ملک کے مختلف حصوں میں جاری شدید گرمی کے دوران عوام کے لیے محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنا دی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج سے 13 جون تک مختلف شہروں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے 13 جون تک موسم میں تبدیلی کا امکان ہے اور کئی شہروں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہو سکتی ہیں۔ پیش گوئی کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں برسات کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام میں لاہور میں بادل برسنے کے امکانات ہیں، اعداد وشمار کے مطابق ہوا کی رفتار 16 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 46 فیصد تک جا پہنچا ہے۔ اس کے علاوہ کرک شہر اور مضافات میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے درجہ حرارت میں کمی آئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، خیبرپختونخوا میں آج سے طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے بالائی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، چترال، دیر، سوات اور ایبٹ آباد میں بھی بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، پشاور، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں اور ڈی آئی خان سمیت دیگر اضلاع میں آندھی اور بارش متوقع ہے۔
شدید گرمی کے ستائے عوام کے لیے خوشخبری، ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کی پیش گوئی
RELATED ARTICLES



