فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ نوجوان سوشل میڈیا اور پروپیگنڈے کے اثرات سے بچ کر بامعنی کردار ادا کریں۔ پاکستان کے دورے پر آئے ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ کے وفد نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں علاقائی و عالمی پیش رفت، پاکستان کی سیکیورٹی صورتِ حال اور خطے سمیت دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہارورڈ بزنس اسکول کے وفد میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ شامل تھے۔ ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نوجوانوں میں تعلیم اور مہارتوں کے حصول کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہیں انٹرپرینیورشپ اور حقائق پر مبنی تجزیاتی سوچ اپنانے کی تلقین کی۔ آرمی چیف نے نوجوان نسل کو بدلتی ہوئی دنیا کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملکی ترقی میں اپنا بامعنی کردار ادا کریں۔ انہوں نے نوجوانوں کو سوشل میڈیا اور پروپیگنڈے کے اثرات سے بچنے اور معلومات کا حقائق کی بنیاد پر تجزیہ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے فروغ کے امور بھی زیر بحث آئے۔ ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ نے پاکستان میں اپنے دورے کے شاندار تجربات کو سراہتے ہوئے پاکستانی عوام کی کشادہ دلی اور گرم جوشی کا خصوصی طور پر اعتراف کیا۔ وفد نے پاکستان میں موجود بے پناہ صلاحیتوں اور مواقع کو بھی سراہا۔



