چوپال سجی ہوئی تھی،چپ سائیں بھی براجمان تھے۔ ماحول میں سکوت تھا ۔۔۔ تیلی پہلوان چوپال میں قد م رکھتے ہیں، باآواز بلند سلام دعا کی۔۔۔ سب نے اس کا گرمجوشی سے جواب دیا۔۔۔ چاچا عبدالرشید نے جھٹ سے پوچھا بتاﺅ تیلی پہلوان آج کیسے ادھر کا رخ کیا؟۔۔۔ تیلی پہلوان نے کہاکہ۔۔۔بھائیو دراصل میرا چپ سائیں سے ملنے اور گیان کی باتیں سننے کا دل چاہ رہا تھا۔۔۔ اسی غرض سے سوچا چلو چوپال چلتے ہیں۔۔۔ اسی بہانے سے بھائیوں سے بھی ملاقات بھی ہوجائے گی اور سائیں جی کی باتوں سے کچھ علمیت بھی سیکھنے کو مل جائے گی۔۔۔ چپ سائیں زیر لب مسکرائے اور بولے۔۔ تیلی پہلوان جب دل کرے چوپال آجایا کرو۔۔۔تیلی پہلوان نے کہا کہ ۔۔۔ سائیں جی ایک بات کہوں۔۔ میرے بھتیجے نے مجھ کو ایک واقعہ بتایا۔۔۔میں ٹھہرا کم عقل۔۔۔ مجھے اس کی کچھ سمجھ نہیں آئی بات ہی کچھ معرفت ، علم اورحکمت کی تھی۔۔۔ میں نے سوچا آپ سے پوچھتا ہوں۔۔۔ چپ سائیں نے کہاکہ تیلی پہلوان ۔۔بولو۔۔۔ تیلی پہلوان نے کہاکہ۔۔۔ سائیں جی۔ آج ہمیں عمل اور حکمت کے بارے میں بتائیں۔۔۔ یہ کہہ کرتیلی پہلوان خاموش ہو گئے۔۔۔چپ سائیں گویا ہوئے اور کہا کہ بھائیو اور دوستو! ۔۔۔ آج میں تیلی پہلوان کے تذبذب کو بھانپتے ہوئے۔۔۔۔ اللہ کی حکمت اوراس کی رضا پر راضی رہنے پر بات کروں گا۔۔۔دوستو! عمل اور حکمت انسانی زندگی کے ان بنیادی موضوعات میں سے ہے جن پر جتنا غور کیا جائے، اتنے ہی نئے پہلو سامنے آتے ہیں۔ صاحبو! عمل اور حکمت انسانی زندگی کی کامیابی کے دو بنیادی ستون ہیں۔ عمل کے ذریعے انسان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتا ہے، اپنے مقاصد حاصل کرتا ہے اور اپنی زندگی میں تبدیلی لاتا ہے، جبکہ حکمت اسے درست سمت، مناسب طریقہ کار اور بہتر فیصلوں کی رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ایک کامیاب انسان وہ نہیں جو صرف بڑے بڑے دعوے کرے، بلکہ وہ ہے جو اپنے علم کو عمل میں تبدیل کرے، اپنی غلطیوں سے سیکھے، دوسروں کے تجربات سے فائدہ اٹھائے اور ہر معاملے میں انصاف، اعتدال اور دانائی کو اختیار کرے۔بھائیو! میں آپ لوگوں کو ایک واقعہ سناتا ہوں۔۔۔ میں نے بھی اپنے بزرگوں سے سنااور آج آپ لوگوں کو سناتا ہوں۔۔ بچوں، بھائیو اور دوستو! ۔۔۔ ایک درخت پر ایک چڑیا کا گھونسلا تھا۔۔ سب کچھ ٹھیک تھا اچانک طوفان آیا اور گھونسلا تنکا تنکابکھرگیا۔۔۔چڑیا نے شکایت کی ۔۔۔ میرے اللہ میں نے بڑی مشکل سے گھونسلا بنایا تھا ، طوفان بھیج دیا۔۔۔قدرت سے آواز آئی ۔۔ تیرے گھونسلے میں سانپ آیا تھا تجھے کھانے اس لیے طوفان بھیجا۔۔۔تاکہ تمہاری زندگی بچ جائے۔۔۔ چپ سائیں دوبارہ چپ کرگئے۔۔۔ تھوڑی دیر کے بعد گویا ہوئے۔۔۔ حق ہو۔۔۔ اللہ ہو۔۔۔ اللہ کے کام۔۔ وہی جانے۔۔۔ ہم تو بس۔۔۔یہ جانتے ہیں کہ اگر کوئی کام ہماری مرضی کے مطابق ہوجائے تو۔۔۔ خوش ہوجاتے ہیں اور خوشی دیدنی ہوتی ہے لیکن اگر کوئی کام ہماری مرضی اور منشا کے مطابق نہ ہوتو۔۔۔ ہم شکوہ اور شکایت کرنے لگتے ہیں۔۔ دوستو۔۔۔ تصویر کا دوسرا اور اصل رخ یہ ہے کہ انسان کی زندگی میں نجانے کتنی مشکلات اور مصیبتیں آتی ہیں جس کی وجہ سے وہ اللہ سے شکوہ کرتا ہے حالانکہ انسان کو نہیں پتہ اس میں کونسی حکمت چھپی ہے ۔۔۔ چپ سائیں کا لہجہ مغموم تھا۔۔۔ وہ خاموش ہوگئے۔۔۔ نتھو نے ان کو پانی کا گلاس دیا۔۔۔چپ سائیں نے گھونٹ گھونٹ پی کر الحمد اللہ کہا۔۔۔۔ سب دوبارہ چپ سائیں کے منتظر تھے۔۔۔ چپ سائیں بولے۔۔۔ بھائیو! اس کی مثال میں ایسے دوں گا کہ ایک شخص کاروبار شروع کرنا چاہتا ہے۔ اگر وہ صرف جوش اور جذبے کی بنیاد پر کاروبار شروع کر دے لیکن مارکیٹ کا سروے نہ کرے۔۔۔۔گاہکوں کی ضروریات اور ممکنہ خطرات کا جائزہ نہ لے تو اسے نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔ اس کے برعکس اگر وہ پہلے منصوبہ بندی کرے، حالات کو سمجھے،کسی سے مشورہ لے اور پھر مناسب انداز میں کام شروع کرے تو کامیابی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔یہی عمل اور حکمت کا حسین امتزاج ہے۔دوستواگر کسی انسان کے پاس حکمت ہو لیکن عمل نہ ہو تو وہ محض مشورے دینے والا بن کر رہ جاتا ہے۔ وہ دوسروں کو کامیابی کے راستے بتاتا ہے لیکن خود اپنی زندگی میں ان پر عمل نہیں کرتا۔صاحبو! حکمت کا تقاضا یہ بھی ہے کہ انسان ہر بات پر فوری ردعمل نہ دے۔ بعض اوقات خاموشی بہترین جواب ہوتی ہے اور بعض اوقات بروقت گفتگو بڑے مسئلے کو حل کر دیتی ہے۔صاحبو! انسان کی زندگی مختلف قسم کے مسائل اور مشکلات سے عبارت ہوتی ہے۔ کبھی مالی پریشانی ، کبھی گھریلو اختلافات ،کبھی کاروباری نقصان ہوتا ہے۔تیلی پہلوان، نتھو اورپھتو ان تمام حالات میں حکمت انسان کی بہترین رہنما ہوتی ہے۔ اگر ہر شخص اپنی بات منوانے پربضد ہوتو معمولی اختلاف بھی بڑے جھگڑے کی صورت اختیار کر لیتے ہیں لیکن تھوڑی دیر کی خاموشی اور صرف ایک مسکراہٹ سب اختلافات ختم کردیتی ہے۔بھائیو! عمل میں اخلاص اور حکمت میں اعتدال ضروری ہے۔ انسان کو نہ تو جذبات میں بہہ کر فیصلے کرنے چاہئیں اور نہ ہی مصلحت کے نام پر اپنے اصولوں کو قربان کرنا چاہیے۔ صاحبو! ہمیں اپنی زندگی کا جائزہ لینا چاہیے کہ ہم دوسروں کی اصلاح کی فکر میں کتنے مصروف ہیں اور اپنی اصلاح کے لیے کتنا وقت نکالتے ہیں۔ کیا کبھی اپنے عیوب پر سنجیدگی سے نظر ڈالتے ہیں؟۔۔۔۔حقیقت یہ ہے کہ معاشرے کی اصلاح کا آغاز تقریروں، تنقید اور دوسروں پر انگلیاں اٹھانے سے نہیں، بلکہ اپنی ذات کی اصلاح سے ہوتا ہے۔ دوستو! ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ زندگی بہت مختصر ہے۔ اس مختصر سفر میں نفرتیں پالنا، اپنی انا کی خاطر رشتوں کو قربان کرنا دانش مندی نہیں۔ اصل حکمت یہ ہے کہ جہاں معاف کرنا ممکن ہو وہاں معاف کیا جائے، جہاں خاموشی بہتر ہو وہاں خاموش رہا جائے۔۔۔ دوستو! حقیقی عمل یہ نہیں کہ انسان بڑے بڑے کارناموں کے خواب دیکھے، بلکہ یہ ہے کہ وہ روزانہ اپنی ذات میں ایک چھوٹی سی مثبت تبدیلی پیدا کرے۔حکمت انسان کو یہ شعور دیتی ہے کہ کامیابی پر غرور نہ کیا جائے بلکہ جھک کر شکر ادا کیا جائے اور ہر ناکامی پر مایوس نہیں ہونا چاہئے بلکہ غلطیوں کاجائزہ لیاجائے اور دوبارہ سفر شروع کردینا چاہئے۔۔۔ رہے نام اللہ کا! ۔۔



