ہماری بلی ’ڈیو‘ اب چار سال کی ہو جائے گی۔ اس کو گھر لانے کا معاملہ بھی دلچسپ ہے، بچوں کو بلی رکھنی تھی اور پچھلے گمشدہ بلے ’پانڈہ‘ کی یاد تو مجھے بھی ستاتی تھی سو ایک واٹس ایپ گروپ پہ کسی مقامی یونیورسٹی کی طالبہ نے چند ہفتوں کے ایک بلی کے بچے کی تصویر ڈالی اور ایڈاپشن کی اپیل کی، میں نے رابطہ کیا ور اس طالبہ نے پہلی شرط یہ رکھی کہ وہ ہمارا گھر وزٹ کرے گی اور اگر اسے ہم جانور دوست لگے، تبھی حوالے کریں گی۔ میں نے بلا جھجک مان لیا۔ وہ آئیں، انہوں نے ہمیں پسند کیا اور ’ڈیو‘ ہماری زندگی میں آ گئی۔ ہم چاروں اس سے ایسے پیار کرتے ہیں، جیسے وہ گھر کا فرد ہو۔ اس کو باقاعدہ حفاظتی ٹیکے لگتے ہیں، اس کے برتن دن میں دو بار دھلتے ہیں، اس کا ’لٹر‘ صاف ہوتا ہے، وہ ڈرائی فوڈ کھاتی ہے اور منرل واٹر پیتی ہے۔ ہم گھر سے اگر ایک دن بھی باہر ہوں تو ایک دوست پڑوسی کو اس کے کھانے اور پانی کی ذمہ داری دے کر جاتے ہیں، جو وہ ہمارے ہی گھر پابندی سے جا کر نبھاتے ہیں۔ ڈیو سے ہم نے مگر ’ماں‘ بننے کا حق چھین لیا ہے اور اس کی سرجری کروا دی۔ ہمارے گھر میں باغیچہ نہیں، اس لیے وہ متلاشی نظروں سے روز ہی باہر نکلنے کی کھوج میں رہتی ہے۔ جانوروں کے حقوق ہیں کیا؟ اس معاملے میں ہمارا معاشرہ قدرے نابلد ہی رہا ہے۔ موجودہ سال موسم بہار کے سیمسٹر کے دوران لاہور کے کنیئرڈ لا سکول میں ’جانوروں سے متعلق قوانین‘ کا پہلا کورس متعارف کروایا گیا، اس انوکھے کورس سے منسلک پروفیسر التمش سعید سے جب انڈپیندنٹ اردو نے رابطہ کیا تو پہلا سوال یہی پوچھا کہ ہمیں اس کورس کی آؤٹ لائن سے آگاہ کریں۔ پروفیسر التمش نے بتایا: ’میں نے جنوری سے جون کے دوران کنیئرڈ کالج کے نادرہ حسن لا ڈپارٹمنٹ کے فائنل کے طلبہ کو جانوروں کے حقوق اور قانون کا کورس پڑھایا۔ یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا کورس تھا۔ اسی دوران میں نے فوووڈ لیگل سسٹم بھی پڑھایا اور یہ بھی ملک میں پہلی بار پڑھایا گیا۔ یہ بھی بتاتا چلوں کہ یہ دونوں کورس ’ملٹی سپیشیز یا کثیرالانوع‘ کے قوانین کے ضمرے میں آتے ہیں۔ جو انسان، جانوروں اور پیڑ پودوں کی فلاح کو اکھٹا تسلیم کرتے ہیں۔ ایسا نہیں ہو سکتا کہ قانون ایک کے لیے ہو اور بقایا نظر انداز کر دیے جائیں۔‘ جانوروں کے حقوق سے متعلق اس کورس کو ’قرآن اور سنت‘ کی روشنی میں ترتیب دیا گیا ہے۔ اس کو تفصیلی طور پہ جانچا، پرکھا اور یہ دیکھا گیا کہ قرآن اور سنت جانوروں کے حقوق سے متعلق کیا احکامات رکھتے ہیں اور کیا درست ہے۔ اسی کورس کی تیاری میں پاکستانی قوانین کو بھی ملحوظ رکھا گیا ہے۔ جس میں ’دی پریوینشن ٹو اینیمل کروئیلٹی کا قانون 1890، صوبائی جنگلی حیاتیات کا قانون اور ساتھ جانوروں کے مذباح اورصحت‘ کے قوانین بھی شامل ہیں۔‘ اس کورس کے دوران طلبہ کو مشہور مقدمات کو بھی پڑھنے کا موقع ملا، جس میں ’کوان‘ ہاتھی کا مقدمہ بھی شامل تھا۔ ان مقدمات کا انڈیا، یورپی یونین اور امریکی جانوروں سے متعلق قوانین اور فیصلوں سے موازنہ کرنا بھی شامل کیا گیا تھا۔ اسی کورس کو جانوروں کے ماہرین اور معالج ایک خوش آئند قدم قرار دے رہے ہیں، کیونکہ ہمارا معاشرہ توہمات سے بھی لیس ہے۔ ایسے میں بے زبانوں کے لیے باقاعدہ قوانین کا اطلاق ضرروی تھا۔ مزید پڑھ اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field) ’کالی بلی راستہ کاٹ جائے تو نحوست، کتا نجس اور چڑیا کی بیٹ اچھا شگون مانا جاتا ہے۔‘ صدقہ دیا جائے تو کالے بکرے یا کالی مرغی کا، ہم بحیثیت معاشرہ شاید بس اتنے ہی قوانین طے کر پائے ہیں۔ یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان میں جانوروں کی حفاظت سے متعلق قوانین تو موجود ہیں لیکن اب وہ فرسودہ ہو چکے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ قوانین پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں بھاری جرمانہ عائد کیا جائے۔ پبلک پرائیوٹ اشتراک سے ایسے ادارے قائم کیے جائیں جو جانوروں کی بقا اور فلاح کے لیے ملک بھر میں فعال ہوں۔ جانوروں کے قوانین سے متعلق یہ متعارف کروایا گیا کورس طلبہ میں بھی دلچسپی کا باعث رہا اور انہوں نے اس موضوع سے جڑے ملکی اور غیر ملکی مقدمات اور ان کے اطلاق کو زیر غور رکھا۔ انڈپینڈنٹ اردو نے اس کورس سے جڑے کچھ طلبہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاکہ ان کا نکتہ نظر اور دلچسپی جانی جا سکے، لیکن ہم صرف ایک طالبہ سے بات کرنے میں کامیاب ہو سکے، کینیئرڈ لا سکول کی طالبہ اینا کے بقول ’پہلے تو اس کورس کے بارے میں ہم سب تھوڑے سوچ ہی میں پڑ گئے کہ پاکستان میں جانوروں کے قانون مضمون بھی پڑھایا جا سکتا ہے، لیکن کورس کے اختتام پر ہماری سوچ یکسر بدل چکی تھی اور اس کا کریڈٹ سر التمش کو جاتا ہے۔‘ انہوں نے مزید کہا: ’جس طرح انہوں نے ہمیں اس کورس اور اس کی مختلف باریکیوں اور زاویوں سے روشناس کرایا، ہم نے پی پی سی بھی پڑھا اور اندازہ ہوا کہ اس ضمن کیا کچھ کمی اور فرسودگی ہے اور اسے کس طرح وقت کے مطابق اور بہتر بنایا جا سکتا ہے جبکہ لوگوں کا جانوروں سے متعلق سوچنے کا طریقہ بھی ظالمانہ سا ہے۔ سبھی کو ترجیح اور توجہ کی ضرورت ہے۔‘ اسی کورس کے دوران طلبہ کو اسلامی نکتہ نگاہ سے بھی جانوروں کے حقوق کو پرکھنے اور سمجھنے کا موقع مل سکا۔ بدقسمتی سے ہم اس ملک کے شہری ہیں جہاں انسانوں کو بھی انصاف ملنا محال دکھائی دیتا ہے۔ سوچ اور نظریات کو بے زبانوں کے نظر سے سمجھنے کی ضرورت ہے۔ کئی دہائیوں سے ملک سے باہر مقیم اور اینیمل ریکیوئر مسز عباسی مانتی ہیں کہ ’جانوروں کی فلاح اور بقا کے لیے ہیلپ لائن ہونی چاہیے اور پالتو جانوروں کے مالکان کے لیے بھی قانون سازی کی جانی چاہیے۔ جہاں تک سڑکوں پہ پھرتے فالتو، کتے بلی، گائے بھینسوں اور گدھوں کا تعلق ہے تو ان کے لیے بھی طبی ضروریات کو ملحوظ رکھنا چاہیے، ان کو زہر دے کر مار دینا ان کی تعداد کو کم کرنے کا موثر طریقہ نہیں ہے۔‘ ساری ترجیحات اپنی جگہ، پاکستان کا قانون جانوروں سے متعلق آج بھی کلونیئل دور کے قوانین پہ عمل پیرا ہے اور اس حساب سے عائد جرمانے بھی واجبی سے ہیں۔ مویشیوں سے متعلق بھی قوانین کو نظرثانی کی ضرورت ہے۔ بقول پروفیسر التمش: ’مویشیوں کی دیکھ بھال اور ان کو پالنے کے لیے کوئی پابند کرنے والا معیار نہیں ہے، کس طرح ان مویشیوں کو ذبح کیا جائے یا ان کی ٹرانسپورٹ کی جائے اور اسی طرح سٹریٹ اینیمل سے متعلق بھی کوئی چارہ جوئی والا اقدام موجود نہیں۔‘ افسوس کہ پاکستان میں ہر سطح پر قوانین کی پابندی کا رحجان بہت کمزور ہے۔ پروفیسر التمش کا ماننا ہے کہ ’ملک میں ان کے سوا جانوروں کے حقوق سے متعلق کوئی ایک بھی تربیت یافتہ وکیل موجود نہیں ہے۔‘ موجودہ حالات میں اس قانون سے منسلک لاہور اور اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشنز نے ’اینیمل لا کمیٹیاں‘ بنا کر اس خلا کو پُر کرنے کی کوشش کی ہے۔ یہ موضوع طویل اور توجہ طلب ہے۔ بے زبانوں کی زبان بننے کی سمت میں کنیئرڈ لا سکول کا یہ کورس ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ویٹرنری ڈاکٹر عمر طیب کے مطابق ضلعی سطح پر اس حوالے سے قوانین اور فنڈز کا بندوبست کیا جانا چاہیے تاکہ شہری کسی بھی جانور کو تکلیف میں دیکھ کر متعلقہ انتیظامیہ سے رابطہ کر سکیں۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ بے زبان جانوروں کے حقوق سے متعلق عوامی تربیت کے چار راستے ہیں جن میں، تعلیم، ایمان، عدالتیں اور میڈیا کا کردار اہم ہیں۔ نوٹ: یہ تحریر بلاگر کی ذاتی آرا پر مبنی ہے، جس سے انڈپینڈنٹ اردو کا متفق ہونا ضروری نہیں۔ جانور حقوق تربیت پالتو جانوروں کے حقوق ہیں کیا؟ اس معاملے میں ہمارا معاشرہ قدرے نابلد ہی رہا ہے۔ موجودہ سال موسم بہار کے سیمسٹر کے دوران لاہور کے کنیئرڈ لا سکول میں ’جانوروں سے متعلق قوانین‘ کا پہلا کورس متعارف کروایا گیا۔ عروج جعفری ہفتہ, نومبر 14, 2026 – 08: 15 Main image: میری کہانی type: news related nodes: پالتو جانور: ’وہ بچے جو کبھی بڑے نہیں ہوتے‘ ڈنمارک چڑیا گھر کی جانوروں کی خوراک کے لیے پالتو جانوروں کے عطیے کی اپیل چین میں پالتو جانوروں کی کلوننگ کی مقبولیت ریاض میں پالتو جانوروں کا پہلا ’فائیو سٹار‘ ہوٹل SEO Title: بے زبانوں کے لیے قوانین اور تربیتی کورس copyright: show related homepage: Hide from Homepage



