تین دن سے لاہور میں ہوں۔ مجھے جب 90ء کی دہائی کا لاہور یادآتا ہے تو بے ساختہ زبان سے محو حیرت ہوں کہ دنیا کیا سے کیا ہو جائے گی، والا مصرعہ آ جاتا ہے۔ گاڑی سو کلومیٹر کی رفتار سے بھی چلتی رہے تو لاہور کی سڑکیں اور رونقیں ختم نہیں ہوتیں۔ایک زمانے میں صرف واپڈا ہاؤس کی عمارت سب سے اونچی ہوتی تھی۔ آج جس طرف دیکھیں ہائی رائز عمارتوں کی ایک دنیاآباد نظر آتی ہے۔ لاہور کا یہ پھیلنا اور ترقی کرنا بلاشبہ پاکستان کے لئے ایک فخر کی بات ہے مگر میں یہ سوچ رہا ہوں کیا اس سے لاہوری دوستوں پر مثبت اثرات پڑ رہے ہیں۔ کیا اہلِ لاہور اس تیز رفتار زندگی میں کہیں اپنی روایات اور طرزِ رہن سہن کو بھولتے تو نہیں جا رہے۔ مثلاً مجھے ان تین دنوں میں یوں لگا ہے کہ لاہوریوں کے پاس اب وقت نہیں۔وہ ایک ایسی دھکم پیل زندگی کے عادی ہوتے جا رہے ہیں، جس میں سرپٹ دوڑنا ہی سب کچھ ہے۔ کچھ عرصہ پہلے مجھے لاہور کے دوستوں کی وجہ سے ایک دلچسپ تجربہ ہوا تھا۔ میری کتاب کی لاہور پلاک میں رونمائی تھی۔ اب میں نے اپنے ماننے والوں اور قریبی دوستوں کو فون کرنا شروع کئے کہ وہ تقریب میں شامل ہوں۔ میں جس دوست کو فون کرتا وہ آگے سے ایک ہی جملہ کہتا ”انشاء اللہ کوشش کروں گا“ تب مجھے یوں لگا جیسے یہ جملہ لاہوریوں کا تکیہ کلام ہے۔ جب تقریب ہوئی تو میں نے اس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اب لاہور کے دوست کوشش کرنے کے لئے بھی انشاء اللہ کہتے ہیں۔ آنا تو دور کی بات ہے۔ رویوں میں آنے والی ایک بڑی تبدیلی ہے۔ ہم ملتانی ابھی اس صورت حال سے بچے ہوئے ہیں۔ ہمیں کوئی بلاتا ہے تو ہم کہتے ہیں۔ جی سائیں ضرور آساں، سردے بل آساں (جی جناب ضرور آؤں گا سر کے بل آؤں گا) یہ بات تو مسلمہ ہے کہ شہرپھیل جائے تو رابطے کمزور ہو جاتے ہیں، خاص طور پر جب پٹرول بھی بہت مہنگا ہو۔ ان تین دنوں میں جتنی گاڑی میں نے خواجہ محمد اقبال کے ذریعے گھمائی ہے، اتنی شاید لاہور کے دوست مہینے بھر میں نہ چلاتے ہوں۔ میں سوچتا ہوں ملتان کو ہم ملتانی لاہور جیسا بنانے کی سوچتے ہیں تو یہ بھول جاتے ہیں کہ وہ محبتیں، دوستیاں، قربتیں اور اپنائیت کھو بیٹھیں گے جو ایک چھوٹے شہر کی خوبی ہوتی ہے۔ ملتان میں آپ آدھے گھنٹے کے اندر شہر کے کسی بھی کونے سے دوسرے کونے تک پہنچ سکتے ہیں یہ سہولت لاہور والوں کو حاصل نہیں۔ جوہر ٹاؤن سے طارق محمود کو ملنے کے لئے ڈی ایچ اے جانا پڑا تو لگ پتہ گیا کہ فاصلہ کیا ہوتا ہے اور گاڑی کا پٹرول کتنا خرچ ہوتا ہے۔ یہ تو پھر بھی قریب کا فاصلہ ہے، اس سے بھی دور دور تک آبادیاں پھیل گئی ہیں۔ میں کئی ایسے دوستوں کو جانتا ہوں جنہوں نے نئی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں گھر لئے، اپنا آبائی مکان چھوڑکر وہاں گئے، لیکن چند دن بعد ہی ان کی زندگی بے کار اور بے ذائقہ ہو گئی۔ سامان سمیٹا اور دوبارہ اپنے پرانے مکان میں آ گئے۔ ٹیکس چوری روکنے کیلئے پیک شدہ چائے کی پیداوار کی الیکٹرانک نگرانی کا فیصلہ لاہور ترقی کر رہا ہے مگر نجانے مجھ جیسے لاہورکے نوسٹیلجیا میں مبتلا شخص کو یہ سوچ کے ڈر لگتا ہے کہ کہیں لاہور سنگ و خشت کا جہان نہ بن جائے۔ ن م راشدجن دنوں اقوام متحدہ میں تھے تو ان سے ملنے اشفاق احمد گئے۔ اقوام متحدہ کی عالیشان عمارت میں ان سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے پوچھا کیسا لگا نیویارک، دیکھیں اس کی آسمان سے باتیں کرتی عمارتیں،بازاروں میں رش اور ریل پیل کا عالم دیکھا۔ چمکتی دمکتی سڑکوں پر فراٹے بھرتی چمچماتی گاڑیاں دیکھیں،، یہ سب کچھ کہنے کے بعد انہوں نے اچانک پوچھا اور سناؤ لاہور کا کیا حال ہے؟ مجھے لاہور کا سکون، ٹھہراؤ والی زندگی اور اس کی بوباس بہت یاد آتی ہے۔ میرے اندر چونکہ لاہور کی وہی زندگی بسی ہوئی ہے اس لئے میں جب بھی لاہور آتا ہوں، اس زندگی کو ڈھونڈتا ہوں۔ چوبرجی سے جی پی او چوک تک پیدل آنا، کبھی ریواز گارڈن کی طرف منو بھائی سے ملنے چلے جانا، ریگل چوک پر اتر کر کبھی واپڈا ہاؤس اور کبھی جی پی او کی طرف چلتے جانا اور ساتھ ساتھ مونگ پھلی اور چنے کھاتے رہنا۔ چوک لکشمی آکر بیٹھ جانا اور پان شاپ، چائے کے کھوکھوں اور کھانے پینے کے ہوٹلوں اور چاروں طرف لگے فلموں کے بورڈ دیکھنا، کیا خوبصورت لاہور کی فضا تھی اور کیا ثقافتی رنگ اس میں سمائے ہوئے تھے۔ خیر یہ تو نہیں کہا جا سکتا کہ لاہور کو ویسا ہی رہنا چاہیے تھا۔ ایسا تو ہو نہیں سکتا۔ہر چیز آگے بڑھتی ہے، تغیر و تبدل سے گزرتی ہے مگر سوال عمارتوں کی افراط، سڑکوں اور فاصلوں کی بہتات اور زندگی کے متنوع رنگوں کی نہیں اس انسانی کلچر کی ہو رہی ہے جو کسی شہر کی پہچان ہوتا ہے۔ لاہوریوں کے بارے میں یہ تاثر موجود رہا ہے کہ وہ مہمان نواز اور دوستوں کے لئے اچھااور خوشگوار گوشہ رکھنے والے ہیں۔ مجھے یوں لگتا ہے جیسے لاہور کے رہنے والے اپنی اس پہچان کو بھول رہے ہیں۔ خورشید رضوی کا ایک مشہور شعر ہے: سپریم کورٹ نے وراثتی جائیداد کے مقدمات میں مدت معیاد کے تعین کے اصول وضع کر دیئے وہ جو ایک مجھ میں اکائی تھی وہ نہ جڑ سکی ماہی ریزہ ریزہ جو کام تھے مجھے کھا گئے محبت، مروت، تہذیب، فن، شاعری، کشادہ دلی، مہما نوازی اور ایسی ہی لاتعداد صفات لاہور کی اکائی ہیں۔ اس اکائی کو جڑے رہنا چاہیے۔ شہروں کی پہچان سنگ و خشت سے نہیں ہوتی، ان کی تہذیبی اور تاریخی روایات سے ہوتی ہے۔ اس لئے انہیں زندہ رہنا چاہیے۔ یہ زندہ دلان لاہور کا خطاب اتنا کم،یہ نہیں کہ اسے ہم بھلا دیں، اہلِ لاہور کی زندہ دلی کو برقرار رہنا چاہیے۔ ایسا بھی نہیں کہ لاہور میں محبتوں کے چراغ نہیں جل رہے، جہاں یہ فروزاں ہے وہاں ایسے روشن ہے کہ جیسے چودھویں کا چاند روشن ہوتا ہے۔ مجھے کل ممتاز حسین مجروح بتا رہے تھے کہ ہم نے ماڈل ٹاؤن لاہور کو اس حالت میں دیکھا ہے جب یہاں فطرت اور فضا مل کر آسودگی کو پروان چڑھاتی تھیں، اس کی خوشبو بھری معطر فضائیں دل کو لبھاتیں اور روح کو سرشار کرتیں۔ پھر یہ چیزیں رفتہ رفتہ ناپید ہوتی چلی گئیں۔ لاہور میں پھر کر البتہ آج بھی یہ تسلی ضرور ہوتی ہے کہ اے سبزہ و گل سے محروم نہیں کیا گیا۔ باغات ہوں یا سڑکیں ان کے گرد درختوں کے جُھنڈ لاہور کی فضا کو ترو تازہ بناتے ہیں۔ لاہور آج بھی آرٹ، ثقافت، ادب اور تعلیم کا گہوارہ ہے۔ ایک ایسا شہر جو بے پناہ خوبیوں اور صفات سے مالامال ہے۔ بس مجھے فکر یہی ہے کہ ترقی کے ثمرات کہیں لاہور کی اعلیٰ روایات کو نہ نگل جائیں۔ اس کی شامیں آباد اور محبت کے نگر زندہ و پائندہ رہنے چاہئیں۔ 190 ملین پاؤنڈ کیس: بانیٔ پی ٹی آئی و بشریٰ بی بی کی اپیلیں 18 نومبر کو سماعت کیلئے مقرر



