معروف انٹرنیٹ شخصیت، سوشل ایکٹوسٹ اور ماہرِ نفسیات ڈاکٹر نبیحہ علی خان نے شوہر حارث کھوکھر سے علیحدگی کے لیے خلع کا راستہ اختیار کر لیا ہے۔ ڈاکٹر نبیحہ نے اپنے وکیل چوہدری مدثر ایڈووکیٹ کے ذریعے فیملی کورٹ میں خلع کی درخواست دائر کی ہے، جبکہ شوہر کو خلع کے کاغذات بھی بھجوا دیے گئے ہیں۔ خلع کی درخواست میں ڈاکٹر نبیحہ علی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے شوہر حارث کھوکھر کا رویہ ان کے ساتھ مناسب نہیں تھا اور انہیں مبینہ طور پر ذہنی اور جسمانی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ درخواست میں شوہر پر تشدد، گالم گلوچ اور نامناسب رویے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر نبیحہ علی نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر خلع کے کاغذات پر دستخط کرنے کی ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں انہوں نے اپنے فیصلے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا، ”میں امید کرتی ہوں کہ دنیا کی کسی بھی خاتون کو شادی کے بعد ایسے حالات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کسی بھی عورت کو ایسا شوہر نہ ملے جو اپنی اہلیہ کے ساتھ اس طرح کا تضحیک آمیز رویہ اختیار کرے۔“ انہوں نے مزید کہا کہ ہر عورت کو عزت، احترام اور ذہنی سکون کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔ درخواست میں ڈاکٹر نبیحہ علی نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے خلع کی ڈگری جاری کرنے کا حکم دیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اب شوہر کے ساتھ مزید بیوی کے رشتے میں رہنے کی خواہش مند نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر نبیحہ علی خان نے گزشتہ سال حارث کھوکھر سے منگنی اور شادی کا اعلان کیا تھا، جس پر ان کے مداحوں نے حیرت کا اظہار بھی کیا تھا۔ تاہم شادی کے چند ماہ بعد ہی دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آنے لگیں۔ بعد ازاں ڈاکٹر نبیحہ نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کی شادی شدید مشکلات کا شکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رشتہ ابھی ختم نہیں ہوا، لیکن حالات ایسے ہو چکے ہیں کہ بات طلاق تک پہنچ سکتی ہے۔ ڈاکٹر نبیحہ کے مطابق انہوں نے شادی کو بچانے کے لیے شوہر کی محبت میں سسرال کی خدمت کی، گھر کی ذمہ داریاں نبھائیں اور اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات بھی کم کر دیں تاکہ ازدواجی زندگی کو وقت دے سکیں۔ تاہم ان کے مطابق تمام کوششوں کے باوجود حالات بہتر نہ ہو سکے۔ انہوں نے اس وقت یہ بھی کہا تھا کہ اگر ان کا گھر ٹوٹا تو اس کی ذمہ داری ان کے شوہر کے گھر والوں پر عائد ہوگی۔ ڈاکٹر نبیحہ کا مؤقف تھا کہ حارث کھوکھر بعض معاملات میں اپنے والدین کے اثر میں آ کر ان کے ساتھ ناروا رویہ اختیار کرتے تھے۔ دوسری جانب اس معاملے پر حارث کھوکھر کی جانب سے تاحال کوئی تفصیلی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ عدالت دونوں فریقین کا مؤقف سننے کے بعد خلع کی درخواست پر مزید کارروائی کرے گی۔
ڈاکٹر نبیحہ علی نے شوہر کو خلع کے کاغذات بھجوا دیے
RELATED ARTICLES



