مشہور یوٹیوبر اور بگ باس او ٹی ٹی کے فاتح ایلوِش یادو نے انٹرنیٹ پر جاری سیاسی طنز کے نئے ٹرینڈ میں حصہ لیتے ہوئے ایک نئی فرضی جماعت ”خرگوش جنتا پارٹی“ متعارف کرادی ہے۔ یہ مہم حال ہی میں انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی کاکروچ جنتا پارٹی کے جواب میں شروع کی گئی ہے، جس نے سوشل میڈیا کے بعد اصل زندگی میں طلبہ کے احتجاجی مظاہروں کی شکل اختیار کر لی تھی۔ اس نئی اور فرضی جماعت بنانے کا اعلان 10 جون کو کیا گیا۔ ایلوش یادو نے اس مزاحیہ مہم کا آغاز چند رنگارنگ پوسٹرز اور خرگوشوں کے گرد گھومتے ہوئے ایک انوکھے منشور کے ذریعے کیا ہے۔ خرگوش جنتا پارٹی کا نعرہ تیز دماغ، لمبے کان اور گاجر کی طاقت سے ترقی ہے، جبکہ اس کے تین نکاتی ایجنڈے میں گاجر کو بنیادی حق قرار دیا گیا ہے، تیز رفتاری کو اپنی پہچان مانا گیا ہے اور خرگوشوں کے اتحاد پر زور دیا گیا ہے۔ اس مزاحیہ مہم کو ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے ایلوش یادو نے اپنے چاہنے والوں کو دہلی کے جنتر منتر پر جمع ہونے کی دعوت دی ہے اور وہاں آنے والے ہر شخص کے لیے مفت گاجر کا وعدہ بھی کیا ہے۔ انہوں نے اس فرضی پارٹی کے لیے ایک الگ سوشل میڈیا اکاؤنٹ بھی بنایا ہے جہاں انہوں نے خود کو پارٹی کا بانی قرار دیا ہے اور مذاق میں خود کو اس پارٹی کا وزیر اعظم بھی کہا ہے۔ پارٹی کے مقاصد میں آزادی اظہار، متوسط طبقے کی حمایت اور قومی فخر کو فروغ دینا شامل بتایا گیا ہے۔ دوسری طرف یہ مہم ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کاکروچ جنتا پارٹی کو انٹرنیٹ پر کافی پزیرائی مل رہی ہے، جو نوجوانوں کا شروع کیا گیا ایک طنزیہ پیج ہے اور اب وہ نیٹ پیپر لیک کے تنازع اور سی بی ایس ای کے معاملات جیسے اہم مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے ایک بڑی تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ انٹرنیٹ کا یہ مذاق اب نوجوانوں کی طرف سے تعلیم اور طرز حکومت کے مسائل کی طرف توجہ دلانے کا ایک ذریعہ بن گیا ہے۔ اس فرضی سیاسی رقابت نے اب سوشل میڈیا پر میمز کی ایک جنگ چھیڑ دی ہے جہاں ایکس اور انسٹاگرام پر دونوں جماعتوں کے حامی لطیفے، میمز، پوسٹرز اور فرضی سیاسی مباحثوں کی بھرمار کر رہے ہیں۔ ایک طرف ایلوش یادو کے مداحوں کی ایک بڑی تعداد اس پورے معاملے کو تفریح اور مزاح کے طور پر دیکھ رہی ہے، وہیں دوسری جانب کچھ حلقوں کا کہنا ہے کہ طلبہ کے سنجیدہ مسائل کو اس طرح میمز میں تبدیل کرنا ان ہزاروں امیدواروں کے مسائل کو کم تر دکھانے کی کوشش ہے جو ان امتحانات سے متاثر ہوئے ہیں۔
ایلوِش یادو نے ‘کاکروچ جنتا پارٹی’ کا مزاق اڑانے کے لیے ‘خرگوش جنتا پارٹی’ لانچ کر دی
RELATED ARTICLES



