بولی ووڈ اداکار ہریتھک روشن اور ان کی سابقہ اہلیہ سوزین خان کی طلاق کے بعد گزشتہ کئی برسوں سے یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ سوزین خان نے ہریتھک روشن سے 400 کروڑ روپے کی رقم وصول کی تھی۔ اب سوزین خان کی بہن اور معروف جیولری ڈیزائنر فرح خان علی نے ان خبروں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کبھی نہیں ہوا۔ صحافی وکی لالوانی کے یوٹیوب چینل پر فرح خان علی نے اس معاملے پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ہریتھک روشن اور سوزین خان کی علیحدگی باہمی رضامندی سے ہوئی تھی اور دونوں نے اپنی ذاتی زندگی کے مشکل وقت کو بہت سمجھداری اور وقار کے ساتھ سنبھالا۔ فرح خان علی نے کہا، ’اس وقت ہر کوئی حیران تھا۔ بہت شور شرابہ ہوا اور لوگوں نے ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں اپنی اپنی رائے دی، لیکن میرے خیال میں دونوں نے اس مشکل وقت کو بہت خوبصورتی سے سنبھالا۔ ان کی علیحدگی باہمی رضامندی سے ہوئی تھی۔‘ فرح خان علی نے افواہوں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ،’میں ریکارڈ پر ایک بات کہنا چاہتی ہوں کہ کبھی بھی 400 کروڑ روپے کا کوئی لین دین نہیں ہوا تھا، جب میں انٹرنیٹ پر لوگوں کو یہ کہتے ہوئے دیکھتی ہوں کہ اتنے پیسے دیے گئے اور سوزین امیر ہو گئی تو دل سے تکلیف ہوتی ہے۔ یہ سراسر جھوٹ ہے۔‘ فرح خان علی نے مزید بتایا کہ سوزین خان نے علیحدگی کے دوران کسی قسم کی مالی رقم قبول نہیں کی۔ ان کے مطابق ان کی والدہ نے ہمیشہ انہیں یہ سکھایا کہ رشتے دولت سے زیادہ اہم ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا، ’اسی سوچ کی وجہ سے آج بھی سوزین کے اپنے سابق شوہر ہریتھک اور سابق سسرال والوں، پنکی اور راکیش روشن، کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں۔ وہ سب سوزین سے محبت کرتے ہیں۔‘ فرح خان علی نے یہ تاثر بھی مسترد کیا کہ سوزین خان کو طلاق سے مالی فائدہ پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بہن ایک باعزت خاندان سے تعلق رکھتی ہیں اور انہوں نے ہمیشہ وقار کے ساتھ زندگی گزاری ہے۔ ان کے مطابق ہریتھک اور سوزین دونوں نے اپنی شادی کے خاتمے کو کبھی عوامی تماشہ نہیں بنایا۔ انہوں نے کہا، ’اس طلاق میں کوئی ہرجانہ شامل نہیں تھا۔ یہ بات غلط ہے اور مکمل طور پر بے بنیاد ہے۔‘ فرح خان علی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ 2014 میں طلاق مکمل ہونے کے بعد انہوں نے سوزین سے بار بار کہا تھا کہ تم خود سامنے آ کر ان افواہوں کی تردید کیوں نہیں کرتیں، لیکن سوزین نے خاموش رہنے کا فیصلہ کیا۔ فرح کے بقول جب انہوں نے سوزین سے پوچھا کہ تم ان سب باتوں کو جھوٹا کیوں نہیں کہتیں، تو سوزین نے جواب دیا کہ فرح، مجھے اس بات کی کوئی پرواہ نہیں کہ لوگ میرے بارے میں کیا سوچتے ہیں۔ فرح کا کہنا ہے کہ یہ ان کے خاندانی مزاج کو ظاہر کرتا ہے کہ وہ لوگوں کی باتوں کو اپنی زندگی پر اثر انداز نہیں ہونے دیتے جب تک کہ کوئی بات واقعی اہمیت نہ رکھتی ہو۔ واضح رہے کہ ہریتھک روشن اور سوزین خان بچپن کے دوست تھے۔ دونوں نے دسمبر 2000 میں شادی کی تھی اور ان کے دو بیٹے ہیں۔ اگرچہ دونوں 2013 میں الگ ہوگئے تھے اور 2014 میں ان کی طلاق ہوگئی، تاہم آج بھی وہ اپنے بچوں کی پرورش کے سلسلے میں ایک دوسرے کے ساتھ خوشگوار تعلقات رکھتے ہیں اور مختلف مواقع پر ایک ساتھ بھی دکھائی دیتے ہیں۔
طلاق کے بعد ہریتھک روشن نے سوزین کو 400 کروڑ روپے دیے؟ بہن نے سچائی بتادی
RELATED ARTICLES



