پاکستان کی معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے سابق شوہر اقبال انصاری سے طلاق کے بعد ان کے رویے میں آنے والی بڑی تبدیلی کے بارے میں اہم معلومات شیئر کی ہیں۔ بشریٰ انصاری نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی پہلی شادی، اس میں پیش آنے والی مشکلات اور طلاق کے بعد اپنے سابق شوہر اقبال انصاری میں آنے والی مثبت تبدیلی کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔ بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ شادی کے دوران گھر کی تمام ذمہ داریوں کا بوجھ انہی کے کندھوں پر تھا۔ وہ ادکاری بھی کرتی تھیں اور ساتھ ہی گھر اور بچوں کو بھی اکیلے ہی سنبھالتی تھیں۔ ان کے مطابق اس وقت اقبال انصاری نے ان کا کوئی ساتھ نہیں دیا تھا۔ بشریٰ انصاری نے کہا، ”میں نے اپنی شادی میں بہت محنت کی۔ بچوں کی پرورش سے لے کر گھر کی ذمہ داریوں تک سب کچھ میں ہی کرتی تھی۔ مجھے اس وقت اپنے شوہر کی طرف سے زیادہ تعاون حاصل نہیں تھا۔“ تاہم طلاق کے بعد معاملات میں کافی تبدیلی آئی ہے۔ بشریٰ انصاری کے مطابق اقبال انصاری اب ایک بہت اچھے والد اور نانا بن چکے ہیں۔ وہ اپنی بیٹیوں اور ان کے بچوں کے ساتھ رہتے ہیں اور ان کا پورا خیال رکھتے ہیں۔ وہ اپنی بیٹی کے پاس امریکا بھی جانتے ہیں اور ان کا حال احوال بھی پوچھتے ہیں اور یہی اچھی بات ہے کہ ان کے پاس باپ بھی ہے اور ماں بھی۔ بشریٰ انصاری کے مطابق، ”اب وہ اپنی بیٹیوں اور نواسے نواسیوں کے بہت قریب ہیں۔ وہ ان کے ساتھ وقت گزارتے ہیں، ان کی خیریت پوچھتے ہیں اور ان کی زندگی میں بھرپور دلچسپی لیتے ہیں۔“ بشریٰ انصاری نے کہا، ”میں نے اپنے بچوں کا ہر کام اکیلے مزدوروں کی طرح کیا، لیکن اب اقبال انصاری نے بچوں کی پوری ذمہ داری خود اٹھا لی ہے۔“ انہوں نے مزید بتایا کہ اقبال انصاری اب بچوں اور نواسے نواسیوں کے بہت قریب ہیں، ان کا حال احوال پوچھتے ہیں اور ان کے ساتھ پورا وقت گزارتے ہیں۔ اس طرح طلاق کے بعد وہ ایک ذمہ دار باپ کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ بشریٰ انصاری نے اپنی گفتگو میں یہ بھی انکشاف کیا کہ ان کے سابق شوہر اقبال انصاری کے لیے ایک مشہور اور کامیاب خاتون کے ساتھ زندگی گزارنا آسان نہیں تھا۔ ان کے مطابق شہرت اور مختلف مزاج کی وجہ سے ان کے ازدواجی تعلق میں کئی چیلنجز موجود تھے۔ تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر انسان اپنی اندرونی کشمکش سے گزر رہا ہوتا ہے اور لوگ ہمیشہ برے نہیں ہوتے بلکہ ایک دوسرے سے مختلف ہوتے ہیں۔ بشریٰ انصاری نے کہا کہ وہ اپنے سابق شوہر کو ایک ذہین انسان، بہترین ہدایت کار اور اچھا باپ سمجھتی ہیں، جو آج اپنی بیٹیوں اور نواسے نواسیوں سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔
طلاق کے بعد سابق شوہر میں کیا تبدیلی آئی؟ بشریٰ انصاری کا دلچسپ انکشاف
RELATED ARTICLES



