آبنائے ہرمز میں جمعرات کو ایک جہاز پر ہونے والے حملے کے بعد اقوامِ متحدہ نے پھنسے ہوئے ملاحوں کے انخلا کی کوششیں معطل کر دیں جبکہ امریکہ نے ایران کو اس اہم آبی گزرگاہ سے گزرنے والے جہازوں سے فیس وصول کرنے کے منصوبے کے خلاف خبردار کیا ہے۔ نیویارک ٹائمز اور دیگر امریکی ذرائع ابلاغ نے رپورٹ کیا کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں ایک کنٹینر بردار جہاز کو نشانہ بنایا، جبکہ وہاں جہاز رانی کے ضوابط نافذ کرنے کا دعویٰ کرنے والے ایرانی ادارے خلیج فارس سٹریٹ اتھارٹی نے واقعے کے بعد ایک انتباہ بھی جاری کیا۔ خلیج فارس سٹریٹ اتھارٹی (پی جی ایس اے) نے ایکس پر کہا: ’پی جی ایس اے کی جانب سے مقرر کردہ ضابطوں سے ہٹ کر کسی بھی راستے سے گزرنے والے جہازوں کو محفوظ گزرگاہ کی ضمانت حاصل نہیں ہوگی۔‘ ایران نے جنگ کے دوران آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کر دی تھی، جس سے عالمی معیشت کو شدید دھچکا پہنچا، اور بعد ازاں اس نے اعلان کیا کہ وہ بحری خدمات کے نام پر فیسیں متعارف کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ مزید پڑھ اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field) یہ پیش رفت امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کو پیچیدہ بنا سکتی ہے۔ دونوں ممالک فروری کے آخر میں شروع ہونے والے تنازعے کے خاتمے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد ایک حتمی معاہدے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جمعرات کے حملے کے بعد اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے بین الاقوامی میری ٹائم تنظیم (آئی ایم او) کے سیکریٹری جنرل ارسینیو ڈومنگیز نے اعلان کیا کہ جنگ کے باعث پھنسے ہوئے 600 جہازوں اور ان کے عملے کے انخلا کی کوششیں معطل کر دی گئی ہیں۔ ڈومنگیز نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے انخلا کے منصوبے کو ’اس بات کی دوبارہ تصدیق تک روک دیا ہے کہ ہماری انخلا فہرست میں شامل جہازوں کے لیے ضروری حفاظتی ضمانتیں اب بھی برقرار ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ جمعرات کو نشانہ بننے والا جہاز آئی ایم او کے انخلا کے نظام کے تحت سفر نہیں کر رہا تھا، جس کا آغاز منگل کی شام کیا گیا تھا۔ View this post on Instagram A post shared by Independent Urdu (@indyurdu) برطانوی بحری سکیورٹی ایجنسی یو کے ایم ٹی او نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں موجود مال بردار جہاز ’نامعلوم پروجیکٹائل کے ذریعے دائیں جانب سے نشانہ بنایا گیا، جس سے جہاز کے پل کو نقصان پہنچا،‘ تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ایجنسی کے مطابق یہ واقعہ عمان کے ساحل سے صرف 7. 5 بحری میل (14 کلومیٹر) کے فاصلے پر پیش آیا۔ وائٹ ہاؤس نے کہا کہ وہ ان اطلاعات سے آگاہ ہے اور معاملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ایک امریکی عہدیدار نے کہا: ’صدر ٹرمپ واضح کر چکے ہیں کہ ایران آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادانہ نقل و حرکت کو سبوتاژ نہیں کر سکتا۔‘ گذشتہ ہفتے تہران اور واشنگٹن کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت میں طے پایا تھا کہ آئندہ 60 روز تک تجارتی جہاز بغیر کسی فیس کے آبنائے ہرمز سے گزر سکیں گے، تاہم اس مدت کے بعد کے انتظامات ابھی واضح نہیں ہیں۔ آبنائے ہرمز ایران اور عمان کے درمیان واقع ایک تنگ آبی گزرگاہ ہے جو بحیرۂ عرب اور بحرِ ہند تک رسائی فراہم کرتی ہے، اور خلیجی ممالک سے توانائی کی ترسیل کے لیے ایک انتہائی اہم گزرگاہ سمجھی جاتی ہے۔ اتوار کو سوئٹزرلینڈ میں شروع ہونے والے امریکہ اور ایران کے مذاکرات میں توقع ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام، پابندیوں میں نرمی اور آبنائے ہرمز کے ذریعے عالمی توانائی کی ترسیل پر بات چیت ہوگی، جہاں ایران ماضی میں کئی مرتبہ شہری جہازوں کو نشانہ بنا چکا ہے۔ تاہم خلیجی ممالک اور اسرائیل کو خطے میں ایران کے حمایت یافتہ گروہوں اور اس کے میزائل پروگرام پر بھی طویل عرصے سے تحفظات ہیں اور یہ ابھی واضح نہیں کہ آیا ان موضوعات پر بھی مذاکرات ہوں گے یا نہیں۔ خلیجی وزرائے خارجہ نے اپنے مشترکہ بیان میں زور دیا کہ آبنائے ہرمز میں ’آزاد، غیر مشروط اور بلا رکاوٹ جہاز رانی‘ خطے کے لیے ناگزیر ہے۔ دوسری جانب عمان نے بدھ کو اپنی ساحلی حدود کے قریب ایک عارضی بحری راستے کا نقشہ جاری کیا، جس کے بارے میں کہا گیا کہ یہ راستہ آئی ایم او کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔ بعد ازاں ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے ایک بیان میں اس نئے راستے پر تنقید کی، تاہم اس میں عمان کا نام نہیں لیا گیا۔ آبنائے ہرمز ایران امریکہ اقوام متحدہ آبنائے ہرمز میں جمعرات کو ایک جہاز پر ہونے والے حملے کے بعد اقوامِ متحدہ نے پھنسے ہوئے ملاحوں کے انخلا کی کوششیں معطل کر دیں۔ اے ایف پی جمعہ, جون 26, 2026 – 07: 30 Main image:
ایران کی خبر رساں ایجنسی آئی ایس این اے سے حاصل کی گئی اس تصویر میں، جو 2 مئی 2026 کو لی گئی، گیمبیا کے پرچم بردار آئل ٹینکربیلی کو جنوبی ایران کے شہر بندر عباس کے قریب آبنائے ہرمز میں لنگر انداز دیکھا جا سکتا ہے (اے ایف پی)
دنیا type: news related nodes: کیا آبنائے ہرمز کھلتے ہی سب کچھ فوراً معمول پر آ جائے گا؟ آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے ایران کو ادائیگی پر امریکہ کی وارننگ آبنائے ہرمز میں ٹول ٹیکس نافذ کیا تو ایران سے معاہدہ ممکن نہیں ہوگا: مارکو روبیو ایرانی غیر منجمد اثاثے امریکی زرعی مصنوعات پر خرچ نہیں ہوں گے: باقر قالیباف SEO Title: آبنائے ہرمز میں جہاز پر حملہ، اقوام متحدہ کا ملاحوں کے انخلا کا منصوبہ معطل copyright: show related homepage: Show on Homepage



