71.5 F
Pakistan
Saturday, September 26, 2026
HomeBusinessترسیلاتِ زر پر اربوں روپے کے شاندار انعامات، خلیجی ممالک میں مقیم...

ترسیلاتِ زر پر اربوں روپے کے شاندار انعامات، خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے لیے خوشخبری

متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانی اب پاکستان رقم بھیجنے پر سالانہ اربوں روپے کے انعامات جیت سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ’’پاسبَان ریمی ٹنس ریوارڈ اسکیم‘‘ شروع کی ہے، جس کے تحت ہر سال مجموعی طور پر 16 ارب روپے کے نقد انعامات دیے جائیں گے۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اس اسکیم میں متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک سے پاکستان رقم بھیجنے والے افراد اور ان کے مستحقین کے لیے مجموعی انعامات کا 50 فیصد حصہ مختص کیا گیا ہے۔ اسکیم کا سب سے بڑا انعام 10 کروڑ پاکستانی روپے، یعنی تقریباً 13 لاکھ 20 ہزار درہم ہے۔ اسکیم میں کون شامل ہوسکتا ہے؟ اس اسکیم میں حصہ لینے کا طریقہ کار انتہائی آسان رکھا گیا ہے۔ اس اسکیم میں وہ مستحق افراد شامل ہوسکتے ہیں جن کے بینک اکاؤنٹ میں مسلسل تین ماہ تک ہر ماہ کم از کم 100 امریکی ڈالر یا اس کے مساوی رقم بیرون ملک سے ترسیلات کی صورت میں موصول ہو۔ ہر اہل مہینے میں موصول ہونے والی ہر 100 ڈالر کی رقم پر ایک ڈیجیٹل انٹری نمبر یا ٹکٹ دیا جائے گا۔ اس کا مطلب ہے کہ اگر کسی شخص کو ایک ماہ میں 100 ڈالر، دوسرے ماہ 200 ڈالر اور تیسرے ماہ 300 ڈالر موصول ہوں تو اسے مجموعی طور پر 6 انٹریاں حاصل ہوں گی۔ یعنی جتنی زیادہ رقم بھیجی جائے گی قرعہ اندازی میں شامل ہونے کے مواقع بھی بڑھ جائیں گے۔ اس اسکیم میں شامل ہونے کے لیے کسی قسم کی فیس نہیں ہوگی۔ یہ مکمل طور پر مفت ہے۔ بینک اہل افراد سے ٹکٹ خریدنے، اضافی رقم جمع کرانے یا اکاؤنٹ میں کم از کم بیلنس رکھنے کا مطالبہ نہیں کریں گے۔ ہر تین ماہ بعد کروڑوں کے انعامات اسٹیٹ بینک کے مطابق ہر سہ ماہی یعنی تین ماہ کے بعد 2, 521 نقد انعامات دیے جائیں گے، جن کی مجموعی مالیت 4 ارب روپے ہوگی۔ ہر قرعہ اندازی میں ایک شخص کو 10 کروڑ روپے کا پہلا انعام ملے گا، جبکہ 20 افراد کو ڈھائی کروڑ روپے فی کس کے حساب سے دوسرے انعامات دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 100 افراد کو ایک کروڑ روپے فی کس کے تیسرے انعامات دیے جائیں گے، جبکہ 2, 400 افراد ایک ایک لاکھ روپے کے چوتھے انعامات جیت سکیں گے۔ اس طرح ایک سال کے دوران 10 ہزار سے زیادہ افراد کو مجموعی طور پر 16 ارب روپے کے انعامات دیے جائیں گے۔ خلیجی ممالک کے لیے نصف انعامات انعامات مختلف خطوں سے پاکستان بھیجی جانے والی ترسیلات کے حساب سے تقسیم کیے جائیں گے۔ خلیجی ممالک، جن میں متحدہ عرب امارات بھی شامل ہے، کے لیے مجموعی انعامات کا 50 فیصد حصہ رکھا گیا ہے۔ اس کے بعد برطانیہ کے لیے 15 فیصد، یورپ کے لیے 15 فیصد، شمالی امریکا کے لیے 10 فیصد جبکہ دیگر ممالک کے لیے 10 فیصد انعامات مختص کیے گئے ہیں۔ تاہم 10 کروڑ روپے کا پہلا انعام تمام خطوں سے پاکستان رقم بھیجنے والے اہل مستحقین کے لیے دستیاب ہوگا۔ متحدہ عرب امارات میں 17 لاکھ سے زیادہ پاکستانی رہتے اور کام کرتے ہیں، جس کی وجہ سے یہ کمیونٹی ملک کی بڑی تارکین وطن آبادیوں میں شمار ہوتی ہے۔ پہلا قرعہ اندازی کب ہوگی؟ اس اسکیم کے تحت ہر تین ماہ بعد قرعہ اندازی کی جائے گی۔ پہلی قرعہ اندازی 15 جنوری 2027 کو ہوگی، جس میں یکم اکتوبر سے 31 دسمبر 2026 تک موصول ہونے والی اہل ترسیلات شامل ہوں گی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق قرعہ اندازی مکمل طور پر ڈیجیٹل، محفوظ اور قابل جانچ عمل کے ذریعے کی جائے گی۔ نتائج اسکیم کی مخصوص ویب سائٹ کے علاوہ شریک بینکوں اور پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کی ویب سائٹس اور سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری کیے جائیں گے۔ پاکستانی ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ اسٹیٹ بینک کےمطابق حالیہ مالی سال کے دوران کارکنوں کی ترسیلاتِ زر میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے، جو ملک کی معیشت اور لاکھوں خاندانوں کی مالی معاونت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے کہا کہ ترسیلات زر پاکستان کے لاکھوں خاندانوں کے لیے اہم سہارا ہیں اور ان سے گھریلو اخراجات، تعلیم، صحت، سرمایہ کاری اور دیگر معاشی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق پاسبان اسکیم مکمل طور پر پاکستان کے بینکنگ شعبے کی جانب سے فراہم کی جائے گی اور اس کے لیے قومی خزانے یا حکومت پر کوئی مالی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔ اس اسکیم کا بنیادی مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو رقم بھیجنے کے لیے غیر رسمی ذرائع کے بجائے بینکوں اور دیگر باقاعدہ مالیاتی ذرائع استعمال کرنے کی ترغیب دینا ہے، جبکہ ملک کی معیشت میں اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو بھی تسلیم کرنا ہے۔

Read full story on Aaj

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments