59.8 F
Pakistan
Thursday, November 12, 2026
HomeCrimeبی ایل اے کا نیا سربراہ کون؟ تاخیر پر اٹھتے سوالات

بی ایل اے کا نیا سربراہ کون؟ تاخیر پر اٹھتے سوالات

ایسی صورت حال میں عموماً ایسا بھی ہوتا ہے کہ زیر گردشت ناموں کے علاوہ کوئی تیسرا شخص سربراہ کے طور پر سامنے آجاتا ہے، لیکن نئی قیادت کے اعلان میں تاخیر کی وجوہات کیا ہوسکتی ہیں، آئیں جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔ کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے سربراہ کو کمانڈر اِن چیف کے عہدے سے ہٹانے کی خبریں حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔ قیادت میں تبدیلی کا عوامی سطح پر موضوعِ بحث بننا ایک فطری بات ہے، تاہم ایک ایسے وقت میں بشیر زیب کو ہٹانے کی خبریں اس لیے اہم ہیں کہ کچھ عرصے سے بلوچ خواتین کو خودکش حملوں میں استعمال کرنے کی پالیسی پر تنقید ہو رہی ہے۔ دسمبر 2018 میں جب اسلم بلوچ ایک خودکش حملے کا نشانہ بنے تو ان کے بعد بشیر زیب تنظیم کے سربراہ کے طور پر سامنے آئے۔ بلوچستان میں علیحدگی کی تحریک کو سیاسی میدان میں اس وقت زیادہ پذیرائی ملی جب بی این ایم کے سربراہ چیئرمین غلام محمد بلوچ، لالا منیر اور شیر محمد کی لاشیں ملی تھیں۔ اس کے بعد پورے بلوچستان میں ایک نہ ختم ہونے والی احتجاجی تحریک کا آغاز ہوا، جو نواب اکبر بگٹی کے قتل کے بعد دوسرا بڑا ردعمل تھا۔ یہاں سے بلوچستان میں جاری مسلح جدوجہد کی جانب بلوچ نوجوانوں کی توجہ بڑھتی گئی۔ بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن (آزاد)، جسے بعد میں کالعدم قرار دیا گیا، پر اس دور میں بھی یہ ہی الزام تھا کہ وہ ذہن سازی کرتی ہے۔ بشیر زیب بھی بی ایس او آزاد کے چیئرمین تھے لیکن ان کے دور میں اس تنظیم پر کوئی پابندی عائد نہیں تھی۔ اس کے بعد بی ایس او آزاد کی قیادت جب بانک کریمہ بلوچ کے پاس آئی تو ایک نئے دور کا آغاز ہوا۔ انہوں نے بلوچستان بھر میں ازسرنو تنظیم سازی کا آغاز کیا۔ اس دوران بلوچ طلبہ سیاست میں خواتین کی شرکت کا رجحان بھی بڑھا، جس کے اثرات آج زیادہ نمایاں دکھائی دیتے ہیں۔ اگرچہ اس وقت طلبہ و طالبات کسی بھی مسلح تنظیموں کا حصہ نہیں تھے، تاہم سیاسی سرگرمیوں میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت ایک اہم تبدیلی تھی۔ یہ کہا جا سکتا ہے کہ موجودہ مسلح تحریک ماضی کی دیگر شورشوں سے اس لحاظ سے مختلف ہے کہ ماضی کی وقتی شورشوں کی قیادت زیادہ تر قبائلی رہنماؤں کے پاس رہی جبکہ دو دہائی سے زائد جاری موجودہ تحریک کی قیادت نسبتاً متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کے پاس ہے۔ اس تحریک کی بنیاد مکران سے شروع ہوئی، جبکہ ماضی کی بعض شورشوں میں مکران کا کردار نسبتاً محدود رہا تھا۔ ڈاکٹر اللہ نذر کی قیادت میں شروع ہونے والی کالعدم بی ایل ایف کے ابتدائی اراکین کا تعلق بھی زیادہ تر مکران سے تھا۔ بعد ازاں کہا جاتا ہے کہ ان کے درمیان اختلافات اس بنیاد پر پیدا ہوئے کہ تنظیم نے مخبری کے الزامات کے تحت سیاسی کارکنوں اور عام شہریوں کو نشانہ بنانا شروع کیا۔ اس کے نتیجے میں عوامی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا اور تنظیم پر دباؤ بڑھنے لگا۔ ابتدائی طور پر ان رہنماؤں نے اپنا ایک الگ محاذ قائم کیا، تاہم 2014 اور 2015 کے دوران کالعدم بی ایل ایف کے بعض اہم بانی رہنماؤں نے علیحدگی اختیار کرکے رضاکارانہ طور پر ہتھیار ڈال دیے اور ری انٹیگریٹ ہوئے۔ اس وقت بھی یہ مؤقف سامنے آیا تھا کہ مخبری کے نام پر بے گناہ لوگوں کو قتل کرنا تنظیم کے بنیادی مقاصد کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ جس طرح آج بعض حلقوں کا خیال ہے کہ بلوچ خواتین کو خودکش حملوں میں شامل کرنا درست نہیں اور یہ بلوچ روایات کے ساتھ ساتھ اسلامی اقدار کے بھی منافی ہے۔ یوں 2013 کے بعد بعض متنازع پالیسیوں کے باعث مکران میں مسلح تنظیموں کی کارروائیاں محدود اور نسبتاً کم ہونے لگیں۔ بشیر زیب کون ہیں؟ بشیر زیب کا تعلق بلوچستان کے ضلع نوشکی سے ہے۔ وہ کوئٹہ کے پولی ٹیکنیک کالج میں زیرِ تعلیم تھے جہاں سے بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن سے وابستہ ہوئے۔ ان کی سربراہی کے دور کے حوالے سے ایک حلقے کا خیال ہے کہ اس وقت طلبہ سیاست میں انتہا پسندی کا رجحان بڑھنے لگا تھا اور ان کا اپنا طرزِ سیاست بھی خاصا سخت گیر تھا۔ بی ایس او کی چیئرمین شپ کے بعد وہ پبلک سطح پر نمایاں نہیں رہے اور بعد میں ان کا نام مسلح کارروائیوں کے حوالے سے سامنے آنے لگا۔ بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق طلبہ سیاست کے ان کے ایک ساتھی کا کہنا تھا: ’بشیر زیب اللہ نذر کے نظریہ سے متاثر تھے اور ان کی بی ایل ایف میں شامل ہونے میں دلچسپی رکھتے تھے جبکہ خاطر خواہ جواب نہ ملنے پر وہ بعد میں کالحدم بی ایل اے میں شامل ہوگئے۔‘ 2028 سے 2026 تک وہ ملکی اور بین الاقوامی میڈیا میں مسلسل خبروں کا موضوع رہے۔ نومبر 2026 کو سوشل میڈیا پر کالعدم بی ایل اے کی سینیئر سپریم کونسل سے منسوب ایک بیان سامنے آیا، جس کے مطابق بشیر زیب کو کمانڈر اِن چیف کے عہدے سے آئینی طریقہ کار کو اختیار کرتے ہوئے قیادت تبدیل ہوگئی ہے تاہم اس بیان میں واضع نہیں تھا کہ نیا سربراہ کون ہوگا۔ تاہم، اس صورت حال میں دو اہم معاملات ایسے ہیں جنہیں ممکنہ طور پر قیادت کی تبدیلی کی وجوہات کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ پہلا معاملہ جنوری 2026 میں ’ھیروف 2‘ کے نام سے ہونے والی مربوط کارروائی کا ہے، جس کے دوران کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 10 سے 11 اضلاع میں بیک وقت مسلح افراد داخل ہوئے تھے۔ رپورٹس کے مطابق سو سے زائد مردوں اور خواتین نے اس کارروائی میں حصہ لیا۔ کسی مسلح تنظیم کے لیے یہ ایک بڑی افرادی قوت تصور کی جاتی ہے۔ دوسرا اہم معاملہ خواتین کو خودکش حملوں میں شامل کرنے کی پالیسی ہے۔ اس صورت حال سے ان بعض خواتین کے خاندان بھی شدید دباؤ اور پریشانی کا شکار ہیں۔ خاص طور پر جب حکومت کی جانب سے ایسے خاندانوں پر دباؤ ڈالا جاتا ہے کہ وہ پریس کانفرنس کرکے اس سے لاتعلقی کا اظہار کریں۔ کسی بھی بلوچ خاندان کے لیے یہ صورت حال یقیناً تکلیف دہ ہوتی ہے۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ جب ’ھیروف 1‘ کی کارروائی ہوئی تو وہ نسبتاً زیادہ مؤثر اور کامیاب تھی۔ اس کے برعکس ’ھیروف 2‘ میں زیادہ افرادی قوت شامل ہونے کے باوجود اہداف نسبتاً محدود رہے اور تنظیم کو افرادی قوت کا زیادہ نقصان اٹھانا پڑا۔ چنانچہ اگر اس نوعیت کے اندرونی طور پر اختلافات کا سبب ہیں یا اگر خواتین کی خودکش حملوں میں شمولیت واقعی اختلاف کا ایک اہم نقطہ ہے تو اب آگے کا لائحہ عمل کیا ہوگا؟ عوامی سطح پر خواتین کی مسلح تنظیموں میں شمولیت اور انہیں خودکش حملوں میں شامل کرنے کے حوالے سے پہلے ہی ایک اختلافی رائے موجود ہے۔ اگر واقعی موجودہ قیادت کو اسی بنیاد پر تبدیل کیا گیا ہے تو اب ایک اہم سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ حالیہ عرصے میں بڑی تعداد میں مسلح تنظیموں میں شامل ہونے والی خواتین کا مستقبل کیا ہوگا؟ ان خواتین کی درست تعداد یا سرکاری اعدادوشمار دستیاب نہیں لیکن سوشل میڈیا پر وقتاً فوقتاً ایسی خواتین کی مسلح تنظیموں میں شمولیت کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں، تاہم ان کے بارے میں تاحال کوئی مصدقہ معلومات دستیاب نہیں ہیں۔ اگر اختلافات کی بنیاد خواتین کی مسلح جدوجہد میں شمولیت ہے تو اب کیا ہوگا؟ یہ سمجھنا ضروری ہے کہ اس نوعیت کی تنظیموں میں قیادت کی تبدیلی کوئی نئی بات نہیں۔ اختلافات بھی ایک فطری تنظیمی عمل ہے، جو ماضی میں بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ مثال کے طور پر مکران سے تعلق رکھنے والے کالعدم بی ایل ایف کے بعض بانی رہنماؤں نے قیادت کی پالیسیوں سے اختلافات کے بعد اپنا الگ گروپ تشکیل دیا، تاہم بعد ازاں ان افراد نے غیرمسلح ہونے کا راستہ اختیار کیا اور معمول کی زندگی گزارنے لگے۔ تاہم، اگر اس پریس ریلیز اور اس کے بعد سامنے آنے والی صورت حال کا تجزیہ کیا جائے تو بظاہر معاملہ اتنا سادہ نہیں لگتا۔ کچھ نہ کچھ ایسا ضرور ہے جس کی وجہ سے ایک ایسے وقت میں قیادت کی تبدیلی کی خبریں سامنے آئی ہیں جب یہ سمجھا جاتا رہا ہے کہ بشیر زیب نے اسلم بلوچ کی لیگیسی کو آگے بڑھاتے ہوئے کالعدم بی ایل اے کو ایک نئی سمت دی۔ اب یہاں ایک اہم سوال یہ ہے کہ کیا نئی قیادت خواتین کے استعمال کی پالیسی کو ترک یا کرے گی یا اس میں تبدیلی لاسکتی ہے؟ اگر ایسا ہوتا ہے تو ان خواتین کا مستقبل کیا ہوگا جو پہلے ہی مسلح تنظیموں میں شامل ہوچکی ہیں؟ ان میں سے بعض ایسی ہیں جن کے خاندان باقاعدہ طور پر ان سے لاتعلقی کا اظہار کرچکے ہیں، جبکہ بعض کے بارے میں ان کے خاندانوں اور معاشرے کو بھی مکمل معلومات دستیاب نہیں۔ ایسی خواتین کی معاشرے میں ری انٹیگریٹ اور ری ہیبلی ٹیشن اور سماجی قبولیت ایک بڑا چیلنج ہوگا۔ ان کی بحالی اور معاشرتی زندگی میں واپسی کا طریقہ کیا ہوگا؟ بلوچ معاشرے اس نوعیت کی وابستگی کو ایک بڑا سماجی سٹگما سمجھاتا ہے۔ سوال صرف یہ نہیں کہ یہ خواتین مسلح جدوجہد سے کیسے الگ ہوں گی بلکہ اصل سوال یہ بھی ہے کہ ان کی سماجی بحالی اور معاشرے میں دوبارہ قبولیت ( ری انٹیگریشن) کیسے ممکن بنائی جائے گی؟ بلوچستان کی موجودہ سیاسی قیادت کو اگر بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن (بی ایس او) کی لیگیسی یا تسلسل قرار دیا جائے تو یہ غلط نہیں ہوگا، کیونکہ آج سرداروں کے علاوہ باقی اکثریت کی سیاسی تربیت بی ایس او سے ہوئی ہے اور وہ اسی کی پیداوار ہیں۔ یہاں ایک بات واضح کرنا ضروری ہے کہ جب بی ایس او کی بنیاد رکھی گئی تو یہ ایک ہی تنظیم تھی، لیکن بعد میں سیاسی و تنظیمی اختلافات کے باعث دھڑوں میں تقسیم در تقسیم کا شکار ہوتی گئی۔ کہا جاتا ہے کہ اس کی جتنی بھی تقسیمیں ہوئیں، ان کی بنیاد نظریاتی اختلافات سے زیادہ تنظیمی معاملات اور قیادت کے حوالے سے اختلافات تھے۔ اس وقت گوکہ حکومت کی جانب سے بی ایس او (آزاد) کالعدم ہے جبکہ اس کے دیگر دھڑے، جو مختلف ادوار میں اختلافات کے باعث الگ ہوئے، ان میں ایک دھڑا بی ایس او (پجار) کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس کی سیاسی وابستگی ملک کے پارلیمانی سیاست میں سرگرم سیاسی جماعت نیشنل پارٹی کے ساتھ سمجھی جاتی ہے، جس کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ہیں۔ اسے نیشنل پارٹی کی ذیلی طلبہ تنظیم تصور کیا جاتا ہے۔ اسی طرح بی ایس او کا ایک اور دھڑا بھی ہے جس کی وابستگی بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے ساتھ ہے، جس کی قیادت سردار اختر مینگل کر رہے ہیں۔ بلوچستان میں ایک مضبوط سیاسی جماعت کے نہ ہونے کی بڑی وجوہات میں سے ایک یہ بھی رہی ہے کہ سیاسی جماعتیں اندرونی اختلافات کے باعث بار بار تقسیم در تقسیم کا شکار ہوتی رہی ہیں۔ مسلح تنظیموں کی قیادت میں بھی اختلافات کا امکان موجود ہے۔ تاہم، فی الحال یہ نہیں کہا جا سکتا کہ ان اختلافات کی نوعیت کیا ہے۔ اگر اختلافات کی وجہ سے قیادت کی تبدیلی ہوئی ہے تو یہ بلوچستان کی مسلح جوجہد کے لیے بہت بڑا نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔ قیادت کس کے پاس جائے گی؟ اگر قیادت کی تبدیلی تنظیمی طریقہ کار، باہمی مشورے اور جمہوری طریقہ کار سے ہوئی ہے تو اس کے اثرات تنظیم پر نہ پڑیں لیکن اگر اختلافات کی وجہ سے تبدیلی لائی گئی ہے تو اس بات کا امکان موجود ہے کہ اس پر بہت زیادہ منفی اثرات ہوسکتے ہیں۔ مزید پڑھ اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field) اگر اختلافات موجود ہیں تو ایک بار پھر تقسیم کا خدشہ در پیش ہے۔ اس وقت زیرِ بحث رہنماؤں کے صرف دو نام ہیں: بشیر زیب اور رحمان گل۔ عموماً ایسا ہوتا ہے کہ دونوں اپنی اپنی ضد پر قائم رہتے ہیں۔ باہمی اتفاق کی عدم موجودگی میں آخرکار دونوں کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ نہ آپ اور نہ میں بلکہ کوئی تیسرا بندہ۔ سوال یہ ہے کہ وہ تیسرا بندہ کون ہوسکتا ہے؟ اب تک نئے سربراہ کا اعلان نہ ہونا بھی ایک سوالیہ نشان بن گیا ہے، اگر قیادت جمہوری اور تنظیمی طریقہ کار پر تبدیل ہوئی ہے تو اس میں تاخیر کیوں؟ اس بارے میں صحافی رزاق سربازی نے اپنے ایکس اکاونٹ پر لکھا کہ ’بشیر زیب کی برطرفی کے فیصلے کو بظاہر تنظیم کی کمانڈ کونسل اور اعلیٰ سطح کی نگران تنظیم کی حمایت حاصل تھی۔‘ ان کے بقول اس فیصلے کی ممکنہ وجوہات میں فوجی کارروائیوں کے مطلوبہ نتائج حاصل نہ کر پانا، غیرمنظم اور بڑے پیمانے پر حملوں کے نتیجے میں افرادی قوت کا نقصان، عارضی شہرت کو ترجیح دینا اور تنظیمی مفادات کی بجائے ذاتی تشہیر پر توجہ مرکوز کرنا شامل ہوسکتی ہیں۔ تاہم یہ وجوہات ان کے تجزیے پر مبنی ہیں، جن کی آزادانہ تصدیق ضروری ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ مرید بلوچ، جنہیں رحمان گل کے نام سے بھی شناخت کیا جاتا ہے، بی ایل اے کی ممکنہ نئی قیادت کے امیدوار کے طور پر سامنے آسکتے ہیں۔ ان کے مطابق رحمان گل کا تعلق نوشکی سے ہے اور وہ مبینہ طور پر 2002 سے 2010 تک پاکستانی فوج میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کے فوجی پس منظر، وزیرستان اور لائن آف کنٹرول پر تعیناتیوں اور بعد ازاں بی ایل اے میں شمولیت کو ان کی عسکری شناخت کا اہم حصہ قرار دیا گیا ہے۔ رحمان گل کو کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے اہم کمانڈروں میں شمار کیا جاتا تھا۔ جیمز ٹاؤن فاونڈیشن کی اگست 2025 کی تفصیلی پروفائل کے مطابق وہ بی ایل اے میں دوسرے نمبر کی اہم شخصیت اور اس کی مجید بریگیڈ کے اہم کمانڈر تھے۔ مجید بریگیڈ بی ایل اے کا وہ حصہ ہے جس نے خودکش اور بڑے حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ سربازی کے مطابق رحمان نے تنظیم میں نئے بھرتی ہونے والوں کی تربیت اور مختلف علاقوں میں جنگجوؤں کی قیادت کی ذمہ داریاں بھی انجام دی ہیں۔ یہ ابہام زیادہ دن نہیں چلا سکتا لہذا جلد ہی کسی نئے اعلان کی توقع کی جا سکتی ہے۔ نوٹ: یہ تحریر مصنف کی ذاتی آرا پر مبنی ہے، انڈپینڈنٹ اردو کا اس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ بلوچستان عسکریت پسندی بلوچ لبریشن آرمی رہنما مرید بلوچ، جنہیں رحمان گل کے نام سے بھی شناخت کیا جاتا ہے، بی ایل اے کی ممکنہ نئی قیادت کے امیدوار کے طور پر سامنے آسکتے ہیں۔ گہرام اسلم بلوچ جمعرات, نومبر 12, 2026 – 08: 15 Main image: بلاگ type: news related nodes: بشیر زیب کو بی ایل اے کی سربراہی سے کیوں ہٹایا گیا؟ بلوچستان: ٹرین ہائی جیک کرنے والی تنظیم بی ایل اے کون ہے؟ چین، پاکستان بی ایل اے کو دہشت گرد فہرست میں کیوں نہیں ڈلوا سکے؟ بلوچستان شورش میں خواتین کے کردار کے نفسیاتی محرکات SEO Title: بی ایل اے کا نیا سربراہ کون؟ تاخیر پر اٹھتے سوالات copyright: show related homepage: Hide from Homepage

Read full story on Independent Urdu

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments