پاکستانی اداکارہ اور میزبان کرن خان نے کاروباری شخصیت اور گلوکارہ نازیہ حسن کے سابق شوہر اشتیاق بیگ سے نکاح کرلیا ہے۔ اداکارہ نے ایک خوبصورت پوسٹ کے ذریعے اپنی زندگی کے اس نئے باب کا اعلان کیا اور بتایا کہ انہوں نے اپنی پہلی عمرہ ادائیگی کے ساتھ مکہ مکرمہ میں نکاح بھی کیا۔ نکاح کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں، جن میں دونوں کو مکہ مکرمہ میں دیکھا جاسکتا ہے۔ View this post on Instagram اشتیاق بیگ کی اس سے قبل نازیہ حسن سے شادی ہوئی تھی۔ دونوں کی ازدواجی زندگی بعد میں اختلافات کا شکار ہوئی اور ان کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔ نازیہ حسن کے انتقال کے بعد بھی ان کی سابق ازدواجی زندگی سے متعلق مختلف دعوے اور بیانات سامنے آتے رہے ہیں، جن کا ذکر ماضی میں میڈیا رپورٹس میں کیا جاتا رہا ہے۔ اشتیاق بیگ کی کرن خان سے شادی ان کی تیسری شادی قرار دی جارہی ہے۔ کرن خان طویل عرصے سے شوبز سے وابستہ ہیں اور مختلف مارننگ شوز اور کوکنگ شوز کی میزبانی کر چکی ہیں۔ نرم لہجے، سادہ انداز اور خوش اخلاقی کی وجہ سے انہیں ناظرین میں خاصی مقبولیت حاصل رہی ہے۔ کرن خان کی اس سے قبل بھی ایک شادی ہوئی تھی، تاہم بعد میں ان کی طلاق ہوگئی۔ ان کی پہلی شادی سے ایک بیٹا بھی ہے اور وہ شادی شدہ ہے۔ کرن خان کی شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد شوبز شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ندا یاسر، سعدیہ امام اور اظفر سمیت بعض فنکاروں نے بھی کرن خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے اشتیاق بیگ کی سابقہ شادی اور نازیہ حسن کے ساتھ ان کے تعلق کے حوالے سے تبصرے کیے۔ کچھ صارفین نے نازیہ حسن کے بھائی زوہیب حسن کی جانب سے ماضی میں کیے گئے دعووں کا حوالہ بھی دیا، تاہم یہ تمام باتیں ماضی کے متنازع معاملات سے متعلق ہیں۔
اداکارہ کرن خان اور نازیہ حسن کے سابق شوہر اشتیاق بیگ نے شادی کرلی
RELATED ARTICLES



