پاکستان کی نیشنل سائبر کرائم ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے جمعے کو بتایا ہے کہ غیر قانونی آن لائن جوئے سے منسلک تقریباً 250 ارب روپے (90 کروڑ 40 لاکھ ڈالر) کے مشتبہ لین دین کی تحقیقات جاری ہیں۔ یہ کارروائی ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے، جب ایک مالیاتی الرٹ نے تفتیش کاروں کو درجنوں ایسے بینک اکاؤنٹس تک پہنچایا، جو مبینہ طور پر جوئے کی شرطوں کی ادائیگی کے لیے استعمال ہو رہے تھے۔ انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں۔ عرب نیوز کے مطابق تین ماہ کی تحقیقات کا آغاز ایک مشتبہ لین دین کی رپورٹ سے ہوا، جس میں چھ ارب 15 کروڑ روپے (دو کروڑ 22 لاکھ ڈالر) کی ایسی مالی سرگرمی کی نشان دہی کی گئی تھی، جو کچھ کھاتہ داروں کے ظاہر کردہ کاروبار سے مطابقت نہیں رکھتی تھی۔ مالی لین دین کا سراغ لگاتے ہوئے تفتیش کاروں نے صوبہ سندھ میں تقریباً 38 ایسے کھاتوں کی نشان دہی کی، جن کا مبینہ طور پر آن لائن سٹے بازی سے تعلق تھا۔ اس مقدمے نے یہ سوال کھڑا کر دیا ہے کہ سٹے بازی کا ایک مبینہ نیٹ ورک پاکستان کے باقاعدہ بینکاری نظام کے ذریعے اربوں روپے کیسے منتقل کرتا رہا؟ اس سے یہ مشکلات بھی سامنے آئی ہیں کہ حکام کے لیے الیکٹرانک ادائیگیوں کا سراغ لگانا اور مشتبہ رقم کہیں اور منتقل ہونے سے پہلے منجمد کرنا کتنا مشکل ہے۔ کراچی میں این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر شہزاد اکبر نے عرب نیوز کو بتایا: ’میں نے 240 ارب روپے کا ذکر کیا تھا، لیکن یہ رقم مسلسل بدل رہی ہے۔ آپ اب مجھ سے پوچھ رہے ہیں تو اس وقت یہ 264 ارب روپے ہے۔ کل تک یہ رقم کچھ اور ہو سکتی ہے۔‘ ان کا مزید کہنا تھا: ’اس لیے میرا مشورہ ہے کہ مجموعی تخمینے کے طور پر یہ رقم تقریباً 250 ارب روپے رکھی جائے۔‘ یہ رقم غیر قانونی سٹے بازی سے حاصل ہونے والی تصدیق شدہ کل آمدن نہیں بلکہ زیر تفتیش کھاتوں میں جمع کروائی گئی رقم کا تخمینہ ہے۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ حتمی رقم کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ ان کھاتوں کے ذریعے کتنی رقم گردش کرتی رہی۔ تفتیش کار اب تک تقریباً ایک ارب روپے (36 لاکھ ڈالر) کی مشتبہ رقم منجمد کر چکے ہیں، 73 لاکھ روپے ( 26 ہزار 400 ڈالر) نقد ضبط کی جا چکی ہے اور پانچ ملزم گرفتار ہیں۔ گرفتار ہونے والے تمام افراد ان کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹیو یا ڈائریکٹر ہیں، جو مبینہ طور پر اس کارروائی میں ملوث تھیں۔ مقدمے میں مجموعی طور پر 40 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ شہزاد اکبر کے مطابق ملزموں نے مبینہ طور پر زراعت، دودھ کی مصنوعات اور ویب ڈیزائننگ جیسے کاروباروں کے لیے رجسٹرڈ کھاتوں کو ایسے لین دین کے لیے استعمال کیا، جن کا ان کے ظاہر کردہ کاروبار سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ ایک معاملے میں تفتیش کاروں نے صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں ایک شخص کے تین کمرشل بینک کھاتوں میں جمع ہونے والے تقریباً دو ارب روپے ( 72 لاکھ ڈالر) کا سراغ لگایا۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ اس شخص نے مبینہ طور پر ماہانہ 20 ہزار روپے (72 ڈالر) کے عوض دوسرے لوگوں کو اپنے کھاتے چلانے کی اجازت دے رکھی تھی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کس طرح لوگوں کو ایسے لین دین کے لیے بینکاری ذرائع تک رسائی فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، جو ان کی ظاہری کاروباری سرگرمی سے کہیں زیادہ بڑے ہوں۔ تفتیش کار اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا ایسے کھاتے کھولنے اور چلانے میں بینک عہدے دار ملوث تھے۔ شہزاد اکبر کے بقول: ’ہم ہر شخص کو اس کے ملوث ہونے کی سطح کے مطابق تحقیقات کے دائرے میں لائیں گے۔‘ انہوں نے کہا کہ ایجنسی کی توجہ صرف ان افراد پر نہیں، جن کے نام پر کھاتے تھے بلکہ ان لوگوں پر بھی ہے، جن کے بارے میں خیال ہے کہ وہ اس کارروائی کو کنٹرول کرتے اور اس سے منافع کماتے تھے۔ پاکستان میں 1977 کے قانون کے تحت جوا ممنوع ہے، جب کہ سندھ نے اگلے سال اس کی ممانعت کے لیے اپنا قانون متعارف کروایا تھا، تاہم آن لائن سٹے بازی میں اضافے نے قانون کے نفاذ کے لیے نئے مسائل پیدا کر دیے ہیں۔ صارفین ڈیجیٹل ایپلی کیشنز کے ذریعے شرط لگاتے ہیں جبکہ ادائیگیوں کا عمل الیکٹرانک مالی ذرائع سے مکمل کیا جاتا ہے۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ مشتبہ نیٹ ورک ’ون ایکس بیٹ‘، ’میل بیٹ‘ اور ’ایکس 777‘ سمیت سٹے بازی کی ایپلی کیشنز استعمال کرنے والوں سے ڈیجیٹل والیٹس اور دوسرے الیکٹرانک ذرائع کے ذریعے رقم وصول کرتا تھا۔ اس کے بعد یہ رقم مبینہ طور پر ادائیگیوں میں واسطے کا کردار ادا کرنے والوں، تاجروں کے ساتھ انتظامات اور کمرشل بینک کھاتوں کے ذریعے منتقل کی جاتی تھی۔ لین دین مکمل کرنے کے عوض مختلف افراد کو کمیشن دیا جاتا تھا۔ مزید پڑھ اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field) شہزاد اکبر کے مطابق ادائیگی کے ذرائع کو تقریباً 1. 3 فیصد، تاجروں کو 1. 5 فیصد اور کھاتوں کا انتظام کرنے والوں کو 2 فیصد ملتا تھا جبکہ درمیان میں کام کرنے والی کمپنیاں مجموعی طور پر لین دین کی رقم کا اندازاً پانچ سے سات فیصد اپنے پاس رکھتی تھیں۔ تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ تقریباً 60 سے 65 فیصد رقم دوبارہ سٹے بازی میں لگائی جاتی تھی جبکہ ایک اور حصہ مبینہ طور پر ایپلی کیشنز تیار اور چلانے والوں کو جاتا تھا۔ یہ اعداد و شمار ایجنسی کے ابتدائی جائزے کا حصہ ہیں۔ شہزاد اکبر نے الزام عائد کیا کہ کئی سٹے بازی کی ایپلی کیشنز بنانے اور چلانے میں چینی ڈولپرز ملوث تھے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ مقدمے میں ایک چینی شہری کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ این سی سی آئی اے نے یہ نہیں بتایا کہ کتنی رقم، اگر کوئی رقم منتقل ہوئی، بیرون ملک بھیجی گئی اور نہ ہی بیرون ملک کسی وصول کنندہ کی نشان دہی کی ہے۔ شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ بڑے نیٹ ورک کی مالی سرگرمیاں بالآخر ایک کھرب روپے (3 ارب 60 کروڑ ڈالر) تک پہنچ سکتی ہیں، تاہم ایجنسی نے ابھی حتمی حساب پیش نہیں کیا اور نہ ہی یہ بتایا ہے کہ یہ اندازہ کس مدت کے لیے لگایا گیا ہے۔ تحقیقات سے وہ رکاوٹیں بھی سامنے آئی ہیں جنہیں شہزاد اکبر نے مشتبہ لین دین روکنے کے طریقہ کار میں حائل رکاوٹیں قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات تفتیش کاروں کو مشتبہ کھاتے منجمد کرنے سے پہلے عدالت یا کسی دوسرے ادارے سے اجازت لینا پڑتی ہے۔ اس سے تاخیر ہوتی ہے اور اس دوران رقم کہیں اور منتقل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا: ’ہمارا تمام کام آن لائن لین دین سے متعلق ہے۔ رقم صرف ایک کلک سے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہو سکتی ہے۔‘ شہزاد اکبر نے کہا کہ این سی سی آئی اے کے مقامی دفاتر نے تجویز دی ہے کہ سائبر ذرائع سے کیے جانے والے مشتبہ مالی جرائم کے خلاف فوری کارروائی کے لیے ایجنسی کو مزید اختیارات دیے جائیں۔ تحقیقات جاری ہیں اور حکام مالی ریکارڈ، کھاتہ داروں اور ادائیگیوں میں واسطے کا کردار ادا کرنے والوں، بینک عہدے داروں کی ممکنہ شمولیت اور بیرون ملک کام کرنے والوں سے روابط کا جائزہ لے رہے ہیں۔ سائبر کرائم سائبر ہراسانی جوا کراچی این سی سی آئی اے کے اعلیٰ عہدے دار کے مطابق ملزمان نے زراعت، دودھ کی مصنوعات اور ویب ڈیزائننگ جیسے کاروبار کے لیے رجسٹرڈ کھاتوں کو لین دین کے لیے استعمال کیا۔ عرب نیوز ہفتہ, نومبر 21, 2026 – 08: 45 Main image: پاکستان type: news related nodes: چھ ماہ میں 70 ہزار شکایات موصول ہوئیں: سائبر کرائم ایجنسی نیشنل سائبر کرائم ایجنسی: نیا ادارہ بنانے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ پنجاب کا اپنا سائبر کرائم ونگ بنانے پر غور: کیا یہ ممکن ہے؟ سائبر کرائمز سے خود کو کیسے محفوظ رکھیں؟ SEO Title: ملک میں 250 ارب روپے کے مشتبہ آن لائن جوئے کی تحقیقات جاری: حکام copyright: show related homepage: Hide from Homepage
ملک میں 250 ارب روپے کے مشتبہ آن لائن جوئے کی تحقیقات جاری: حکام
RELATED ARTICLES



