بولی ووڈ اداکارہ سیلینا جیٹلی نے سوشل میڈیا پر ایک انتہائی جذباتی ویڈیو اور پیغام جاری کیا ہے جس نے ان کے مداحوں اور عام لوگوں کو افسردہ کر دیا ہے۔ آسٹریا میں اپنے شوہر پیٹر ہاگ سے طلاق کے مقدمے کے دوران سیلینا نے اپنے دکھ بھری کہانی دنیا کے سامنے رکھتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں اپنے بچوں سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔ سیلینا جیٹلی نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ آسٹریا میں اپنے انتقال کر جانے والے ننھے بیٹے شمشیر کی قبر کی صفائی کر رہی ہیں اور وہاں بیٹھی بری طرح رو رہی ہیں۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو شیئر کرنا ان کے لیے کوئی خوشی کا باعث نہیں تھا بلکہ وہ اپنی تکلیف دنیا کو دکھانا چاہتی تھیں۔ ان کے مطابق، ’میرے پاس اس تباہ کن ویڈیو کو شیئر کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا تاکہ میں دنیا کو ایک ماں کے طور پر اپنا صدمہ دکھا سکوں۔‘ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند ہفتے ان کی زندگی کے مشکل ترین دن تھے کیونکہ وہ طلاق کی سماعت کے لیے آسٹریا میں تھیں۔ اداکارہ نے اپنے پیغام میں سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ان کے بچوں کو ان سے نہیں ملنے دیا جا رہا۔ سیلینا کے مطابق ان کے تینوں بچوں کو کسی نامعلوم جگہ منتقل کر دیا گیا ہے اور ان کا بچوں سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک بار انہیں اپنے مرحوم بیٹے شمسیر سے ملاقات کا موقع ملا، جس کے بعد وہ شدید صدمے سے دوچار ہو گئیں۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ یہ ایک ایسی ماں کی دل دہلا دینے والی کہانی ہے جس نے اپنے بچوں کی خاطر اپنی ہر چیز قربان کر دی۔ اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں اپنی ازدواجی زندگی کے بارے میں بھی تفصیل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے شوہر کے کیرئیر اور خاندان کے لیے انڈیا، دبئی، سنگاپور اور آسٹریا کے درمیان چکر لگاتی رہیں۔ ان کے مطابق وہ ہمیشہ اپنے شوہر کے خوابوں اور کیریئر کے ساتھ کھڑی رہیں اور بچوں کی پرورش اکیلے سنبھالی۔ لیکن اس قربانی کے باوجود انہیں مشکلات اور مبینہ طور پر تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔ View this post on Instagram سیلینا جیٹلی نے اپنے درد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اس امید میں سب کچھ کیا کہ میرے بچوں کا مستقبل اچھا ہو لیکن آج مجھے ان سے بات تک نہیں کرنے دی جا رہی۔ اداکارہ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان کے بچوں کا ذہن ان کے خلاف کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور انہیں ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے بچوں کو ان کے خلاف بیانات دینے پر مجبور کیا جا رہا ہے اور ان کے مطابق یہ سب ایک ماں اور بچوں کے درمیان رابطہ توڑنے کی کوشش ہے۔ سیلینا جیٹلی نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ وہ ہمیشہ بچوں کی بھلائی کو ترجیح دیتے ہوئے باہمی رضامندی سے علیحدگی چاہتی تھیں، لیکن ان کی ہر کوشش کو ان کی ذاتی جائیداد اور مالی معاملات سے متعلق سخت مطالبات کے ساتھ رد کر دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ جس دن ان کی شادی کی پندرہویں سالگرہ تھی، اسی دن انہیں طلاق کا نوٹس تھما دیا گیا۔ سیلینا کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت شدید صدمے میں ہیں کیونکہ و اور ان کے پاس صرف ان کے وفات پانے والے بیٹے کی قبر ہی رہ گئی ہے جہاں وہ اپنا دکھ بانٹنے جاتی ہیں۔
بھارتی اداکارہ سیلینا جیٹلی بیٹے کی قبر صاف کرتے ہوئے رو پڑیں
RELATED ARTICLES



