71.1 F
Pakistan
Saturday, October 3, 2026
HomeTechnologyاے آئی سے بنی جعلی تصویر نے سنگاپور میں مگرمچھ کی تلاش...

اے آئی سے بنی جعلی تصویر نے سنگاپور میں مگرمچھ کی تلاش شروع کرا دی

اے آئی سے بنائی گئی تصاویر نے جعلی اطلاعات کو پہچاننے کا معاملہ مزید اہم بنا دیا ہے۔ غیر مصدقہ تصویر یا اطلاع پھیلانے کے حقیقی نتائج سامنے آسکتے ہیں اور بعض صورتوں میں اس کے خلاف قانونی کارروائی بھی ہوسکتی ہے۔ سنگاپور کا یہ واقعہ اس کی ایک مثال ہے، جہاں اے آئی سے بنائی گئی مگرمچھ کی جعلی تصویر نے سرکاری اداروں کو اسے حقیقی خطرہ سمجھ کر تلاش آپریشن کرنے پر مجبور کردیا۔ سنگاپور میں 30 سالہ شخص پر پانڈان ریزروائر میں مگرمچھ کی اے آئی سے تیار کردہ جعلی تصویر پھیلانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اے آئی سے بنی تصویر کے نتیجے میں حکام نے علاقے میں مگرمچھ کی تلاش شروع کردی تھی اور ریزروائر میں پانی سے متعلق سرگرمیاں بھی عارضی طور پر معطل کردی گئی تھیں۔ میانمار سے تعلق رکھنے والے یئلن کو منگل 29 ستمبر کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں اس پر دو الزامات عائد کیے گئے۔ ان میں جھوٹا پیغام پہنچانا اور انصاف کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنا شامل ہیں۔ عدالت میں مترجم کے ذریعے بات کرتے ہوئے یئلن نے کہا کہ وہ جرم قبول کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور اپنے مقدمے کے لیے وکیل مقرر نہیں کرے گا۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق یئلن نے 20 اگست کو سہ پہر تقریباً 3 بجے پانڈان ریزروائر میں اے آئی سے تیارکردہ ایک مگرمچھ کی تصویر ایک شخص کو بھیجی، جس کا نام عدالتی دستاویزات میں من من او کے طور پر درج ہے۔ دستاویزات میں دونوں افراد کے تعلق کی وضاحت نہیں کی گئی، تاہم پولیس نے پیر کو جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ یئلن نے یہ تصویر اپنے ایک ساتھی کو بھیجی تھی۔ اگلے روز یئلن نے مبینہ طور پر اپنے موبائل فون سے مگرمچھ کی اے آئی سے تیار کردہ تصاویر اور جیمنی اے آئی ایپ کی لاگ ہسٹری بھی حذف کردی۔ یہی اقدام اس کے خلاف انصاف کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام کی بنیاد بنا ہے۔ یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب قومی پانی کی ایجنسی پی یو بی کو 20 اگست کو اطلاع ملی کہ پانڈان ریزروائر میں ایک مگرمچھ دیکھا گیا ہے۔ پی یو بی نے نیشنل پارکس بورڈ کو اطلاع دی، جس کے بعد دونوں اداروں نے علاقے میں مگرمچھ کی تلاش اور اسے پکڑنے کے لیے کارروائی شروع کردی۔ احتیاطی اقدام کے طور پر سنگاپور روئنگ ایسوسی ایشن اور سنگاپور کینو فیڈریشن کو بھی ریزروائر میں پانی سے متعلق تمام سرگرمیاں معطل کرنے کردی گئیں۔ تاہم 21 اگست کو پی یو بی نے بتایا کہ مگرمچھ کی تصویر جعلی ثابت ہوئی ہے اور اس معاملے پر پولیس میں رپورٹ بھی درج کرادی گئی۔ اس کے بعد ریزروائر میں پانی کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کردی گئیں۔ پولیس نے پیر کو خبردار کیا کہ جھوٹی معلومات پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں کی جائے گی۔ پولیس کے مطابق ایسی جھوٹی اطلاعات عوام میں خوف اور پریشانی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ان واقعات سے نمٹنے کے لیے سرکاری وسائل کے غیر ضروری استعمال کا سبب بھی بنتی ہیں۔ جھوٹا پیغام پہنچانے کے الزام میں یئلن کو زیادہ سے زیادہ تین سال قید، 10 ہزار سنگاپور ڈالر تک جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں۔ جبکہ انصاف کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کے جرم میں اسے زیادہ سے زیادہ سات سال قید، جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں۔ یئلِن کو اس مقدمے میں 10 نومبر کو دوبارہ عدالت میں پیش ہونا ہے۔

Read full story on Aaj

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments