پاکستان کے مشہور گلوکار ابرار الحق اور راحت فتح علی خان کا نیا گانا حال ہی میں ریلیز ہوا ہے، جسے سننے والے پہلے پہل دھوکا کھا گئے اور اسے کوئی قومی نغمہ سمجھ بیٹھے۔ اس گانے کے بول اور انداز کچھ ایسے ہیں کہ سننے والے کو اپنے وطن یا فوج کی یاد آ جاتی ہے، لیکن جب ویڈیو میں اداکارہ سونیا حسین نظر آئیں تو لوگوں کو معلوم ہوا کہ یہ ایک محبت بھرا اور ٹریجڈی سونگ ہے۔ جس میں محبوب کی یاد اور جدائی کا ذکر انتہائی سنجیدہ اور جذباتی انداز میں کیا گیا ہے۔ ابرار الحق پاکستانی موسیقی کی دنیا میں ایک بڑا نام ہیں جنہوں نے 1995 میں اپنے پہلے گانے ’بلو‘ سے شہرت حاصل کی تھی۔ وہ کچھ عرصے کے لیے سیاست سے بھی جڑے رہے لیکن اب وہ دوبارہ موسیقی اور فلاحی کاموں میں مصروف ہیں۔ اس بار انہوں نے راحت فتح علی خان کے ساتھ مل کر ’تصویر‘ نام کا گانا بنایا ہے، لیکن اس کی شاعری لوگوں کو کچھ زیادہ پسند نہیں آئی۔ گانے کے بول اور ابرار الحق و راحت فتح علی خان کی آواز کے انداز کی وجہ سے بعض سوشل میڈیا صارفین ابتدا میں یہ سمجھ بیٹھے کہ شاید یہ کوئی قومی نغمہ ہے۔ گانا سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے مختلف تبصرے کیے۔ ایک صارف نے لکھا، ”میں نے ابھی کیا سن لیا؟ آپ کو اپنی پی آرٹیم اور گیت نگار کو تبدیل کرنا چاہیے۔ یہ آپ کا روایتی انداز نہیں ہے، آپ ایک منفرد فنکار ہیں، اپنی خاصیت پر قائم رہیں۔“ ایک مداح نے تبصرہ کیا، ”مجھے لگا یہ قومی گانا ’اے وطن پیارے وطن‘ ہے۔“ ایک اور صارف نے گانے کو مختلف معروف گانوں کا امتزاج قرار دیتے ہوئے لکھا، ”یہ ’میرے محبوب قیامت ہوگی‘ اور ’اے وطن پاک وطن‘ کا مکسچر لگ رہا ہے۔“ کچھ صارفین نے گانے کے انداز پر طنزیہ تبصرے بھی کیے۔ ایک شخص نے لکھا، ”ایسا لگتا ہے جیسے یہ گانا کسی اسکول کی اسمبلی کے لیے بنایا گیا ہو۔“ ایک صارف نے ابرار الحق کی آواز پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے لکھا، ”اب وہ صرف ایسے قومی گانے ہی گا سکتے ہیں، ان کی آواز پہلے جیسی نہیں رہی۔“ کئی صارفین نے رائے دی کہ اس گانے کو سن کر یوں محسوس ہوتا ہے جیسے کوئی نعت پڑھی جا رہی ہو، آپ کو اداس گانے نہیں گانے چاہئیں، آپ پر تو بھنگرا اور مستی والے گانے ہی اچھے لگتے ہیں۔ یوں ابرار الحق اور راحت فتح علی خان کا ’تصویر‘ محبت کے گانے کے طور پر ریلیز ہونے کے باوجود سوشل میڈیا پر اپنے منفرد انداز کی وجہ سے بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ کچھ صارفین نے گانے کو پسند کرنے کے بجائے اس کے انداز کو قومی نغموں سے ملایا، جبکہ بعض نے ابرار الحق کو ان کے روایتی بھنگڑا انداز میں گانے کا مشورہ دیا۔
ابرار الحق کا نیا لو سونگ سوشل میڈیا پر مذاق کا نشانہ بن گیا
RELATED ARTICLES



