امریکی تحویل سے رہائی پانے والے ایرانی آئل ٹینکر لینور ڈوینا کے 22 عملے کے ارکان کراچی پہنچ گئے، جہاں انہیں ایرانی قونصل خانے کے حوالے کر دیا گیا۔ ترکیہ خبر رساں ادارے ’ انادلو ‘ نے ایرانی میڈیا کے حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکی تحویل سے رہائی پانے والے ایرانی آئل ٹینکر لینور ڈوینا کے 22 عملے کے ارکان کو کراچی میں ایران کے قونصل خانے کے نمائندوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی پانیوں میں امریکا کی جانب سے تحویل میں لیے گئے آئل ٹینکر کے ایرانی عملے کی رہائی ایرانی سفارتی کوششوں اور حکومت پاکستان کے سہولت کارانہ کردار کے بعد ممکن ہوئی۔ کراچی پہنچنے پر عملے کے تمام 22 ارکان کو ایرانی قونصل خانے کی تحویل میں دے دیا گیا۔ دوسری جانب نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی تصدیق کی ہے کہ لینور ڈوینا کے 22 ایرانی اہلکار کراچی پہنچ چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایران میں موجود اپنے سفارتی مشنز کے ساتھ قریبی تعاون اور امریکی و ایرانی حکام سے مسلسل رابطوں کے ذریعے ان افراد کی جلد اور محفوظ وطن واپسی کے انتظامات کو حتمی شکل دی۔ اسحاق ڈار نے بتایا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران یہ ایرانی عملے کا چوتھا گروپ ہے، جس کی وطن واپسی میں پاکستان نے سہولت فراہم کی ہے۔ ان کے مطابق اب تک پاکستان اپنی سرزمین کے ذریعے مجموعی طور پر 70 ایرانی شہریوں کی محفوظ وطن واپسی میں مدد کر چکا ہے۔ انہوں نے ایرانی قیادت کی جانب سے پاکستان پر اعتماد کے اظہار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس اعتماد پر ایران کا شکر گزار ہے۔ نائب وزیراعظم نے وزارت خارجہ اور اس کارروائی میں شریک تمام پاکستانی اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت، مربوط رابطہ کاری اور بھرپور کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔



