لاہور قتل ہو چکا ہے۔ اپنوں کے ہاتھوں پر ہی لہو کے نشان دیکھے جا سکتے ہیں۔ پچھلے چند سالوں سے قدرت نے لاہور سے اس کا نومبر چھین لیا ہے۔ میرے شہر کے نومبر کا ایک اپنا ہی حسن تھا، جب اکتوبر کی شامیں خنکی زدہ ہوتی تھیں اور ٹھنڈک کا احساس دھیرے دھیرے بڑھنا شروع ہو جاتا۔ شام 5 سے پھو پھٹنے تک سردی کا وجود، پھر دن ڈھلے موسم خوشگوار رہتا تھا۔ ایسے میں لاہور کے باسی نومبر کے رومان میں مبتلا ہونے کا انتظار کرتے، جب وہ دن کو دھوپ میں کرسیاں ڈالے براجمان ہوں، چائے، کافی سے لطف اندوز ہوں، سردیوں کی سوغات مالٹے، کینو کھائیں۔ مگر دیکھیں کیا ستم ظریفی ہے کہ اب لاہور کے باسیوں پر نومبر زہرِ قاتل بن کر نازل ہوتا ہے۔ ایک وقت تھا جب ہم کہتے تھے کہ نومبر آئے تو گزرے ہی نہ، مگر اب یہ عالم ہے کہ نومبر کے ستم سے خوفزدہ اس ماہِ رومان کے گزرنے کی دعائیں مانگ رہے ہیں۔ یہ شہرِ نگاراں سموگ زدہ ہو چکا ہے۔ سموگ ہمارا نومبر نگل چکی ہے۔ نومبر میں خوب ادبی میلے، فیض میلہ لگتا تھا، اس کو سموگ نے نگل لیا ہے۔ دبستانِ لاہور کو پہلے خود اس کے باسیوں اور حکمرانوں نے اجاڑا، اب قدرت بھی ہم سے روٹھ چکی ہے۔ آخر اس شہر کے قاتل کون ہیں؟ کس نے اس شہر کو سموگ زدہ کیا ہے؟ ماحول دشمن کون ہے؟ اس شہر کے لوگوں کی رگوں میں زہر کون اتار رہا ہے؟ پچھلے 15 سے 20 سالوں میں لاہور پر مسلط حکمرانوں نے خوب انڈر پاس، فلائی اوور، میٹرو بس، اورنج لائن ٹرینوں کے نام پر سریے، کنکریٹ، ریت، سیمنٹ، پلستر کے پہاڑ کھڑے کر دیے۔ فضا کو ان تعمیراتی کاموں نے شدید متاثر کیا۔ چونکہ یہ سب کام ماحول دشمن ہوتے، اس لیے ماحول کو محفوظ بنانے کے لیے شجرکاری پر دھیان نہیں دیا گیا۔ نہ پودا لگا، نہ کہیں پھولوں کی کیاری لگی۔ اوپر سے پرانے درختوں کا قتلِ عام جاری رہا، جسے اب فارم 47 والے ناصر باغ کے ایک حصے کو ختم کرکے وہاں کار پارکنگ بنا رہے ہیں۔ پیڑوں کی مزید لاشوں کو کندھا دینا پڑے گا۔ پھر ہم نے اپنا دریا، راوی، بھی اجاڑ دیا۔ فارم 47 کی وزیرِ اعلیٰ کہتی ہے، پنجاب کے پانچ دریاؤں سے سونا نکلتا ہے۔ خدا کی پناہ، راوی میں تو پانی ہی نہیں ہے، سونا کہاں نکلے گا؟ کیسا کیسا نمونہ حکمران ملا ہے ہم کو۔ نہ جانے کیوں عقل اور شعور سے ہمارا کوئی واسطہ ہی نہیں۔ چالیس سالوں سے اقتدار میں قابض یہ خاندان، چونکہ مطالعہ، کتب، اخبار، رسائل سے نابلد ہے، اس لیے شہرِ رومان لاہور کی تاریخ، ثقافت، تہذیب سے ان کا کوئی سروکار نہیں ہے۔ دیکھیں، انڈر پاس، فلائی اوور بن گئے، میٹرو بس اور ٹرین چل گئی، مگر لاہور کا نوحہ سن لیں: نکاسیٔ آب نہیں، ساون میں یہ شہر پانی میں ڈوب جاتا ہے اور خزاں اور سرما میں سموگ زدہ ہو جاتا ہے۔ لاہور کے باسیوں کے ساون اور خزاں کے رومان پرور موسموں کو یہ حکمران ٹولہ کھا چکا ہے۔ کیا نصیب ہیں اہلِ لاہور کے: نیچے زمین پر نکاسیٔ آب کے مسائل، گندگی، گٹر ابل رہے ہیں۔ میگا برسّا تو نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، پھر موسم بدلا، خزاں آئی تو فضاؤں میں سموگ شہریوں کے لیے زہرِ قاتل بن کر نازل ہو گئی ہے۔ اور اب اعلان ہوا کہ پاکستان، سری لنکا کا دوسرا ٹیسٹ میچ بھی لاہور میں نہیں ہوگا۔ اب تو لاہور کے باسیوں کو اپنے قاتلوں کو کندھوں سے اتار کر پھینک دینا چاہیے اور ایک دوسرے سے گلے لگ کر یہ کہنا چاہیے: آ، عندلیب! مل کے کریں آہ و زاریاں تو ہائے گل پکار، میں چلّاؤں ہائے دل
سموگ نے نہیں، حکمرانوں نے لاہور کو مارا ہے
RELATED ARTICLES



