے ساتھ اقتدار میں ہیں، انہوں نے اس ”اکثریت“ سے ملتان کو کیا فائدہ دیا ہے۔ کون سا منصوبہ لے کر آئے ہیں۔ صرف پروٹوکول اور لش پش کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں۔ انتظامیہ اور پولیس ان کی بات نہیں سنتی۔ ایک زمانہ تھا گیلانی ہاؤس سے لوگوں کے مسئلے حل ہوتے تھے اب ملاقات بھی نہیں ہوتی۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ سید یوسف رضا گیلانی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ سیاست میں گیم کیسے کھیلنی ہے اور آؤٹ ہونے سے کیسے بچنا ہے،اگر آصف علی زرداری کے بارے میں کہا جاتا ہے، وہ سب پر بھاری ہیں تو ملتان کی حد تک سید یوسف رضا گیلانی نے ثابت کیا ہے اقتدار میں کیسے رہنا ہے حتیٰ کہ اپنے چاروں بیٹوں کو رکن اسمبلی کیسے بناناہے۔ لاہور میں 5 سال بعد پہلی بار اکتوبر میں اے کیو آئی 300 سے زیادہ نہیں ہوا، مریم اورنگزیب

Read full story on Daily Pakistan

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments