79.8 F
Pakistan
Wednesday, August 26, 2026
HomeLifestyleملک بھر میں عید میلاد النبیصلى الله عليه وسلم آج مذہبی جوش...

ملک بھر میں عید میلاد النبیصلى الله عليه وسلم آج مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے

ملک بھر میں عید میلادالنبی صلى الله عليه وسلم آج مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے، جس کے لیے ملک کے مختلف شہروں میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، شہر شہر جشن کا سماں ہے، گلی گلی سبز پرچم لہرا رہے ہیں، گلیاں، بازار، مساجد اور شاہراہیں سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دی گئی ہیں جب کہ مختلف علاقوں میں محافلِ میلاد، نعتیہ پروگرامز اور جلوسوں کی تیاریاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں۔ حکومت کی جانب سے عید میلادالنبی صلى الله عليه وسلم کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ اس دن کی مناسبت سے سیرت النبی صلى الله عليه وسلم کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز، محافلِ نعت اور دیگر مذہبی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔ عید میلادالنبی صلى الله عليه وسلم کی مناسبت سے آج رات ملک بھر کی مساجد میں محافلِ میلاد اور درود و سلام کا اہتمام کیا جائے گا، جہاں علماء کرام حضرت محمد مصطفیٰ صلى الله عليه وسلم کی سیرتِ طیبہ، تعلیمات اور اسوۂ حسنہ پر روشنی ڈالیں گے۔ جشنِ ولادتِ رسول صلى الله عليه وسلم کی خوشی میں ملک بھر کے گلی محلوں، بازاروں اور مساجد کو سبز جھنڈیوں، رنگ برنگی روشنیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے جب کہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے۔ نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفیٰ صلى الله عليه وسلم کی ولادتِ باسعادت کے 1501 سال کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں چراغاں کیا گیا ہے جب کہ عید میلاد النبی صلى الله عليه وسلم کی مناسبت سے پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت کو سبز رنگ کے برقی قمقموں سے روشن کر دیا گیا ہے، سبز روشنیوں سے سجی خوبصورت عمارت جشنِ ولادتِ رسول اکرم صلى الله عليه وسلم کی مناسبت سے روحانی منظر پیش کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف شہروں کی اہم شاہراہوں، بازاروں اور چوراہوں پر خوبصورت محرابیں اور آرائشی دروازے بھی نصب کیے گئے ہیں۔ عاشقانِ رسول صلى الله عليه وسلم خانہ کعبہ اور مسجد نبوی صلى الله عليه وسلم کے خوبصورت ماڈلز بنا کر اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔ عید میلادالنبی صلى الله عليه وسلم کے موقع پرکراچی، لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں جلوس اور ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔ شرکاء راستے بھر درود و سلام کا ورد کرتے ہوئے نبی کریم صلى الله عليه وسلم سے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کریں گے جب کہ مختلف مقامات پر نیاز اور لنگر کی تقسیم کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ علماء کرام کا کہنا ہے کہ حضرت محمد مصطفیٰ صلى الله عليه وسلم سے محبت اور عقیدت کا حقیقی تقاضا آپ صلى الله عليه وسلم کی سیرتِ طیبہ کو اپنانا ہے۔ ان کے مطابق جشنِ ولادت کے ساتھ ساتھ نبی کریم صلى الله عليه وسلم کی تعلیمات پر عمل اور آپ صلى الله عليه وسلم کے اسوۂ حسنہ کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کا راستہ ہے۔ جشنِ عید میلادالنبی صلى الله عليه وسلم کے موقع پر ملک بھر کی فضا درود و سلام اور عقیدت کے رنگ میں رنگ جائے گی جب کہ عاشقانِ رسول صلى الله عليه وسلم اپنے اپنے انداز میں آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ صلى الله عليه وسلم سے محبت کا اظہار کریں گے۔ عید میلادالنبی صلى الله عليه وسلم کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات دوسری طرف ملک بھر میں عید میلادالنبی صلى الله عليه وسلم کے اجتماعات کے دوران امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے بھی سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ کراچی میں عید میلاد النبی صلى الله عليه وسلم کے موقع پر 12 ربیع الاول کو تین مرکزی جلوس برآمد ہوں گے، جن کے لیے ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان تیار کرلیا ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق جلوس کے دوران ایم اے جناح روڈ عام ٹریفک کے لیے بند رہے گا جب کہ صرف خصوصی پاس رکھنے والی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔ پہلا مرکزی جلوس شہید مسجد کھارادر سے مولانا یعقوب عطاری کی قیادت میں دوپہر ڈھائی بجے برآمد ہوگا۔ نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے بھی دو جلوس برآمد ہوں گے، جن کی قیادت مولانا اکبر درس اور مولانا شاہ عبد الحق قادری کریں گے۔ تینوں مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزرتے ہوئے آرام باغ مسجد، گلزار حبیب مسجد اور نشتر پارک پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے، جہاں میلاد النبی صلى الله عليه وسلم کانفرنس بھی منعقد ہوگی۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈائیورژنز پر ٹریفک پولیس اہلکار شہریوں کی رہنمائی کے لیے موجود ہوں گے جب کہ 12 ربیع الاول کے روز شہر میں ہیوی اور کمرشل گاڑیوں کے داخلے پر بھی پابندی ہوگی۔ لاہور میں جشنِ عید میلاد النبی صلى الله عليه وسلم کے موقع پر دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے جب کہ پولیس نے سیکیورٹی کے حوالے سے 12 ضروری ہدایات پر مشتمل مراسلہ بھی جاری کردیا ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق جشنِ عید میلاد النبی صلى الله عليه وسلم کے موقع پر شہر بھر میں 8 ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور افسران سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ پولیس کے مطابق ریلیوں اور جلوسوں کے روٹس پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ شہر بھر میں سرچ اینڈ سویپنگ آپریشنز بھی کیے جائیں گے۔ حساس مقامات اور ٹربل پوائنٹس پر جلوسوں کے منتظمین کے ساتھ مل کر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔ پولیس کے مطابق مساجد اور امام بارگاہوں میں آنے والے افراد کی میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے چیکنگ کی جائے گی۔ جلوسوں کے روٹس پر روف ٹاپ سیکیورٹی بھی تعینات ہوگی، جبکہ جلوس کے آگے اور پیچھے بھی پولیس کی نفری موجود رہے گی۔

Read full story on Aaj

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments