آج میرے بیٹے کا جنم دن ہے۔ پہلی اولاد کا خدشات بھرا لطیف احساس، انیس برس قبل اسی روز 8 نومبر کو ہم لمس ہوا تھا جب پہلی بار خود کو خود رو جڑی بوٹی سے پھلدار شجر میں ڈھلتے دیکھا تھا۔ عین اسی شام جب میں خود باپ بنا تھا، پہلی بار اپنے باپ کی آنکھوں میں ہمیشہ سے تیرتا خوف کچھ کچھ سمجھ آیا تھا۔ وقت کے ساتھ ساتھ، جب عون بولنے لگا تو میرے لفظ کم ہوتے گئے۔ وہ سکول جانے کے قابل ہوا تو امید کی کوکھ میں وہم بھی پلنے لگے۔ پھر وہ بچپن سے لڑکپن کے لبادے میں ملبوس ہوا تو اس کے قدموں کی چاپ سے خود سری کی بازگشت سنائی دی، وہی بازگشت جس سے برسوں پہلے میں نے اپنے ابا کو مرعوب اور لاجواب ہوتے دیکھا تھا۔ مجھ سے میرے بیٹے نے جب پہلا جھوٹ بولنے کی کوشش کی تو میرے ردعمل کے سامنے میرے اپنے باپ کے روبرو بولے گئے جھوٹ مکافات بن کر کھڑے ہو گئے اور عون نے میری خامشی کو پشت پناہی سمجھ لیا۔ پھر اس کے ہیئر ڈریسر، ٹیلر، فیس واش، پسند نا پسند، موسیقی اور ڈشز مختلف ہوتے گئے۔ وہ بات کرتے کرتے مصلحت کا شکار ہونے لگا۔ وہ میری ڈانٹ بھری باتوں سے اپنی عزت، بے عزتی تلاش کرنے لگا۔ سوچ میں تجاوز اب معمولات میں دخل دیتا نظر آیا۔ میں جیسے جیسے پیچھے ہٹتا جاتا ہوں مجھے ایک جوان ہوتے بیٹے کے سامنے اپنے ہی باپ کی بے بسی رلا دیتی ہے۔ جب میں عون کی کسی خواہش کے سامنے خود کو اپنے جذبات کے برعکس لچکدار بناتا ہوں تو جھکی ہوئی کمریں اپنی کہانیاں بیان کرتی ہیں۔ جب کبھی سکول ٹرپ، گٹ ٹو گیدر اور دوستوں کے نام پر وہ میری آنکھوں سے اوجھل ہوا تو میں جان گیا کہ جب شام ڈھلے، میں گاو¿ں سے نکل کر شہر آتا تھا تو میرا باپ میری روانگی سے پہلے اس لیے کہیں چلا جایا کرتا تھا کہ مجھے جاتا ہوا نہ دیکھ سکے۔ ایک بیٹے کی بڑھتی جاتی شعوری عمر نے مجھے وہ ساری کیفیات سے آشنائی عطا کر دی جو میرا باپ مجھے کوشش کے باوجود نہ سمجھا سکا تھا۔ اس لیے نہ سمجھا سکا کہ اس وقت میں بیٹا تھا، باپ نہ تھا۔ اور آج عون عباس بھی بیٹا ہے، باپ نہیں۔ صحن میں گھٹنوں کے بل چلنے سے لے کر سکول کے پہلے دن تک تمہارا ایک ایک لمحہ مجھے کسی الہامی کتاب کی طرح حفظ ہے۔ میرے بیٹے. .. . پہلے کھلونے سے لے کر تمہارے پہلے جھوٹ تک کا سفر ہی درحقیقت زندگی کی سچائی ہے۔ تین سال پہلے جب تمہیں تیز بائیک چلاتے ہوئے شاکر حسین شاکر بھائی نے دیکھا تھا تو مجھے سختی سے کہا تھا کہ میں ابھی تجھ پر اپنی دسترس سخت رکھوں. .. . مگر بھلا پندرہ سال کی سرحد عبور کرتا لڑکا دنیا کے کسی مہذب قانون کو کب مانتا ہے۔ بارہ سالہ سکولنگ کے بعد تمہارا کالج کا پہلا دن ہی وہ لمحہ تھا جب میں نے اپنے تمام خواب وقت کی سلیٹ پر لکھی جانے والی ممکنہ تعبیروں کے حوالے کر دئیے۔ وہم، وسوسہ، شک، امکان. .. . شہر کا ہجوم. .. . عادات. .. . بے لگام آوارگی. .. . منشیات. .. . خوف. .. . ایسے بہت سے احساسات میری آنکھوں سے نیندیں چھینتے رہے مگر میں اس کا ذکر نہ کر سکا. .. . اس لیے کہ تم صرف میری ہی نہیں اپنی ماں کی بھی جذباتی ملکیت ہو۔ اب تم خود مختاری کے بارڈر پر کھڑے ہو تو میرے پاس دعائے نیم شبی کا تحفہ ہے. .. . اور جنم دن پر کچھ نصیحتیں. .. . آئندہ سالگرہ تک اگر دعا کے لیے اٹھتے ہاتھ نڈھال بھی ہو جائیں تو یاد رکھنا کہ زندگی صرف اپنی ذات کی تسکین کا نام نہیں، ذمہ داری سے آسودگی تقسیم کرنے کا نام ہے۔ میں موجود ہوں تو تم ہمیشہ اپنی زندگی جیو اور اگر میں نہ رہوں تو تم پر سب سے زیادہ حق تمہاری ماں کا ہے۔ تمہارے ساتھ جڑے رشتوں کی امیدیں جو تم سے وابستہ ہیں وہ شائد تمہیں بلاجواز لگیں مگر سب سے بڑی حقیقت ہیں۔صاحب اولاد ہونا مجھے پدرانہ احساس سے آشنا کرتا گیا اور ہمیشہ سے کوشش اور دعا رہی کہ میرا بیٹا کامیاب رہے۔ اور مجھے اعتراف کرنا ہے کہ وہ ایک مہمان نواز، مو¿دب اور سمجھ دار بچہ ہے اس لیے میں عون کی سالگرہ پر ڈاکٹر اسلم انصاری کی نظم بطور تحفہ پیش کرتا ہوں۔میرے عزیزومجھے محبت سے تکنے والومجھے عقیدت سے سننے والومرے شکستہ حروف میں اپنے من کی دنیا بسانے والومرے الم آفریں تکلم سے انبساطِ تمام کی لازوال شمعیں جلانے والوبدن کو تحلیل کرنے والی ریاضتوں پر عبور پائے ہوئے، سکھوں کو تجے ہوئے بے مثال لوگوحیات کی رمزِِ آخری کو سمجھنے والو، عزیز بچو! میں بجھ رہا ہوںمیرے عزیزو، میں جل چکا ہوںمرے شعور حیات کا شعلہ جہاں تاب بجھنے والا ہےمیرے کرموں کی آخری موج میری سانسوں میں گھل چکی ہےمیں اپنے ہونے کی آخری حد کو آ گیا ہوںتو سن رہے ہو میرے عزیزو؟میں جا رہا ہوںمیں اپنے ہونے کا داغ آخر کو دھو چلا ہوںکہ جتنا رونا تھا، رو چلا ہوںمجھے نہ اب انت کی فکر ہے، نہ اب کسی چیز پر نظر ہےمیں اب تو صرف اتنا جانتا ہوں کہ نیستی کے سکوت کامل کے،جہل مطلق (کہ علم مطلق ہے)،جہل مطلق کے بحر بے موج سے ملوں گا، تو انت ہو گااس التباسِ حیات کا جو تمام دکھ ہےمیں دکھ اٹھا کر،مرے عزیزو! میں دکھ اٹھا کر حیات کی رمزِ آخری کو سمجھ گیا ہوں،تمام دکھ ہےوجود دکھ ہے، وجود کی یہ نمود دکھ ہےحیات دکھ ہے، ممات دکھ ہےیہ ساری موہوم و بے نشاں کائنات دکھ ہےشعور کیا ہے؟ اک التزامِ وجود ہے،اور وجود کا التزام دکھ ہےجدائی تو خیر آپ دکھ ہے،ملاپ دکھ ہےکہ ملنے والے جدائی کی رات میں ملے ہیں،یہ رات دکھ ہےیہ زندہ رہنے، یہ باقی رہنے کا شوق، یہ التزام دکھ ہےسکوت دکھ ہے کہ اس کرب عظیم کو کون سہہ سکا ہے؟کلام دکھ ہے، کہ کون دنیا سے کہہ سکا ہے جو ماورائے کلام دکھ ہےیہ ہونا دکھ ہے،نہ ہونا دکھ ہے،ثبات دکھ ہے،دوام دکھ ہےمرے عزیزو! تمام دکھ ہےتمام دکھ ہے۔۔۔!
جنم دن پر بیٹے کے نام ایک خط
RELATED ARTICLES



