65.6 F
Pakistan
Saturday, April 18, 2026
HomeLifestyleمعین علی نے آئی پی ایل چھوڑ کر پی ایس ایل کیوں...

معین علی نے آئی پی ایل چھوڑ کر پی ایس ایل کیوں کھیلا؟

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے شیڈول میں تصادم نے ایک بار پھر غیر ملکی کرکٹرز کو مشکل انتخاب پر مجبور کر دیا ہے، جہاں اکثر کھلاڑی ایک ہی ٹی ٹوئنٹی لیگ کا انتخاب کرتے ہیں۔ ایسی ہی ایک مثال سابق انگلش آل راؤنڈر معین علی کی ہے، جنہوں نے اس بار آئی پی ایل کو نظر انداز کرتے ہوئے پی ایس ایل میں شرکت کو ترجیح دی۔ 38 سالہ کھلاڑی جو گزشتہ سیزن میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کر چکے ہیں، نے اس فیصلے کے حوالے سے جاری قیاس آرائیوں پر خاموشی توڑ دی ہے۔ معین علی نے ایک چینل کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس فیصلے کے پیچھے کئی عوامل کارفرما ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اب 38 برس کا ہوں اور اب بھی کھیلنا اور اچھی کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں تاکہ اپنے کیریئر کو مزید طول دے سکوں۔ کراچی آنا میرے فیصلے میں ایک بڑا عنصر تھا۔ پی ایس ایل ایک مختصر ٹورنامنٹ ہے جو میرے اور میرے خاندان کے لیے زیادہ موزوں ہے۔ واضح رہے کہ آئی پی ایل 2025 میں معین علی کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 2 کروڑ روپے میں خریدا تھا، تاہم وہ صرف 6 میچز کھیل سکے اور محض 5 رنز بنا پائے۔ معین علی کے مطابق گزشتہ سیزن میں محدود مواقع اور طویل دورانیے نے بھی انہیں اس بار آئی پی ایل سے دور رہنے پر مجبور کیا۔ سابق انگلش کرکٹر کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس میں نے آئی پی ایل میں صرف آدھے میچز کھیلے اور مجھے صرف دو بار بیٹنگ کا موقع ملا۔ اپنے کیریئر کے اس مرحلے پر میں میدان میں رہنا چاہتا ہوں اور بیٹنگ کرنا چاہتا ہوں۔ مجھے لگتا ہے کہ میں کیریئر کے آخری حصے میں اچھا کرکٹ کھیل رہا ہوں اور میں اسے جاری رکھنا چاہتا ہوں۔ معین علی نے مزید کہا کہ کسی بھی ٹیم میں جگہ کی ضمانت نہیں ہوتی، تاہم ان کی خواہش ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ کرکٹ سے لطف اندوز ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ سے پی ایس ایل کا تجربہ کرنا چاہتا تھا، لیکن بدقسمتی سے اس کا شیڈول آئی پی ایل سے ٹکرا جاتا ہے۔ معین علی پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی نمائندگی کر رہے ہیں، جہاں انہیں سالانہ 2 کروڑ 14 لاکھ روپے معاوضہ مل رہا ہے۔

Read full story on Aaj

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments