75.2 F
Pakistan
Friday, October 2, 2026
HomePoliticsفلائی دبئی واقعے میں ایران ملوث ہوا تو اسے بہت سخت نشانہ...

فلائی دبئی واقعے میں ایران ملوث ہوا تو اسے بہت سخت نشانہ بنایا جائے گا: ٹرمپ کی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر رواں ہفتے پیش آنے والے فلائی دبئی واقعے میں ایران کا تعلق ثابت ہوا تو تہران کو انتہائی سخت نشانہ بنایا جائے گا۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اماراتی پرواز میں کپتان پر چاقو سے حملہ کرنے والے پائلٹ کا ایران سے تعلق ہو سکتا ہے۔ ٹیکساس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں فلائی دبئی واقعے سے متعلق بریفنگ دی گئی ہے اور مبینہ طور پر واقعے میں ملوث پائلٹ کا ایران سے تعلق ہو سکتا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران فلائی دبئی واقعے سے منسلک پایا گیا تو اسے بہت سخت نشانہ بنایا جائے گا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ’’آپ فکر نہ کریں، ایران پر بہت سخت حملہ کیا جائے گا۔‘‘ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کا معاملہ ختم ہوتے ہی تیل کی قیمتیں نیچے آنا شروع ہوجائیں گی۔ ان کے بقول ایران کا معاملہ تقریباً ابھی ختم ہوچکا ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے پاس دو ہی راستے ہیں، یا تو وہ ایک انتہائی منصفانہ معاہدے پر دستخط کرے یا پھر اس کا وجود مزید باقی نہیں رہے گا۔ امریکی صدر نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہیں ایران کے ملوث ہونے کا شبہ کیوں ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر تہران واقعے کے پیچھے ہوا تو کیا امریکا ایران کے خلاف کارروائی کرے گا، تو ٹرمپ نے جواب دیا کہ ایران کو ’’بہت سخت‘‘ نشانہ بنایا جائے گا۔ ادھر اسرائیل جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں سوار مسافروں نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ طیارے میں 182 افراد سوار تھے، جن میں زیادہ تر اسرائیلی شہری تھے، اور طیارہ متحدہ عرب امارات سے تل ابیب جا رہا تھا۔ مسافروں کے مطابق بھارتی کپتان زخمی حالت میں کاک پٹ کا دروازہ کھولنے میں کامیاب ہوگیا، جس کے بعد مسافروں نے اندر داخل ہوکر شریک پائلٹ کو قابو کیا۔ اس دوران طیارہ اتنی تیزی سے نیچے آ رہا تھا کہ اس کا رڈر بھی الگ ہوگیا۔ واقعے میں مداخلت کرنے والے مسافر اساف راجوان نے اسرائیلی صدر کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا کہ اس وقت انہیں بے بسی کا احساس ہورہا تھا اور وہ فضا میں معلق محسوس کر رہے تھے، تاہم زندہ بچنے کے لیے مسافروں نے فوری طور پر ردعمل دیا۔ تحقیقات سے باخبر ایک علاقائی عہدیدار نے بتایا کہ واقعے کا مشتبہ شخص عمانی شہری ہے اور اسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ عہدیدار کے مطابق سعودی حکام مختلف ممالک، جن میں اسرائیل بھی شامل ہے، کے ساتھ مل کر حملے کی وجوہات اور محرکات کا تعین کر رہے ہیں۔ عہدیدار نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات، امریکا اور عمان بھی تحقیقات میں شامل ہیں۔ سعودی عرب کے مطابق زیرحراست شریک پائلٹ کو متحدہ عرب امارات کے حوالے کردیا گیا ہے۔

Read full story on Aaj

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments