66.8 F
Pakistan
Wednesday, September 30, 2026
HomeEnvironmentمشینی ہتھوڑے سے بھی تیز آواز: دنیا کے دو سب سے زیادہ...

مشینی ہتھوڑے سے بھی تیز آواز: دنیا کے دو سب سے زیادہ شور مچانے والے پرندے دریافت

دنیا کے سب سے زیادہ شور مچانے والے پرندوں کے بارے میں نئی تحقیق نے سائنس دانوں کو بھی حیران کر دیا ہے۔ ماہرین نے دو ایسے پرندوں کی آوازیں ریکارڈ کی ہیں جو 120 ڈیسی بل سے بھی زیادہ بلند ہوتی ہیں۔ ان پرندوں کی آواز کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ یہ تقریباً جیک ہیمر مشین کے شور جتنی بلند ہوتی ہے۔ سی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکا کی یونیورسٹی آف میساچوسٹس ایمہرسٹ کے محققین نے 123 مختلف اقسام کے پرندوں کی آوازوں کا جائزہ لیا۔ یہ تحقیق امریکا اور برازیل میں 2018 سے 2025 کے دوران کی گئی۔ تحقیق میں بیئر تھروٹڈ بیل برڈ اور ریڈ لیگڈ سیریما نامی دو پرندوں کی آواز خاص طور پر بہت زیادہ بلند ریکارڈ ہوئی۔ بیئر تھروٹڈ بیل برڈ کی آواز 122. 4 ڈیسی بل تک پہنچی، جبکہ بعض پیمائشوں میں اس کی آواز تقریباً 131 ڈیسی بل تک بھی ریکارڈ ہوئی۔ دنیا کا سب سے بلند آواز پرندہ کون؟ سائنس دانوں کے مطابق اس سوال کا جواب اس بات پر منحصر ہے کہ آواز کو کس طریقے سے ناپا جائے۔ اگر کسی ایک پرندے کی سب سے بلند آواز دیکھی جائے تو بیئر تھروٹڈ بیل برڈ سب سے آگے ہے۔ لیکن مختلف پرندوں کی بلند ترین آوازوں کا اوسط نکالا جائے تو ریڈ لیگڈ سیریما بھی انتہائی بلند آواز والے پرندوں میں شامل ہے۔ اس سے پہلے 2019 میں وائٹ بیل برڈ کو دنیا کا سب سے بلند آواز والا پرندہ قرار دیا گیا تھا۔ اس کی آواز تقریباً 125 ڈیسی بل تک ریکارڈ ہوئی تھی اور اسے گنیز ورلڈ ریکارڈز میں بھی شامل کیا گیا تھا۔ محققین کے مطابق جنگل میں پرندوں کی آواز کی شدت معلوم کرنا آسان کام نہیں کیونکہ اس کے لیے پرندے اور ریکارڈنگ کے آلے کے درمیان درست فاصلے کا معلوم ہونا ضروری ہے۔ کئی مرتبہ پرندے کی آواز تو سنائی دیتی ہے لیکن وہ نظر نہیں آتا، جبکہ قریب جانے پر وہ اڑ جاتا ہے یا گانا بند کر دیتا ہے۔ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے محققین نے لیزر رینج فائنڈر استعمال کیے، جو عام طور پر گولف میں فاصلے کی پیمائش کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ اس طریقے سے وہ ایک ہی وقت میں پرندے کی آواز کی شدت اور اس سے فاصلے کو ریکارڈ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ پرندوں کی آواز اتنی تیز کیسے ہوتی ہے؟ محققین نے دیکھا کہ عام طور پر بڑے جسم اور چوڑی چونچ والے پرندے زیادہ بلند آواز نکالتے ہیں۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ بڑے پرندوں کے پٹھے زیادہ طاقتور ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ زیادہ طاقت کے ساتھ آواز پیدا کر سکتے ہیں۔ چوڑی چونچ بھی آواز کو زیادہ توانائی کے ساتھ باہر پہنچانے میں مدد دیتی ہے۔ تاہم ماہرین کے لیے یہ بات اب بھی حیران کن ہے کہ بعض پرندے اپنے سے کئی گنا بڑے جانوروں، حتیٰ کہ ہاتھی، شیر اور بائسن سے بھی زیادہ بلند آواز نکال سکتے ہیں۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ پرندوں کی اس غیر معمولی صلاحیت کے پیچھے کوئی اور وجہ بھی ہو سکتی ہے، جسے ابھی مزید تحقیق کے ذریعے سمجھنے کی ضرورت ہے۔

Read full story on Aaj

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments