75.1 F
Pakistan
Monday, August 24, 2026
HomeCrimeمیر رضا کیس: اہلِ خانہ کی جوڈیشل کمیشن کے بجائے جے آئی...

میر رضا کیس: اہلِ خانہ کی جوڈیشل کمیشن کے بجائے جے آئی ٹی کی تشکیل کے لیے عدالت میں درخواست دائر

کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کی ہلاکت کی تحقیقات کے معاملے پر متوفی کے اہلِ خانہ نے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کی مخالفت کرتے ہوئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی تشکیل کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔ میر رضا کے اہلِ خانہ کے وکیل جبران ناصر نے ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیس میں اب تک ہونے والی پیش رفت اور پولیس کی جانب سے شواہد کے تحفظ سے متعلق اپنے خدشات کا اظہار کیا۔ وکیل جبران ناصر نے کہا کہ پہلے دن سے اس کیس کی تحقیقات میں شدید شکوک و شبہات موجود ہیں، اور جیو فینسنگ کے علاوہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی برآمدگی سے متعلق بھی اہم سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن صرف اپنے حقائق یا فائنڈنگز دے سکتا ہے جس کی ہم حمایت نہیں کر رہے، کیونکہ اصل کام اور چھان بین تفتیشی اداروں کی جانب سے ہونی چاہیے۔ جبران ناصر نے سوال اٹھایا کہ تفتیش کے ابتدائی مرحلے میں اہم شواہد کیوں ضائع ہوئے اور اس غفلت میں ملوث حکام کے خلاف کوئی کارروائی کیوں نہیں کی گئی۔ جبران ناصر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لیے ہائی کورٹ کے جج کو نامزد کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے، اس کی سرکاری کاپی ابھی تک متاثرہ فیملی کو فراہم نہیں کی گئی۔ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ کو بھی ایک خط تحریر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق جوڈیشل کمیشن انہی مقدمات میں قائم ہوتا ہے جہاں متعلقہ کمیٹی کی سفارش موجود ہو، اس لیے ہماری استدعا ہے کہ مختلف سیکیورٹی و انٹیلی جنس اداروں کے نمائندوں پر مشتمل ایک بااختیار جے آئی ٹی تشکیل دی جائے۔ انہوں نے تفتیشی عمل پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ تفتیشی افسر میجسٹریٹ کے سامنے پیش تو ہوئے ہیں، لیکن نہ تو انہوں نے کسی ملزم کو نامزد کیا ہے اور نہ ہی فی الحال کسی ضمنی چالان پیش کیے جانے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرانی تفتیشی ٹیم کے خلاف اگر کوئی قانونی یا انتظامی کارروائی کی جا رہی ہے تو اس سے بھی اہلِ خانہ کو آگاہ کیا جائے، کیونکہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ سابق تفتیشی ٹیم سے کوئی پوچھ گچھ کی گئی ہے یا نہیں۔

Read full story on Aaj

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments